[pullquote]امریکا: این ایس اے کا عوام کی خفیہ نگرانی کا پروگرام غیرقانونی قرار[/pullquote]
امریکی خفیہ ایجنسی این ایس اے کی جانب سے عوام کی نگرانی کیے جانے سے متعلق جس پروگرام کا انکشاف ایڈورڈ سنوڈن نے کیا تھا اسے ایک وفاقی عدالت نےغیر قانونی قرار دے دیا ہے۔ امریکی شہری ایڈورڈ سنوڈن بھی این ایس اے میں کام کرتے تھے اور انہوں نے ہی متنازعہ نگرانی کے اس خفیہ پروگرام کا پردہ فاش کیا تھا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں اس پروگرام کو غیر آئینی تو نہیں قرار دیا، تاہم ممکنہ طور پر آئین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ اس خفیہ پروگرام کے تحت امریکا کی تمام مواصلاتی کمپنیاں این ایس اے کو اپنا ڈیٹا فراہم کرتی تھیں اور پھر خفیہ ایجنسی ڈیٹا کی تفتیش اور اس کی چھان بین کے لیے اس کا تجزیہ کرتی تھی۔ امریکی کورٹ آف اپیل نے اپنے فیصلے میں کہا کہ یہ پروگرام ‘فارن اینٹلیجنس سرویلنس ایکٹ’ کے بالکل منافی ہے اور بہت ممکن ہے کہ یہ عمل آئین کے خلاف ہو۔
[pullquote]ناوالنی کو زہر دینے کے معاملے پر مغرب کا غم و غصہ[/pullquote]
روسی حکومت اور صدر پوٹن کے ناقد الیکسی ناوالنی کو زہر دینے کے معاملے پر جرمن حکومت روس کے لیے اس کے نتائج کے بارے میں اپنے اتحادیوں سے مشاورت کرنا چاہتی ہے۔ وفاقی جرمن پارلیمان میں امور خارجہ کمیٹی کے چیئرمین نوربرٹ رؤٹگن نے اس سلسلے میں ایک واضح، یکساں اور یورپی لائحہ عمل پر زور دیا ہے۔ جرمن حکومت اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ ناوالنی کو اعصاب متاثر کرنے والا مرکب ’نویچوک‘ دے کر مارنے کی کوشش کی گئی تھی۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اس اقدام کو زہر کے ذریعے قتل کی کوشش قرار دیا ہے۔ الیسکی ناوالنی 22 اگست سے برلن کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ یورپی یونین نے بھی ناوالنی کو زہر دے کر مارنے کی کوشش کی مذمت کی ہے۔ یورپی خارجہ پالیسی امور کے سربراہ یوزف بوریل نے اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
[pullquote]تیونس: ایک سال سے کم مدت میں تیسری حکومت کا قیام[/pullquote]
تیونس میں بدھ کے روز صدر قیس سعید کے سامنے 46 سالہ وزیر اعظم ہشام مشیشی کی قیادت والی نئی حکومت نے حلف اُٹھایا۔ سیاسی جماعتوں نے تاہم انہیں تقریب سے الگ تھلگ رکھنے کی شکایت کی ہے۔ حلف برداری کی تقریب کے بعد پارلیمان میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے سے پہلے 15 گھنٹے تک طویل بحث و مباحثہ ہوا، جس کے بعد ووٹنگ ہوئی، جس میں مشیشی اور ان کی 28 رکنی کابینہ نے 67 کے مقابلے میں 134 ووٹ حاصل کیے۔ اس موقع پر کوئی بھی رکن غیر حاضر نہیں تھا۔ ووٹنگ سے قبل تیونس کی متعدد سیاسی جماعتوں نے شکایت کی کہ اس کابینہ میں پیشہ ور سیاست دانوں کی بجائے ماہرین تعلیم، بیوروکریٹوں اور اپنے شعبوں کے ماہرین کو جگہ دی جارہی ہے۔ نئے وزیر اعظم نے کابینہ کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں اور شہریوں سے ‘ملک کو بچانے‘ کی اپیل کی۔
[pullquote]بلغاریہ میں حکومت مخالف مظاہرے، متعدد زخمی[/pullquote]
بلغاریہ کے دارالحکومت صوفیہ میں پارلیمنٹ کے سامنے حکومت اور پولیس کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین کے مابین شدید جھڑپیں ہوئیں۔ حکام نے بتایا کہ کم از کم 55 افراد زخمی ہوئے۔ 95 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ مظاہرین وزیر اعظم بوئیکو بوریسو کی عوامی قوم پرست حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ مظاہرین وزیر اعظم بوئیکو بوریسو پر بدعنوانی اور امرا طبقے کی پشت پناہی کا الزام عائد کرتے ہیں۔ صوفیہ کے وسط میں مظاہرہ کرنے والے ہزاروں افراد نے ’’استعفیٰ‘‘ اور ’’مافیا‘‘ کا نعرہ لگایا۔
[pullquote]مظاہرے والے شہروں کی فنڈنگ روک دیں گے: صدر ٹرمپ[/pullquote]
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ایسی دستاویز پر دستخط کیے ہیں جس میں ان تمام شہروں کو وفاقی حکومت کی فنڈنگ میں کمی کرنے کی دھمکی دی گئی ہے جہاں احتجاجی مظاہروں کے سبب ‘افراتفری’ کا ماحول ہے۔ ٹرمپ نے بدھ کے روز جس دستاویز پر دستخط کیے ہیں اس میں سیئٹل، پورٹ لینڈ اور نیو یارک سمیت ان شہروں کی وفاقی فنڈنگ میں کمی کرنے کی دھمکی دی گئی ہے جہاں گزشتہ کئی مہینوں سے احتجاجی مظاہرے ہوتے رہے ہیں۔ اس دستاویز میں جن شہروں کو ‘لاقانونیت’ سے تعبیر کیا گیا ہے اس میں دارالحکومت واشنگٹن بھی شامل ہے۔ ساتھ ہی اٹارنی جنرل ولیئم بار کو یہ ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اس معاملے سے متعلق قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیں، کہ جس نے بھی ”تشدد اور املاک کی تباہی کو برقرار رکھنے کی اجازت دی اور مناسب اقدامات کرنے سے گریز کیا” اس کے خلاف کیا اقدامات کیا جا سکتے ہیں۔ امریکی چینل سی این این سے بات چیت کرتے ہوئے ولیئم بار نے کہا کہ جسٹس ڈپارٹمنٹ، بائیں بازو کی تنظیم انتیفا کی تحریک اور اس کے احتجاجی مظاہروں سے متعلق بھی چھان بین کر رہا ہے۔
[pullquote]بھارت نیاریکارڈ: ایک دن میں کورنا کے تقریبا 84 ہزارنئے کیسز[/pullquote]
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 83 ہزار 883 نئے کورونا کیسز کا ایک نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے، جس کے ساتھ ہی بھارت میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 38 لاکھ سے بھی تجاوز کرگئی ہے۔ بھارتی وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کووڈ 19 سے متاثرہ ایک ہزار 43 مزید افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں اور اس طرح بھارت میں اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 67 ہزار 376 ہوگئی ہے۔ کووڈ 19 سے ہونے والی ہلاکتوں کے لحاظ سے بھی بھارت عالمی سطح پر اب تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ عالمی سطح پر کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد اب دو کروڑ 57 لاکھ سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ متاثرین کی تعداد کے اعتبار سے امریکا میں اس وبا سے تقریبا ساٹھ لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ برازیل میں 39 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ یہ اعداد و شمار صرف تصدیق شدہ کیسز کی بنیاد پر مرتب کیے گئے ہیں تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے متاثرین کی حقیقی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔ اب تک آٹھ لاکھ 56 ہزار سے زیادہ افراد کووڈ 19 سے ہلاک ہو چکے ہیں۔
[pullquote]کنوشا: ٹرمپ کے بعد، بائیڈن کا دورہ[/pullquote]
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نسلی ہنگاموں سے متاثرہ ریاست وسکونسن کے شہر کنوشا کے دورے کے بعد، صدارتی الیکشن میں ان کے مد مقابل جو بائیڈن بھی اس شہر کا دورہ کرنے جا رہے ہیں۔ یہ شہر پولیس کی طرف سے ایک سیاہ فام شہری پر گولی چلانے کے حالیہ واقعے کے بعد سے نسل پرستی کے خلاف عوامی احتجاج کا مرکز بنا ہوا ہے۔ ان مظاہروں کے دوران تشدد کے واقعات بھی پیش آئے۔ بائیڈن جمعرات کے روز وسکونسن کے شہر کنوشا پہنچیں گے۔ واضح رہے کہ وسکونسن کے گورنر نے صدر ٹرمپ کو شورش زدہ شہر کنوشا کا دورہ نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ ٹرمپ نے اپنے دورے کے دوران سکیورٹی فورسز سے بات چیت کی تھی، لیکن پولیس کی گولی کا نشانہ بن کر زخمی ہونے والے افریقی امریکی کے اہل خانہ سے انہوں نے کوئی رابطہ نہیں کیا تھا۔ امریکا میں، نومبر میں صدارتی انتخابات ہونا ہے۔
[pullquote]مادورو کی طرف سے انتخابی مبصرین کو دعوت[/pullquote]
وینزویلا کے صدر نکولاس مادورو نے اقوام متحدہ اور یورپی یونین کے مبصرین کو دسمبر میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے لیے مدعو کیا ہے۔ وزیر خارجہ جارج اریزا نے اعلان کیا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرش اور یورپی یونین کے امور خارجہ کے نمائندے جوزف بوریل کو دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔ ابھی حال ہی میں، مادورو نے حزب اختلاف کے سو سے زیادہ ارکان پارلیمان اور اپنے مخالف خوان گوائیڈو کے مجرموں کو معاف کردیا تھا۔ تاہم، گوائیڈو نے پارلیمانی انتخابات کو قانونی حیثیت دینے کے لیے مجرموں کی عام معافی کو ایک چال قرار دیا ہے۔
[pullquote]انگلش چینل عبور کرنے کی ناکام کوشش کرنے والے مہاجرین گرفتار[/pullquote]
فرانسیسی حکام نے ایسے ایک سو سے زیادہ مہاجرین کوگرفتار کرلیا ہے جو برطانیہ پہنچنے کے لیے انگلش چینل عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ان میں 53 وہ افراد بھی شامل تھے جنہیں سمندر سے بچایا گیا۔ یہ مہاجرین غیرمحفوظ کشتیوں میں سوار ہو کر برطانیہ پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے۔ فرانس سے انگلش چینل کے راستے غیرمحفوظ کشتیوں میں سفر کرنے والے مہاجرین کی تعداد میں حال ہی میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ اگست میں تقریباً ایک ہزار پانچ سو مہاجرین برطانوی ساحل تک پہنچے تھے۔
[pullquote]امریکا نے ڈبلیو ایچ او کو رقم کی ادائیگی روک دی[/pullquote]
امریکا جنیوا میں قائم عالمی ادارہ صحت، ڈبلیو ایچ او کو اپنے ذمے واجب الادا لگ بھگ 80 ملین ڈالرز کی ادائیگی نہیں کرنا چاہتا۔ واشنگٹن نے کہا کہ اس رقم کو اقوام متحدہ کے بلوں کی ادائیگی کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔ امریکا جولائی 2021ء میں ڈبلیو ایچ او چھوڑنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا الزام ہے کہ اس تنظیم نے کورونا وائرس کی وبا کے دوران’’چین کی کٹھ پتلی‘‘ کا کردار ادا کیا۔
[pullquote]بھارتی وزیر اعظم کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک[/pullquote]
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی پرسنل ویب سائٹ اور ٹوئٹر اکاؤنٹ آج صبح ہیک کرلیا گیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر نے اس کی تصدیق کی ہے۔ ٹوئٹر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم مودی کے اکاؤنٹ کو محفوظ کرنے کے لیے یہ اقدامات کیے گئے ہیں اور اس معاملے کی ‘تیزی سے تفتیش‘ کروائی جا رہی ہے۔ ہیکروں نے مودی کے اکاونٹ کو ہیک کرنے کے بعد اس پر لکھا ”میں آپ لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ کووڈ۔19 کے لیے قائم کیے گئے فنڈ میں عطیہ دیں۔‘‘ ٹوئٹر کے ایک ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹوئٹر انتظامیہ کو اس واقعے کا علم ہے اور جس اکاونٹ میں چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے اس کو محفوظ کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔