[pullquote]بیلا روس: حزب اختلاف رہنما ماریہ کولیسنی کووا کو یوکرائن کی سرحد پر گرفتار[/pullquote]
بیلا روس کی حزب اختلاف رہنما ماریہ کولیسنی کووا کو یوکرائن کی سرحد پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سرکاری اطلاعات کے مطابق کولیسنی کووا منگل اور بدھ کی درمیانی رات سرحد پار کر کے یوکرائن میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی تھیں۔ تاہم اس دوران اس خاتوں سیاستدان کے ہمراہ ان کے دو ساتھی اپنی اس کوشش میں کامیاب ہو گئے۔ ماریہ کولیسنی کووا پیر کے روز سے لاپتہ تھیں۔ اڑتیس سالہ کولیسنی کووا کا شمار ملکی صدر الیکزانڈر لوکاشینکو کی مخالفت کرنے والے اہم ترین سیاستدانوں میں ہوتا ہے۔
[pullquote]روس پر پابندیوں کے موثر ہونے پر جرمن وزیر کے تحفظات[/pullquote]
جرمن وزیر اقتصادیات پیٹر آلٹمائر نے روس کے خلاف اقدامات کے تناظر میں پابندیوں کے موثر ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ آلٹمائر کے بقول ان کے سامنے کوئی ایک بھی ایسی مثال نہیں ہے، جس میں پابندیوں کے ذریعے روس جیسے کسی ملک کا طرز عمل تبدیل ہوا ہو۔ کریملن کے ناقد رہنما الیکسی ناوالنی کو ایک روسی جیل میں زہر دینے کی وجہ سے جرمنی میں آج کل نارتھ سٹریم پائپ لائن منصوبے کو روکنے پر بحث جاری ہے۔ اس پائپ لائن کے ذریعے روس سے گیس جرمنی پہنچائی جائے گی۔ ناوالنی جرمنی میں زیر علاج ہیں۔
[pullquote]سربیا اور کوسوو کی طرف سے یروشلم میں سفارتخانہ کھولنے کے منصوبے پر یورپی یونین کی تنبیہ[/pullquote]
یورپی یونین نے سربیا اور کوسوو کی طرف سے یروشلم میں سفارتخانہ کھولنے کے منصوبے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متنبہ کیا ہے۔ یورپی کمیشن کے ترجمان پیٹر سٹانو نے کہا کہ یورپی یونین کے کسی بھی رکن ملک کا سفارتخانہ یروشلم میں نہیں ہے۔ ان کے بقول یہ تشویش اور افسوس کی بات ہے کیونکہ اس طرح یروشلم سے متعلق یورپی یونین کے مشترکہ موقف پر سوال کھڑے ہو سکتے ہیں۔ سربیا اور کوسوو دونوں ہی یورپی یونین میں شامل ہونے کی کوشش میں ہیں۔ وہ امریکا اور گوئٹے مالا کے بعد تل ابیب سے اپنے سفارتخانوں کو یروشلم منتقل کرنے والے پہلے یورپی ملک ہوں گے۔
[pullquote]آسٹریلوی صحافی کو قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے الزام میں حراست میں لیا ہے، چین[/pullquote]
چین نے سرکاری میڈیا کے لیے کام کرنے والی ایک آسٹریلوی صحافی کو قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے الزام میں حراست میں لیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق چینگ لائی کو چودہ اگست کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس بیان میں بتایا گیا کہ قانون کے مطابق اس معالے کی تفتیش ابھی جاری ہے۔ شینگ لی’سی جی ٹی این‘ میں بطور اینکر کام کر رہی تھیں۔ چینگ جنوری 2019ء کے بعد چین میں گرفتار کی جانے والی دوسری اہم آسٹریلوی صحافی ہیں۔ اس دوران دو مزید آسٹریلوی صحافی بل برٹلز اور مائیکل سمتھ گرفتاری کے ڈر سے چین سے فرار ہو کر اپنے ملک پہنچ چکے ہیں۔
[pullquote]فضائی آلودگی یورپ میں ہر سال لاکھوں اموات کی ذمہ دار[/pullquote]
یورپی یونین کے رکن ممالک میں ہر سال چار لاکھ سے زائد افراد فضائی آلودگی کے سبب قبل از وقت موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ یہ بات کوپن ہیگن میں قائم یورپی ماحولیاتی ایجنسی کی ریسرچ سے سامنے آئی ہے۔ اس ایجنسی نے تاہم یہ بات بھی واضح کی ہے کہ فضائی آلودگی کے حوالے سے یورپ میں صورتحال گزشتہ 30 برسوں کے دوران بہتر ہوئی ہے۔ 1990 میں فضائی آلودگی کے سبب ہونے والی قبل از وقت اموات کی تعداد 10 لاکھ تھی۔ رپورٹ کے مطابق فضائی آلودگی آج بھی ماحول کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے جس کے بعد صوتی آلودگی ہے جو یورپی یونین میں ہر سال 12 ہزار قبل از وقت اموات کی وجہ بنتی ہے۔
[pullquote]مہاجرین کے ساتھ رویہ، ایمنسٹی کی مالٹا پر تنقید[/pullquote]
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مہاجرین کے ساتھ سلوک پر مالٹا کی حکومت پر تنقید کی ہے۔ انسانی حقوق کی اس تنظیم کے مطابق مالٹا کے ادارے منظم انداز میں پناہ گزینوں کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔ بحیرہ روم پر واقع اس ریاست نے اپریل سے پناہ کے متلاشیوں کے لیے اپنی بندرگاہیں بند کر دی ہیں۔ مالٹا کے حکام نے کچھ دن قبل اکاون مہاجرین سے بھری ماہی گیروں کی ایک کشتی کو لیبیا واپس روانہ کر دیا تھا۔ ایمنسٹی نے بتایا کہ مصیبت میں گھرے افراد کو اس طرح واپس بھیجنا یا دھکیلنا انسانی حقوق کے یورپی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
[pullquote]سرحدی معاہدے کی خلاف ورزی ہم نے نہیں بلکہ چینی فوج نے کی، بھارتی فوج کا موقف[/pullquote]
بھارت نے سرحدی معاہدے کی خلاف ورزی کرنے کے چینی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی فوجیوں نے لداخ سیکٹر میں ہوائی فائرنگ کی ہے۔ بھارتی فوج کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ چینی فوج معاہدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اشتعال انگیز اقدامات کر رہی ہے، حالانکہ فوجی، سفارتی اور سیاسی سطح پر بات چیت کا عمل جاری ہے۔ بیان کے مطابق چینی فوجیوں نے لداخ سیکٹر میں بھارتی فوجی پوزیشن کے قریب آنے کی کوشش کی اور جب انہیں روکا گیا تو کچھ چینی فوجیوں نے ہوا میں فائرنگ کی۔ قبل ازیں چین نے کہا تھا کہ بھارتی فوجی اس کے علاقے میں داخل ہوئے۔
[pullquote]کووڈ انیس کی صورتحال تشویشناک ہے، فرانس[/pullquote]
فرانس نے کہا ہے کہ ملک میں کووڈ انیس کے حوالے سے صورتحال ’تشویشناک‘ ہے کیونکہ روزانہ کی بنیاد پر سامنے آنے والے نئے انفیکشنز کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ فرانسیسی وزیر صحت اولیویے ویراں نے تاہم یہ بھی کہا ہے کہ اس وائرس کی دوسری لہر سے بچنا پھر بھی ممکن ہے۔ ویراں کے مطابق اس وقت کورونا وائرس کی ری پروڈکش کی شرح 1.2 ہے جو رواں برس موسم بہار کے مقابلے میں کہیں زیادہ کم ہے۔ اُس وقت یہ شرح 3.2 سے 3.4 تک رہی تھی۔ فرانسیسی وزیر صحت کے مطابق وائرس کے بڑھنے کی رفتار کم تو ہے مگر پھر بھی یہ پھیل رہا ہے جو تشویشناک بات ہے۔
[pullquote]ترکی: نائٹ کلب میں فائرنگ کرنے والے کو 40 بار عمر قید کی سزا[/pullquote]
قریب ساڑھے تین برس قبل استنبول کے ایک نائٹ کلب میں فائرنگ کر کے 39 افراد کو ہلاک کرنے والے مجرم کو عدالت نے 40 مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ ازبک شہری عبدالقادر مشاری پوف نے 2017ء کا سال شروع ہونے کی شب رائنا نامی کلب میں فائرنگ کر دی تھی۔ اس واقعے میں 79 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم داعش نے قبول کی تھی۔ عبدالقادر مشاری پوف نے ابتدائی طور پر اپنا جرم تسلیم کیا تھا تاہم بعد میں اس نے اپنا بیان بدل لیا۔
[pullquote]اسرائیل میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی نئی ریکارڈ روزانہ تعداد[/pullquote]
اسرائیل میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا انفیکشن کے 3,392 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اسرائیلی وزارت صحت کے مطابق یہ کسی ایک دن کے دوران کورونا انفیکشنز کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ اس سے قبل دو ستمبر کو 3,173 نئے کیسز سامنے آئے تھے۔ کورونا کی وبا کے آغاز سے اب تک اسرائیل میں مجموعی طور پر 135,043 افراد میں کووڈ انیس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ اس مہلک وائرس کے سبب اموات کی تعداد 1.026 ہے۔
[pullquote]سری لنکا کے ساحل کے قریب آئل ٹینکر میں دوبارہ آگ بھڑک اٹھی[/pullquote]
سری لنکا کے ساحل کے قریب خام تیل سے بھرے ’نیو ڈائمنڈ‘ نامی آئل ٹینکر میں ایک بار پھر آگ بھڑک اٹھی ہے۔ سری لنکن نیوی کے ترجمان کے مطابق یہ آگ ’تشویشناک‘ ہے۔ دوبارہ آگ بھڑکنے کی وجہ ممکنہ طور پر تیز ہوائیں اور ٹینکر پر درجہ حرارت میں اضافہ ہے۔ اس آئل ٹینکر پر دو لاکھ 80 ہزار ٹن خام تیل موجود ہے تاہم ابھی تک آگ اس تیل تک نہیں پہنچی۔ ابھی تک اس ٹینکر کے ڈوبنے کا خطرہ ظاہر نہیں کیا گیا۔ اس ٹینکر میں پہلی مرتبہ آگ جمعرات تین ستمبر کو لگی تھی۔
[pullquote]ایکواڈور کی سپریم کورٹ نے سابق صدر کی سزائے قید کی تصدیق کر دی[/pullquote]
ایکواڈور کی سپریم کورٹ نے سابق صدر رافائل کورئیا کو سنائی جانے والی جیل کی سزا کی بحال رکھی ہے۔ دفتر استغاثہ کے مطابق ججوں نے سزا کے خلاف تمام اپیلیں مسترد کر دی ہیں۔ کورئیا کو رواں برس اپریل میں اس بات کا مجرم قرار دیا گیا تھا کہ انہوں نے 2013ء میں اپنی انتخابی مہم کے لیے فنڈنگ کے دوران بدعنوانی کی تھی۔ اس فیصلے کے بعد کورئیا کے لیے ملکی سیاست میں واپسی کا امکان ختم ہو گیا ہے۔ وہ ان دنوں بیلجیم میں مقیم ہیں۔