[pullquote]خطے میں اسرائیل کی عسکری برتری قائم رکھنے میں مدد کریں گے، امریکا[/pullquote]
امریکی وزیر دفاع مارک اَیسپر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ واشنگٹن مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کی عسکری برتری قائم رکھنے میں اس کی مدد کرے گا۔ یہ بات مارک اَیسپر نے امریکا کے دورے پر گئے ہوئے اسرائیلی وزیر دفاع بَینی گَینٹس کے ساتھ پینٹاگون میں ایک ملاقات کے موقع پر کہی۔ اَیسپر نے کہا کہ یہ بات امریکی اسرائیلی دفاعی تعلقات کا ایک اہم حصہ ہے کہ اسرائیل کو مشرق وسطیٰ میں حاصل عسکری برتری قائم رہنا چاہیے۔ اسرائیل خطے کا وہ واحد ملک ہے، جس کو امریکا نے ایف پینتیس جنگی طیارے مہیا کر رکھے ہیں۔ اسرائیل یہ نہیں چاہتا کہ امریکا اب متحدہ عرب امارات کو بھی ایسے جنگی طیارے فراہم کرے۔
[pullquote]روسی اپوزیشن سیاست دان ناوالنی برلن کے ہسپتال سے فارغ کر دیے گئے[/pullquote]
روس میں صدر پوٹن پر تنقید کرنے والے اپوزیشن سیاست دان الیکسی ناوالنی کو برلن کے شاریٹے ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے، جہاں وہ زیر علاج تھے۔ انہیں روس میں انتہائی خطرناک زہر دیا گیا تھا، جس کے بعد انہیں علاج کے لیے جرمنی لا کر برلن کے اس ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا تھا۔ ڈاکٹروں نے آج بدھ کے روز بتایا کہ اس روسی سیاست دان کی صحت میں واضح بہتری کے بعد انہیں منگل کی رات ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔ ناوالنی بتیس دن شاریٹے ہسپتال میں زیر علاج رہے، جن میں سے چوبیس دن انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا تھا۔ ناوالنی کی ترجمان کے مطابق وہ واپس روس لوٹنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاہم ابھی واپسی کی تاریخ طے نہیں ہے۔
[pullquote]بیلاروس کے لوکاشینکو کی خفیہ تقریب میں چھٹی مرتبہ صدارتی حلف برداری[/pullquote]
سیاسی بحران اور عوامی مظاہروں کی زد میں آئے ہوئے ملک بیلاروس کے صدر الیکسانڈر لوکاشینکو نے ایک خفیہ تقریب میں چھٹی مرتبہ صدارتی عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ اس حلف برداری کی سرکاری نیوز ایجنسی بَیلٹا نے تصدیق کر دی ہے۔ ایسا کوئی قبل از وقت سرکاری اعلان نہیں کیا گیا تھا کہ لوکاشینکو آج دوبارہ منتخب ہونے والے صدر کے طور پر حلف اٹھا رہے تھے۔ نو اگست کے متنازعہ صدارتی الیکشن میں ایک بار پھر لوکاشینکو کی کامیابی کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں عوامی مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔ چھیاسٹھ سالہ لوکاشینکو گزشتہ چھبیس برسوں سے اقتدار میں ہیں۔ اپوزیشن کی خاتون رہنما سوَیتلانا تِیخانوفسکایا کے مطابق یہ الیکشن دراصل انہوں نے جیتا تھا۔ روسی صدر پوٹن لوکاشینکو کے بہت بڑے حمایتی ہیں۔
[pullquote]کشمیر میں بھارتی دستوں کی فائرنگ سے دو پاکستانی فوجی ہلاک[/pullquote]
کشمیر کے متنازعہ علاقے میں بھارتی دستوں کی ’فائرنگ اور سیزفائر کی بلااشتعال خلاف ورزی‘ کے نتیجے میں آج بدھ کے روز دو پاکستانی فوجی مارے گئے۔ پاکستانی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ بھارت کے زیر انتظام حصے سے اس فائرنگ کے بعد پاکستانی دستوں نے بھی جوابی فائرنگ کی۔ دوسری طرف بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ کنٹرول لائن کے آر پار یہ جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب مبینہ طور پر پاکستانی فوجیوں نے پونجھ میں کنٹرول لائن کے پار سے بھارتی دستوں پر فائرنگ شروع کر دی۔
[pullquote]جرمنی میں گوشت کی صنعت کے لیے کارکنوں کی اسمگلنگ کے خلاف کئی صوبوں میں چھاپے[/pullquote]
جرمن پولیس نے آج بدھ کو علی الصبح مختلف وفاقی صوبوں میں چھاپے مارے۔ ان کارروائیوں کا مقصد گوشت کی ملکی صنعت میں کام کے لیے غیر ملکی کارکنوں کی اسمگلنگ کی روک تھام بتایا گیا ہے۔ اس دوران وفاقی صوبوں سیکسنی انہالٹ، لوئر سیکسنی، برلن اور نارتھ وائن ویسٹ فیلیا میں تقریباﹰ آٹھ سو پولیس اہلکاروں نے چالیس سے زیادہ رہائشی اور دفتری عمارات کی تلاشی لی۔ یہ چھاپے ان اطلاعات کے بعد مارے گئے کہ گوشت کی پیداواری صنعت کے کئی بڑے اداروں نے اپنے ہاں کام کرنے کے لیے بہت سے مشرقی یورپی باشندوں کو جعلی یا ترمیم شدہ دستاویزات استعمال کرتے ہوئے جرمنی بلایا تھا۔ اس بارے میں جرمن حکام اپریل کے مہینے سے چھان بین کر رہے تھے۔
[pullquote]چین 2060ء تک سبز مکانی گیسوں کے اخراج کے حوالے سے ’نیوٹرل‘ ہو جانے کا خواہش مند[/pullquote]
چین کی کوشش ہو گی کہ وہ چار عشرے بعد سن دو ہزار ساٹھ تک فضا میں سبز مکانی گیسوں کے اخراج کے حوالے سے ’نیوٹرل‘ ہو جائے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ پھر چین کی وجہ سے فضا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس کے اخراج کا سالانہ میزانیہ صفر ہو جائے گا۔ بیجنگ حکومت کے اپنے لیے طے کردہ اس ہدف کا اعلان صدر شی جن پنگ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک بحث کے دوران کیا۔ چین سبز مکانی گیسوں کے اخراج کا باعث بننے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے، جو عالمی سطح پر ایسی گیسوں کے فضا میں اخراج میں سے اکیلا ہی تقریباﹰ ایک چوتھائی کا ذمے دار ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ چین نے اپنے ماحولیاتی حوالے سے ’نیوٹرل‘ ہو جانے کے لیے کوئی وقت مقرر کیا ہے۔
[pullquote]سمندر میں گیس کے ذخائر کا تنازعہ: ترکی اور یونان مذاکرات کی بحالی پر متفق[/pullquote]
ترکی اور یونان گیس کے زیر سمندر ذخائر سے متعلق تنازعے میں آپس میں مذاکرات کی بحالی پر متفق ہو گئے ہیں۔ یہ مذاکرات گزشتہ چار سال سے معطل ہیں۔ ایتھنز میں یونانی وزارت خارجہ نے بتایا کہ یہ بات چیت جلد ہی استنبول میں ہو گی۔ ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے تجویز دی ہے کہ اس مکالمت میں ترک جمہوریہ شمالی قبرص کو بھی شامل کیا جائے۔ مشرقی بحیرہ روم کے علاقے میں حال ہی میں قدرتی گیس کے ذخائر سے متعلق ترکی اور یونان اور ترکی اور قبرص کے مابین ایک کثیر الجہتی تنازعہ کافی شدید ہو گیا تھا۔
[pullquote]انگلینڈ میں کورونا وائرس کی وبا کے خلاف حکومتی اقدامات اب مزید سخت[/pullquote]
برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے انگلینڈ میں کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام کے لیے حکومتی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں۔ انہوں نے لندن میں ملکی پارلیمان سے اپنے خطاب میں کہا کہ انگلینڈ میں عام کارکنوں کو جہاں تک ممکن ہو سکے، دوبارہ اپنے گھروں سے کام کرنا چاہیے۔ اس کے علاوہ شراب خانوں اور ریستورانوں کو اپنے ہاں آنے والے مہمانوں کے لیے اپنی خدمات بھی محدود کرنا ہوں گی۔ تاہم اسکول اور یونیورسٹیاں کھلے رہیں گے اور معیشت کو بھی زیادہ سے زیادہ حد تک فعال اور پیداواری رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔ جانسن نے تنبیہ کی کہ کئی دیگر ممالک کی طرح برطانیہ میں بھی کورونا وائرس کی وبا دوبارہ خطرناک رخ اختیار کر چکی ہے۔
[pullquote]چینی بھارتی سرحدی تنازعہ: فوجی مذاکرات میں پیش رفت کی تصدیق[/pullquote]
چین اور بھارت کے مابین سرحدی تنازعے کے حل کے لیے فوجی قیادت کی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں کچھ پیش رفت ہوئی ہے۔ اطراف کے مابین اتفاق رائے ہو گیا ہے کہ وہ لداخ کے پہاڑی علاقے کے متنازعہ سرحدی حصے میں اپنے اپنے مزید فوجی تعینات نہیں کریں گے۔ یہ بات باہمی فوجی مذاکرات کے بعد منگل کو رات گئے ایک مشترکہ بیان میں کہی گئی۔ دونوں ہمسایہ لیکن حریف ممالک کے مابین یہ متنازعہ سرحد لائن آف ایکچوئل کنٹرول کہلاتی ہے۔ لداخ کے سرحدی علاقے میں مئی میں دونوں ملکوں کے مابین تنازعہ پھر شروع ہو گیا تھا۔ جون میں اسی تنازعے کے دوران بیس بھارتی فوجی مارے گئے تھے۔
[pullquote]جرمنی میں کورونا وائرس کے ایک دن میں تقریباﹰ اٹھارہ سو نئے کیسز[/pullquote]
جرمنی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے تقریباﹰ اٹھارہ سو نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ یہ بات ملک میں وبائی امراض کی روک تھام کے ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ نے بدھ کے روز بتائی۔ ان سترہ سو ستر نئی انفیکشنز کے ساتھ جرمنی میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد اب تقریباﹰ دو لاکھ چھیہتر ہزار ہو گئی ہے۔ اسی دوران مزید تیرہ ہلاکتوں کے ساتھ ملک میں کووڈ انیس کے باعث اموات کی مجموعی تعداد بھی اب نو ہزار چار سو نو ہو گئی ہے۔
[pullquote]چار اکتوبر سے سخت شرائط کے تحت عمرے کی دوبارہ اجازت[/pullquote]
سعودی حکومت نے سات ماہ کے تعطل کے بعد چار اکتوبر سے عام مسلمانوں کو عمرے کی دوبارہ اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس فیصلے پر عمل درآمد مرحلہ وار اور انتہائی سخت شرائط کے تحت کیا جائے گا۔ ملکی وزارت داخلہ نے اعلان کیا کہ اکتوبر کے پہلے اتوار کے دن سے عمرے پر سات ماہ قبل عائد کردہ پابندی نرم کر دی جائے گی۔ تب روزانہ چھ ہزار مسلمانوں کو عمرے کی اجازت ہو گی۔ شروع میں اس نرمی کا اطلاق سعودی شہریوں اور سعودی عرب میں مستقل رہائش پذیر غیر ملکیوں پر ہو گا۔ بیرون ملک سے مسلمانوں کو عمرے کے لیے سعودی عرب آنے کی اجازت نومبر میں دی جائے گی۔ تب روزانہ بیس ہزار مسلمان عمرہ کر سکیں گے۔
[pullquote]ہاؤس آف کامنز نے برطانوی داخلی منڈی سے متعلق متنازعہ قانون منظور کر لیا[/pullquote]
برطانوی پارلیمان کے ایوان زیرین نے وزیر اعظم بورس جانسن کی حکومت کی طرف سے پیش کردہ ملکی داخلی منڈی سے متعلق متنازعہ قانون منظور کر لیا ہے۔ ہاؤس آف کامنز کے ارکان نے اکثریتی رائے سے اس مسودہ قانون کی منظوری دے دی۔ اس قانون کے تحت لندن حکومت کے لیے بریگزٹ معاہدے میں طے شدہ ان ضوابط سے انحراف ممکن ہو جائے گا، جن کے تحت مستقبل میں برطانوی صوبے شمالی آئرلینڈ میں یورپی یونین کے کسٹمز قوانین کا اطلاق ہونا ہے۔ یہ قانون خود جانسن کی اپنی قدامت پسند پارٹی میں بھی متنازعہ ہے،کیونکہ ناقدین کے مطابق یوں برطانیہ کی بین الاقوامی قوانین کے احترام سے متعلق ساکھ مجروح ہو گی۔ اب یہ قانون ہاؤس آف لارڈز میں منطور کیا جانا ہے، لیکن وہاں جانسن کی ٹوری پارٹی کو اکثریت حاصل نہیں ہے۔