ہفتہ : 05 ستمبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]سرحدی تنازعات: چينی و بھارتی وزرائے دفاع کی ملاقات[/pullquote]

بھارتی و چينی وزرائے دفاع نے گزشتہ روز ايک ملاقات کی، جس ميں دونوں رہنماؤں نے ايک دوسرے کے ملک کو سرحدی تنازعات کا ذمہ دار ٹھہرايا۔ روسی دارالحکومت ماسکو ميں جمعے کی شب ہونے والی اس ملاقات کے بعد بھارتی وزير دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ امن و امان کے قيام کے ليے اعتماد اور بين الاقوامی قوانين کا احترام ضروری ہے۔ انہوں نے چين پر بھارت کی علاقائی خود مختاری کی خلاف ورزی کا الزام لگايا۔ دوسری جانب چينی وزیر دفاع وائی فينگہے نے اپنے بيان ميں لداخ ميں کشيدگی کو بھارتی افواج کی کارروائيوں کا نتيجہ قرار ديا ہے۔ حالیہ سرحدی تنازعے ميں يہ اعلی سطحی وزرا کی پہلی ملاقات تھی۔ يہ ملاقات شنگھائی تعان تنظیم کے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔

[pullquote]ايرانی صدر کی امريکا پر پھر تنقيد[/pullquote]

ايرانی صدر حسن روحانی نے اتوار کو جاری کردہ اپنے ايک بيان ميں امريکی پابنديوں کی مخالفت نہ کرنے پر کئی ملکوں کو تنقيد کا نشانہ بنايا۔ انہوں نے کہا کہ ايران کے ’دوست‘ ممالک کو يکطرفہ امريکی اقدامات اور پابنديوں کی مخالفت کرنی چاہيے تھی۔ روحانی نے مزيد کہا کہ امريکا کو انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر کورونا کی عالمی وبا کے باعث پيدا ہونے والی بحرانی صورتحال ميں پابندياں ختم کر دينی چاہييں تھیں۔ روحانی کے مطابق اس مشکل وقت ميں کسی بھی دوست ملک نے ايران کا ساتھ نہ ديا۔ واضح رہے کہ امريکا نے جوہری ڈيل سے يکطرفہ طور پر عليحدگی اختيار کرتے ہوئے ايران پر سخت ترين پابندياں عائد کر رکھی ہيں۔

[pullquote]قبرص کے قریب ترک افواج کی جنگی مشقيں[/pullquote]

ترک مسلح افواج کل اتوار سے قبرص کے پاس جنگی مشقيں شروع کر رہی ہيں۔ اس بات کی تصديق آج بہ روز ہفتہ ترک وزارت دفاع نے کی ہے۔ سرکاری بيان ميں کہا گيا ہے کہ ان مشقوں کا مقصد منقسم جزيرے پر تعينات کمان اور ترک سرزمين پر موجود افواج کے مابين تعاون بڑھانا ہے۔ ان مشقوں ميں بری، فضائی اور بحری افواج حصہ لے رہی ہيں۔ يہ جنگی مشقيں يونان کے ساتھ جاری تنازعے کے تناظر ميں ہو رہی ہيں۔ يہ امر اہم ہے کہ قبرص کے جزيرے کے جنوبی حصے پر يونان کا کنٹرول ہے جبکہ شمالی حصہ جات ترکی کے دائرہ اختيار ميں آتے ہيں۔ علامتی طور پر دونوں ہی علاقائی حريف ممالک اس خطے ميں جنگی مشقيں کرتے رہتے ہيں۔

[pullquote]نائجيريا ميں ڈاکٹروں کی ہڑتال[/pullquote]

نائجيريا ميں سرکاری ہسپتالوں ميں کام کرنے والے ڈاکٹرز آئندہ ہفتے سے ہڑتال کر رہے ہيں۔ ڈاکٹروں کا مطالبہ ہے کہ ان کی تنخواہيں بڑھانے کے ساتھ ساتھ انہيں ويلفيئر کی بہتر سہوليات اور ملازمت کے ليے ساز گار ماحول فراہم کيا جائے۔ ہڑتال کی کال نيشنل ايسوسی ايشن آف ريزيڈنٹ ڈاکٹرز نے جاری کر رکھی ہے، جو چاليس فيصد ڈاکٹروں کی نمائندگی کرتی ہے۔ افريقہ کے سب سے زيادہ آبادی والے ملک نائجيريا ميں ڈاکٹر اکثر ہڑتال کرتے رہتے ہيں۔

[pullquote]بھارت: کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد چار ملين سے متجاوز[/pullquote]

بھارت ميں کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد چاليس لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ ہفتے کے اعداد و شمار کے مطابق پچھلے چوبيس گھنٹوں ميں اس مہلک مرض کے 86,432 نئے کيسز سامنے آئے۔ اس اضافے کے ساتھ ہی بھارت سب سے زيادہ متاثرہ ممالک کی فہرست ميں اب امريکا اور برازيل کے بعد تيسرے نمبر پر آ گيا ہے۔ جمعے اور ہفتے کے دوران ايک ہزار سے زائد اموات بھی ريکارڈ کی گئيں اور يوں بھارت ميں نئے کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 69,561 ہو گئی ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس کے متاثرين ساڑھے چھبيس ملين کے قريب[/pullquote]

عالمی سطح نئے کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد تقريباً ساڑھے چھبيس ملين تک پہنچ گئی ہے۔ اب تک 869,349 افراد اس مہلک مرض ميں مبتلا ہونے کے بعد ہلاک بھی ہو چکے ہيں۔ پچھلے سال چين کے شہر ووہان سے پھيلنے والا کورونا وائرس اب تک دنيا کے دو سو دس ممالک اور خطوں ميں پھيل چکا ہے۔ سب سے زيادہ متاثرہ ممالک امريکا، برازيل، بھارت، روس اور پيرو ہيں۔

[pullquote]ڈھاکا کی مسجد ميں دھماکا اور آتش زدگی، کئی نمازی ہلاک و زخمی[/pullquote]

بنگلہ ديشی دارالحکومت ڈھاکا کے نواح میں ايک مسجد ميں دھماکے کے بعد لگنے والی آگ کے نتيجے ميں اب تک گيارہ افراد کی ہلاکت کی تصديق ہو چکی ہے۔ ڈھاکا سے پچيس کلوميٹر جنوب کی طرف واقع ناراين گنج نامی علاقے ميں يہ واقعہ بيت الصلاة جامع مسجد ميں جمعے کی شب پيش آيا۔ دھماکے اور آتش زدگی ميں چاليس افراد زخمی بھی ہوئے، جن ميں سے سينتيس کے جسم بری طرح جھلس چکے ہيں۔ ابتدائی تفتيش سے پتا چلا ہے کہ دھماکا ممکنہ طور پر گيس رسنے کی وجہ سے ہوا۔ معاملے کی تفتيش جاری ہے۔

[pullquote]ايران ميں دھماکا، متعدد افراد زخمی[/pullquote]

مغربی ايران ميں کلورين گيس کے ايک کنستر ميں دھماکے کے باعث دو سو سترہ افراد زخمی ہو گئے۔ جب يہ دھماکا ہوا، تو گيس کے کنستر کو ايک ٹرک پر کہيں منتقل کيا جا رہا تھا۔ يہ واقعہ ايلام صوبے ميں جمعے کی رات پيش آيا۔ صوبے کی ميڈيکل يونيورسٹی کے سربراہ محمد کريمان نے بتايا ہے کہ ممکنہ طور پر ڈرائيور کی لا پرواہی اس حادثے کی وجہ بنی۔ ايران ميں جون سے کئی عسکری اور سويلين تنصيبات اسی طرز کے دھماکوں کی زد ميں آ چکی ہيں۔

[pullquote]جرمنی: ری يونيفيکيشن کی تقريبات شروع[/pullquote]

جرمنی ميں ری يونيفيکيشن يا مغربی اور مشرقی جرمنی کے اتحاد کے اکتيس برس مکمل ہونے کے سلسلے ميں تقريبات شروع ہو گئی ہيں۔ تين اکتوبر کو ری يونيفيکيشن کا دن منايا جاتا ہے اور اس روز عام تعطيل ہوتی ہے۔ رواں سال تقريبات کا مرکز پوٹس ڈام شہر ہے۔ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے يہ تقريبات محدود سطح پر ہوں گی اور آج ہفتے سے مختلف چھوٹی تقريبات بھی بڑی خاموشی کے ساتھ شروع کی جا رہی ہيں۔ بڑے اجتماعات سے بچنے کے ليے چھوٹی تقريبات کا انعقاد کيا گيا ہے۔ يہ تقريبات اور يہ دن سن 1989 ميں ديوار برلن کے انہدام اور مغربی اور مشرقی جرمنی کے اتحاد کی ياد ميں منائی جاتی ہيں۔

[pullquote]چار ملکوں کو قحط کا شديد خطرہ، انٹونيو گوٹيرش[/pullquote]

اقوام متحدہ کے سيکرٹری جنرل انٹونيو گوٹيرش نے خبردار کيا ہے کہ دنیا کے چار ممالک ميں قحط کا شديد خطرہ ہے۔ سلامتی کونسل کے ارکان کو لکھے اپنے ايک خط ميں گوٹيرش نے لکھا کہ کانگو، يمن، نائجيريا اور جنوبی سوڈان ميں ممکنہ قحط کی وجہ سے لاکھوں افراد کی زندگياں خطرے ميں ہيں۔ سيکرٹری جنرل کے مطابق ان ملکوں کی مدد کے ليے دستياب فنڈز انتہائی محدود ہيں اور اس ضمن ميں فوری کارروائی درکار ہے۔ گوٹيرش نے صوماليہ، برکينا فاسو اور افغانستان کی صورتحال پر بھی تشويش ظاہر کی۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی گلوبل رپورٹ آن فوڈ کرائسس کے تجزيے کی بنياد پر يہ اتنباہ جاری کيا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے