[pullquote]کورونا وائرس: بھارت نے برازیل کو پیچھے چھوڑ دیا[/pullquote]
بھارت کورونا وائرس سے متاثرہ دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ملک بن گیا ہے۔ اب تک امریکا کے بعد دوسرا سب سے بڑا ملک برازیل تھا ۔ امریکا کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد وشمار کے مطابق اس وقت بھارت میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 42 لاکھ پانچ ہزار کے قریب ہے جبکہ وہاں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 71 ہزار چھ سو سے بڑھ چکی ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ ملک بدستور امریکا ہے جہاں اس مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 62 لاکھ پانچ ہزار جبکہ ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 89 ہزار کے قریب ہے۔ دنیا میں اس وقت کورونا وائرس سے متاثرین کی کل تعداد 27.1 ملین سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد آٹھ لاکھ 83 ہزار سے زائد ہے۔
[pullquote]ناوالنی کے معاملے پر جرمنی اور روس کے درمیان تناؤ میں اضافہ[/pullquote]
روسی حکومت کے ناقد الیکسی ناوالنی کو مبینہ طور پر زہر دیے جانے کے معاملے پر جرمنی اور روس کے درمیان تناؤ بڑھ گیا ہے۔ جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے ماسکو حکومت کے اس الزام کو مسترد کر دیا ہے کہ جرمنی اس معاملے کی تحقیقات میں تاخیر کر رہا ہے۔ ہائیکو ماس کے مطابق برلن حکومت روسی سفیر کے ذریعے روسی دفتر استغاثہ کو کیس کی تحقیقات میں مدد کی درخواست بھجوا چکی ہے۔ انہوں نے جرمن ہسپتال کی طرف سے بھی اس سلسلے میں جاری تحقیقات کا ذکر کیا۔ 44 سالہ ناوالنی ابھی تک کوما میں ہیں۔ انہیں مبینہ طور پر زہر دیے جانے کے بعد علاج کے لیے جرمنی لایا گیا تھا۔
[pullquote]برمنگھم میں چاقو حملے کے تناظر میں ایک شخص گرفتار[/pullquote]
برطانوی پولیس نے آج ایک شخص کو گرفتار کیا ہے جس پر شبہ ہے کہ اس نے گزشتہ روز برمنگھم میں چاقو حملے کیے تھے۔ اتوار کے روز چار مختلف مقامات پر کیے گئے ان چاقو حملوں کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ سات دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ پولیس کے مطابق اس 27 سالہ شخص کو آج پیر کی صبح چار بجے کے قریب سیلی اوک کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے ان حملوں کو کسی گینگ کی کارروائی یا دہشت گردی سے منسلک قرار نہیں دیا تھا۔
[pullquote]جرمنی: دائیں بازو کے دہشت گرد گروپ کے چار ارکان کے خلاف مقدمہ شروع[/pullquote]
جرمنی میں دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد گروپ کے چار ارکان کے خلاف مقدمہ آج جرمن شہر ڈریسڈن میں شروع ہو گیا ہے۔ گروپے فرائیٹال کے جن ارکان کے خلاف مقدمہ شروع ہوا ہے ان میں تین مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔ اس گروپ پر الزام ہے کہ اس نے 2015ء میں ڈریسڈن اور اس کے گرد ونواح میں غیر ملکیوں اور سیاسی مخالفین کو بم دھماکوں کا نشانہ بنایا تھا۔ اس گروپ کے دیگر آٹھ اہم ارکان کو 2018ء میں طویل دورانیے کی سزائیں سنائی گئی تھیں۔
[pullquote]جولیان اسانج کو امریکا کے حوالے کرنے کے لیے مقدمے کی سماعت بحال[/pullquote]
وکی لیکس کے بانی جولیان اسانج کو امریکا کے حوالے کرنے کے لیے عدالتی کارروائی لندن کی ایک عدالت میں دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے عراق اور افغانستان میں امریکی جنگ سے متعلق امریکی حکومت کے خفیہ راز فاش کیے تھے۔ اسانج کے کیس کی سماعت کرنے والی لندن کی عدالت کے باہر اسانج کے حامیوں نے ان کی امریکا حوالگی کے خلاف مظاہرہ بھی کیا۔ لوگوں نے اس موقع پر پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ’اسانج کو امریکا کے حوالے نہ کرو‘ اور ’صحافت کوئی جرم نہیں‘ جیسے نعرے درج تھے۔
[pullquote]بریگزٹ: جانسن کی یورپی یونین کو ’ہارڈ بریگزٹ‘ کی دھمکی[/pullquote]
بریگزٹ سے متعلق بات چیت کے نئے دور سے قبل برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن یورپی یونین پر دباؤ بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات چیت کی کامیابی کے لیے 38 دنوں کا ہدف مقرر کرتے ہوئے کہا ہے کہ تجارتی معاہدہ 15 اکتوبر تک طے پا جانا چاہیے ورنہ برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان آزادانہ تجارت ممکن نہیں رہے گی۔ برطانیہ نے رواں برس جنوری میں یورپی یونین کو چھوڑ دیا تھا۔ فریقین کے درمیان مستقبل کے تعلقات سے متعلق بات چیت کا وقت دسمبر میں ختم ہو رہا ہے۔
[pullquote]گیس تنازعہ: یورپی یونین غیر جانبدار رہے، ایردوآن کا مطالبہ[/pullquote]
ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس کے یونان کے ساتھ گیس سے متعلق تنازعے میں غیر جانبدار رہے۔ ایردوآن کے دفتر کے مطابق اس معاملے پر یورپی یونین کی پوزیشن اس کے خلوص کا امتحان ہے۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ برسلز اور یورپی یونین کی رکن ریاستوں کو خاص طور پر مشرقی بحیرہ روم کے مسئلے سمیت ’علاقائی معاملات‘ پر ’انصاف پسند، غیر جانبدار اور معروضی‘ رہتے ہوئے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ بحیرہ روم کے مشرقی حصے پر ترکی اور یونان دونوں اپنا حق جتا رہے ہیں، جہاں تیل اور گیس کے وسیع ذخائر متوقع ہیں۔
[pullquote]بیلاروس: صدر لوکاشینکو کے خلاف نئے مظاہرے[/pullquote]
بیلاروس میں پولیس کی بڑی تعداد میں تعیناتی کے باوجود اتوار کے روز صدر الیکسزانڈر لوکا شینکو کے آمرانہ طرز حکومت کے خلاف بڑے مظاہرے ہوئے ہیں جن میں ایک لاکھ سے زائد لوگوں نے حصہ لیا۔ سرخ اور سفید پرچم اور پوسٹر ہاتھوں میں لیے مظاہرین نے دارالحکومت منسک کی سڑکوں پر مارچ کیا۔ ان مظاہرین میں طلبہ، کیتھولک پادریوں اور عام شہری خاندانوں نے حصہ لیا۔ انسانی حقوق کے کارکنوں کے مطابق کم از کم 150 مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے۔ منسک کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی صدر لوکو شینکو کے خلاف مظاہرے ہوئے۔
[pullquote]بھارت اور چین کے درمیان تناؤ بدستور عروج پر[/pullquote]
بھارت اور چین کے درمیان سرحدی تنازعے کے سبب تناؤ بدستور اپنے عروج پر ہے۔ بھارتی فوج نے کہا ہے کہ اس کے پانچ عام شہری لاپتہ ہیں جن کے بارے میں چینی فوج سے دریافت کیا گیا ہے کہ آیا وہ ان کے قبضے میں تو نہیں۔ بھارتی فوج کے مطابق پانچوں لاپتہ افراد کا تعلق ریاست اروناچل پردیش سے ہے جس پر چین بھی اپنا حق جتاتا ہے اور اسے جنوبی تبت کا نام دیتا ہے۔ بھارتی وزارت دفاع کے ترجمان لیفٹننٹ کرنل ہرش پردھان پانڈے کے مطابق ہفتے کے روز اس حوالے سے کیے گئے رابطے کا ابھی تک چین کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا۔
[pullquote]حادثاتی طور پر جج کو گیند مارنے پر نوواک جوکووچ یو ایس اوپن سے باہر[/pullquote]
ٹینس کے عالمی نمبر ایک کھلاڑی نوواک جوکووچ کو یو ایس اوپن ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ جوکووچ کی طرف سے غصے میں پھینکی گئی گیند ایک لائن جج کو لگنے کے بعد کیا گیا۔ میچ کے پہلے سیٹ میں اسپین کے کھلاڑی پابلو کاروینو سے پوائنٹ ہارنے کے بعد جوکووچ نے غصے سے گیند کو شاٹ مار کر باہر کی جانب پھینکا جو وہاں موجود خاتون لائن جج کے گلے پر جا لگی اور وہ پیچھے کی جانب جا گریں۔ جوکووچ بظاہر دوسری طرف دیکھ رہے تھے جب انہوں نے یہ حرکت کی۔ انہوں نے اس پر معذرت بھی کی مگر انتظامیہ نے انہیں ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ انہیں ٹورنامنٹ کا سب سے فیورٹ کھلاڑی قرار دیا جا رہا تھا۔