منگل : یکم ستمبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جیئرڈ کشنر کا متحدہ عرب امارات میں امریکی ایئر بیس کا دورہ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور ان کے سینیئر مشیر جیئرڈ کشنر نے متحدہ عرب امارات میں قائم امریکا کے ایک بڑے فضائی اڈے کا دورہ کیا۔ وہ پیر کو اسرائیل سے پہلی کمرشل پرواز کے ذریعے ابوظہبی پہنچے تھے۔ متحدہ عرب امارات کی طرف سے اسرائیل کو تسلیم کیے جانے کے بعد اسے امریکا سے ایف پینتیس جنگی طیارے اور مزید فوجی ساز و سامان خرید لینے کی توقع ہے۔ اس موقع پر امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر رابرٹ اوبرائن نے کہا کہ عرب امارت اور اسرائیل کے تعلقات قائم ہونے سےسکیورٹی تعاون مزید بڑھے گا۔ تاہم انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی کہ یہ تعاون کس نوعیت کا ہو گا یا کس کے خلاف ہو گا۔

[pullquote]دمشق کے قریب اسرائیلی بمباری میں گیارہ افراد ہلاک[/pullquote]

شامی دارالحکومت دمشق کے جنوب میں اسرائیل کے فضائی حملوں میں گیارہ افراد کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔ برطانیہ میں قائم مانیٹرنگ گروپ ’سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس‘ کے مطابق مرنے والوں میں ایران نواز ملیشیا کے سات غیر مقامی ارکان اور شامی فوج کے تین اہلکار شامل ہیں۔ اس حملے میں ایک خاتون بھی ماری گئی ہیں۔ ان اطلاعات کی غیرجانبدارانہ طور پر تصدیق ممکن نہیں۔ گزشتہ روز شام کی سرکاری نیوز ایجنسی نے اسرائیلی حملے میں دو افراد کی ہلاکت اور سات فوجیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی۔

[pullquote]سعودی شاہی خاندان کے اعلی فوجی کمانڈر برطرف[/pullquote]

سعودی حکومت نے یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف جاری لڑائی میں سعودی افواج کے کمانڈر اور شاہی خاندان کے اہم رکن کو ان کے صاحبزادے سمیت برخاست کر دیا ہے۔ سرکاری میڈیا کے مطابق شہزادہ فہد بن ترکی اور ان کے بیٹے عبدالعزیز بن فہد پر بدعنوانی کے الزامات تھے۔ عبدالعزیز بن فہد الجوف خطے کے نائب امیر تھے۔ یہ برطرفیاں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز کے حکم پر عمل میں آئی ہیں۔ سعودی وزارت دفاع کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شاہی خاندان کے ان دو افراد نے چار افسران کے ساتھ مل کر ‘مشتبہ مالی لین دین‘ کیا تھا، جس کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ سرکار ی میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد کی سفارش پر فہد بن ترکی کے نائب مطلق بن سالم کو اب فوجی اتحاد کا نیا کمانڈر مقرر کردیا گیا ہے۔

[pullquote]روس میں کورونا وائرس کے کیسز اب ایک ملین سے زیادہ[/pullquote]

روسی حکام کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد اب دس لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ تاہم حکومت نے ملک کے بیشتر علاقوں میں لاک ڈاؤن ختم کر دیا ہے۔ امریکا، برازیل اور بھارت کے بعد روس اس وبا سے سب سے متاثرہ چوتھا بڑا ملک ہے۔ روس نے پچھلے ماہ کووڈ انیس کے خلاف پہلی ویکسین کے ٹرائل شروع کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن مغربی ممالک میں ماہرین کو ابھی تک اس ویکسین کی افادیت اور اس کے ممنکہ مضر اثرات پر تحفظات ہیں۔

[pullquote]جرمن معیشت میں بہتری کے آثار[/pullquote]

جرمن معیشت میں کورونا وائرس کے نقصانات سے نکلنے میں توقع سے زیادہ بہتری کے آثار نظر آرہے ہیں۔ اگست کے اعداد و شمار سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ بےروزگاری میں مسلسل دوسرے مہینے بھی کمی ہوئی۔ دارالحکومت برلن میں اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر معیشت پیٹر آلٹمائر نے کہا کہ حکومتی اقدامات مؤثر ہونے کے باعث انہیں پوری امید ہے کہ جرمنی میں دوسری مرتبہ لاک ڈاؤن کی نوبت نہیں آئے گی۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ملکی معشیت کو کورونا کے بحران سے پہلے کی سطح پر بحال کرنے میں مزید دو سال لگ سکتے ہیں۔

[pullquote]بالٹک ممالک نے صدر لوکا شینکو پر پابندی لگا دی[/pullquote]

یورپی یونین میں شامل تین بالٹک ممالک لیتھوینیا، لیٹویا اور اسٹونیا نے پڑوسی ملک بیلاروس کے صدر لوکا شینکو کی طرف سے حالیہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر ان کے خلاف سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ یورپی یونین کے اندر یہ تینوں ممالک صدرلوکا شینکو کی طرف سے انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں اور مظاہرے کچلنے کی کوششوں پر سب سے زیادہ تنقید کرتے رہے ہیں۔ صدر لوکا شینکو کے خلاف نئی پابندیوں کا اطلاق ان کے قریبی 29 دیگر اعلٰی افسران پر بھی ہوگا۔

[pullquote]ٹرمپ پر ’اشتعال‘ پھیلانے کا الزام[/pullquote]

امریکا میں ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ملک میں جاری نسلی ہنگامہ آرائی کو فروع دے رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے پیر کو صحافیوں کے سوالات کے جواب میں اپنے ایک سترہ سالہ حمایتی کی طرف سے دو افراد کو قتل کرنے پر اس کی مذمت کرنے سے گریز کیا اور کہا کہ لوگ اپنے دفاع میں کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ صدر ٹرمپ نسل پرستی کے خلاف احتجاج کرنے والے اکثر افراد کو بائیں بازوں کے سوشلسٹ انقلابی کارکن قرار دیتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ لوگ سابق نائب صدر جو بائیڈن کے حمایتی ہیں، جن کے ساتھ ان کے بقول سختی سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔

[pullquote]لبنان جلد نئی حکومت تشکیل دے، فرانس[/pullquote]

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں بیروت پہنچے ہیں جہاں انہوں نے لبنان پر فوری نئی حکومت تشکیل دینے پر زور دیا ہے۔ بیروت ایئرپورٹ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب جبکہ ملک کے نئے وزیراعظم کی نامزدگی ہوچکی ہے، نئی حکومت کی تشکیل میں دیر نہیں ہونی چاہیے۔ پیر کو جرمنی میں تعینات لبنانی سفیر مصطفی ادیب کو ملک کے نئے وزیر اعظم کے طور پر نامزد کیا گیا تھا۔ فرانس کا لبنان کی داخلی سیاست میں خاصا اثر ہے اور اطلاعات ہیں کہ نئے وزیراعظم کی نامزدگی سے قبل ملک کے مختلف سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا گیا تھا۔

[pullquote]امریکا نے داعش سے متعلق قرارداد ویٹو کر دی[/pullquote]

امریکا نے داعش کے جنگجوؤں کی وطن واپسی کے سوال پر اختلاف کرتے ہوئے سلامتی کونسل کی ایک قرارداد ویٹو کر دی ہے۔ اس قرارداد کو امریکا کے سوا سلامتی کونسل کے باقی تمام ارکان نے منظور کرلیا تھا۔ قرارداد کا مقصد دہشت گردی میں ملوث افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کر کے، ان کی بحالی اور ان کو از سر نو آباد کرنا تھا۔ تاہم امریکا کا سب سے بڑا اعتراض یہ تھا کہ اس قرارداد میں داعش کی سرگرمیوں میں شامل مختلف ممالک کے شہریوں کو ان کے وطن واپسی بھیجنے کے حوالے سے کچھ نہیں تھا۔ برطانیہ اور فرانس جیسے ممالک کا موقف رہا ہے کہ داعش میں شامل ہو جانے والے ان کے شہریوں کو وطن واپس لانے کی بجائے ان پر شام اور عراق جیسے ملکوں میں ہی مقدمات چلائے جائیں جہاں وہ پکڑے گئے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے