جمعہ: 04 ستمبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یونان کا بحیرہ روم کے تنازعے پر ترکی کے ساتھ بات چیت شروع کرنے سے انکار[/pullquote]

یونان نے مشرقی بحیرہ روم میں کشیدگی پر ترکی کے ساتھ بات چیت کے آغاز سے متعلق خبروں کو مسترد کر ديا ہے۔ یونانی وزارت خارجہ نے جمعے کو کہا ہے کہ یونان اور ترکی نے مشرقی بحیرہ روم میں نیٹو کی ثالثی کے ذریعے کشیدگی کو دور کرنے کے ليے نام نہاد ’تکنیکی بات چیت‘ پر اتفاق کیا تھا مگر فی الحال کسی حتمی سمجھوتے تک نہيں پہنچا گيا۔ دریں اثناء ترکی کی وزارت خارجہ نے کہا کہ ترکی یونان کے ساتھ پائیدار اور منصفانہ حل تلاش کرنے کے لیے بلا مشروط بات چیت کے لیے تیار ہے۔ یونان اور ترکی کے درمیان اختلافات کم کرنے کے لیے جرمنی بھی مذکرات کرانے کی کوششوں پر زور دیتا رہا ہے۔

[pullquote]ہانگ کانگ سکیورٹی قانون پر آزادانہ نظرثانی کا مطالبہ[/pullquote]

اقوام متحدہ نے ہانگ کانگ کے سکیورٹی قانون پر آزادانہ نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔ اس عالمی ادراے کے خصوصی نمائندے نے بیجنگ کو تحریرکردہ ایک خط میں کہا ہے کہ یہ قانون نہ صرف بنیادی حقوق کے لیے سنگین خطرہ ہے بلکہ اظہار رائے کی آزادی پر بھی قدغن لگاتا ہے اور اسے سیاسی افراد کو سزائیں دینے کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس خط کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ نیا قانون ہانگ کانگ کے ججوں، وکلاء اور اظہار رائے کی آزادی کو کچلنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ نئے قانون میں علیحدگی پسندی، تخریب کاری، دہشت گردی اور غیر ملکی طاقتوں کے ساتھ ساز باز کو جرم قرار دیا گیا ہے اور اس کے نفاذ نے بہت سارے مظاہرین اور سماجی اور سیاسی کارکنوں کو خاموش کردیا ہے۔

[pullquote]پاکستان چینی تنازعے سے فائدہ اٹھانے کی کوشش نہ کرے: بھارت کی تنبیہ[/pullquote]

بھارت نے پاکستان کو متنبہ کیا ہے کہ اگر پاکستان نے چین کے ساتھ سرحد پر تنازعے کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی، تو اسے زبردست نقصان اٹھانا پڑے گا کیونکہ بھارت دو محاذوں پر ایک ساتھ لڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ایک ایسے وقت جب لداخ میں چین اور بھارت کے درمیان زبردست کشیدگی کا ماحول ہے بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت نے چین اور پاکستان کی جانب سے شمال اور مغربی سرحدوں پر بھارت کے خلاف ’مربوط کارروائی‘ کے خطرے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔ تاہم ان کا دعوی ہے کہ بھارتی مسلح افواج اس مشترکہ خطرے سے بھی نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور ایسی صورت میں اسلام آباد کو زبردست نقصان سے دو چار ہونا پڑ سکتا ہے۔ دوسری جانب بھارتی فوج کے سربراہ جنرل منوج مکند نروانے نے جمعرات کے روز لداخ میں ایل اے سی کا دورہ کرنے کے بعد کہا کہ سرحد پر حالات تھوڑے کشیدہ ہیں اسی لیے فوج کو احتیاطی طور پر تعینات کیا گیا ہے۔

[pullquote]امريکا: افریقی نژاد امریکی شہری کی موت کے بعد پولیس افسران معطل[/pullquote]

امریکا میں ایک افريقی نژاد امريکی سیاہ فام شہری کے خلاف مبينہ پولیس تشدد کے ایک نئے کیس کے بعد سات پولیس افسران کو ملازمت سے معطل کر دیا گیا ہے۔ اس کا اعلان نیو یارک اسٹیٹ کے شہر روچیسٹر کے میئر لولی وارن نے کیا۔ اس پيش رفت سے ایک روز پہلے مذکورہ افریقی نژاد امریکی باشندے کے گھر والوں نے پولیس کے اُس آپریشن کی ایک ویڈیو جاری کی تھی، جو مارچ کے آخر میں کيا گيا تھا۔ اس ویڈیو میں ڈینیئل پروڈ کو برہنہ گھٹنے ٹیکے دکھایا گیا اور اُس کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں بھی ديکھی جا سکتی ہیں۔ مزید یہ کہ ڈینیئل نے پولیس والوں کے تھوکنے سے بچنے کے لیے اپنے سر پر ایک بوری ڈالی ہوئی ہے۔ 41 سالہ یہ افریقی امریکی باشندہ ایک ہفتے بعد ہسپتال میں دم توڑ گیا تھا۔

[pullquote]سعودی شاہی خاندان میں گرفتاریاں[/pullquote]

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس ہفتے ایک مرتبہ پھر شاہی خاندان کی دو شخصیات کو مالی بدعنوانی کے الزام میں برطرف کر دیا۔ محمد بن سلمان سعودی اشرافیہ کے مبینہ کرپٹ اشخاص کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ لیکن انہوں نے اپنے اثاثے ظاہر نہیں کیے۔ مالی بدعنوانی کے خلاف یہ مہم ان کے عہدے کو مزید مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہو رہی ہے۔ ایم بی ایس نے برطرفی کی ہدایات سعودی اینٹی کرپشن اتھارٹی ’نزاھة‘ کو سونپ دیں ہيں۔ سعودی عرب کی سرکاری پریس ایجنسی نے منگل کو بتایا کہ اس ادارے نے ’وزارت دفاع میں مشکوک مالی معاملات‘ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

[pullquote]کورونا لاکھوں مہاجر بچوں کے مستقبل کو خطرے میں ڈال رہا ہے: یو این ایچ سی آر[/pullquote]

اقوام متحدہ کی مہاجرین کے امور سے متعلق ایجنسی یو این ایچ سی آر کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کورونا کا بحران لاکھوں کم عمر مہاجرین کے مستقبل کے امکانات کو خطرے میں ڈالنے کا باعث بن رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کورونا کے بحران سے پہلے ہی دنیا بھر میں پناہ گزینوں کے بچوں کی صرف نصف تعداد، قریب 1.8 ملین بچوں کو اسکول تک رسائی حاصل تھی۔ یہ صورتحال مزید خراب ہوتی جا رہی ہے۔ جرمنی میں بھی پناہ گزینوں کے خاندانوں کے بچوں کو کورونا پابندیوں نے خاص طور پر سخت نقصان پہنچایا ہے کیونکہ ان کے پاس اکثر اہم ٹکنالوجی موجود نہیں ہوتی۔ اہل خانہ اسکول کے سامان اور یونیفارم کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے۔

[pullquote]’افغان حکومت امن مذاکرات کا راستہ ہموار کر رہی ہے‘[/pullquote]

افغان حکومت نے بنیاد پرست طالبان کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے پر اتفاق کر ليا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 400 کے قریب جنگجوؤں، جن کی رہائی کے لیے طالبان نے درخواست کی تھی، انہیں جیلوں سے رہا کر دیا گیا ہے۔ کابل کی حکومت سے اب توقع ہے کہ وہ باغیوں کے ساتھ براہ راست امن مذاکرات فوری طور پر شروع کرے گی۔ فرانس اور آسٹریلیا کی حکومتوں نے اس سے پہلے خاص طور پر خطرناک طالبان جنگجوؤں کی رہائی کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ ان 400 قيديوں ميں سے 150 قیدیوں کو موت کی سزا سنائی جا چکی تھی۔

[pullquote]آسٹریا نے کورونا ٹریفک لائٹ شروع کر دی[/pullquote]

آج جمعے سے یورپی ملک آسٹریا میں چار رنگوں والی ٹریفک لائٹ کی شکل میں ایک کورونا انتباہی نظام کام کرنا شروع کر دے گا۔ ہر خطے میں انفیکشن کی صورت حال کا ہفتہ وار جائزہ لینے کے لیے یہ نظام تشکیل دیا گیا ہے۔ انٹرنیٹ پر یہ سگنل لائٹ کی طرح سے کم خطرہ سبز لائٹ سے ظاہر کرے گا اور جیسے جیسے کورونا وائرس کے خطرات بڑھتے جائیں گے ویسے ویسے یہ پہلے پیلے پھر نارنجی اور پھر سب سے زیادہ خطرے کی علامت یعنی سرخ لائٹ ظاہر کرنا شروع کر دے گا۔ ہر مرحلے پر ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔ ان اندازوں کا معیار وہی رکھا گيا ہے جس کے تحت جرمنی میں کورونا کی اونچی ترین حد ہے اور جس کے تحت گزشتہ سات دنوں میں وائرس کیسز کی تعداد میں اضافہ نوٹ کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ آسٹریا کے انتباہی نظام میں ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد سے لے کر انفیکشن کے پھیلاؤ کا سراغ لگانے کے لیے ٹیسٹ کی بھی مدد لی جائے گی۔

[pullquote]برازیل میں کورونا کے کيسز چار ملین سے تجاوز کر گئے[/pullquote]

برازیل میں کورونا وائرس کے انفیکشنز کی تعداد چار ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تقریباً 44 ہزار نئے کیسز درج ہوئے جس کے ساتھ برازیل میں کورونا سے متاثرہ افراد کی کُل تعداد بڑھ کر چار عشارہ چار ملین ہو گئی ہے۔ امریکا کے بعد برازیل دنیا میں اس وبائی مرض سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ برازیل کے دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے صدر جیئر بولسنارو پر بھی کورونا انفیکشن نے حملہ کیا ہے تاہم وہ بار بار اس نئے کورونا وائرس سے لاحق خطرات کی شدت کو بہت کم کر کے پیش کرتے رہے ہیں۔

[pullquote]جو بائیڈن کی جیکب بلیک کے اہل خانہ سے ملاقات[/pullquote]

امریکی صدارتی امیدوار اور ڈیموکریٹک لیڈر جو بائیڈن نے افریقی نژاد امریکی باشندے جیکب بلیک کے اہل خانہ سے ملاقات کی، جو ریاست وسکونسن کے شہر کنوشا میں پولیس آپریشن میں شدید زخمی ہوا تھا۔ بائیڈن نے کنوشا قصبے کا دورہ کیا، جہاں ایک پولیس افسر نے جیکب بلیک کو پیٹھ میں گولی ماری تھی۔ پولیس آپریشن کی ایک ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد کنوشا میں نسلی امتیاز کے خلاف احتجاج اور ملک میں غم و غصہ شروع ہوا۔ بائیڈن کے کنوشا کے دورے سے دو روز قبل صدر ٹرمپ نے کنوشا کا دورہ کیا تھا تاہم انہوں نے پولیس تشدد کا شکار ہونے والے جیکب بلیک کے کنبے سے کوئی ملاقات نہیں کی تھی بلکہ انہوں نے پولیس کی پُر تشدد کارروائی کو ’اپنے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات‘ قرار دیتے ہوئے حق بجانب کہا تھا۔

[pullquote]یورپی یونین نے روس کو پابندیوں کی دھمکی دے دی[/pullquote]

کریملن کے ناقد الیکسی نوالنی پر زہر کے مبينہ حملے کے بعد یورپی یونین اور نیٹو اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ روس کے ساتھ کیا سلوک کیا جائے۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ یوزف بوریل نے ماسکو کے خلاف پابندیوں کو ممکنہ اقدام قرار دیا ہے۔ انہوں نے ماسکو کی قیادت سے تفتيش ميں تعاون کا مطالبہ کیا ہے۔ نیٹو آج جمعے کے روز ایک خصوصی اجلاس میں اس معاملے پر بات چیت کر رہا ہے۔ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے جنرل سکریٹری ژینس اشٹولٹن برگ برسلز میں پریس سے خطاب کرنا چاہتے ہیں۔ ناوالنی کو 22 اگست کو روس سے برلن روانہ کیا گیا تھا جہاں وہ کلینک شیریٹی میں زیر علاج ہیں۔ قبل ازیں جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے ناوالنی کیس کو ’زہر کے ذریعے قتل‘ کی کوشش قرار دیا تھا۔ جبکہ یورپی خارجہ پالیسی امور کے سربراہ یوزف بوریل نے اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کہہ کر اس کی مذمت کی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے