منگل : 17 نومبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جرمنی اور نيٹو افغانستان سے غير ملکی افواج کے انخلاء کے خلاف[/pullquote]

جرمن وزير دفاع آنےگريٹ کرامپ کارن باؤر نے کہا ہے کہ افغانستان سے غير ملکی افواج کے انخلاء کا فيصلہ زمينی حقائق و صورتحال کے مطابق ہونا چاہيے۔ خاتون وزير نے مزيد کہا کہ افغانستان ميں جاری امن مذاکرات ابھی تک مطلوبہ نتائج برآمد کرانے ميں ناکام ثابت ہوئے ہيں۔ دريں اثناء نيٹو کے سيکرٹری جنرل ژينس اشٹولٹن برگ نے خبردار کيا کہ افغانستان سے افواج کے قبل از وقت انخلاء کی بھاری قيمت چکانی پڑ سکتی ہے۔ اشٹولٹن برگ کے بقول نيٹو افغانستان ميں بيس سال سے سرگرم ہے گو کہ وہ انخلاء کے خواہشمند ہيں مگر زمينی حقائق فی الحال اس کی اجازت نہيں ديتے۔ يہ بيانات امريکی صدر کے اس تازہ بيان کے رد عمل ميں سامنے آ رہے ہيں، جس ميں انہوں نے افغانستان سے مزيد امريکی دستوں کے انخلاء کا عنديہ ديا۔

[pullquote]افغانستان اور عراق سے مزيد امريکی دستوں کا انخلاء جلد ممکن[/pullquote]

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ افغانستان اور عراق ميں تعينات ملکی دستوں ميں مزيد کٹوتی کا اعلان کرنے والے ہيں۔ اس وقت افغانستان ميں ساڑھے چار تا پانچ ہزار جبکہ عراق ميں تين ہزار امريکی فوجی تعينات ہيں۔ مجوزہ کٹوتی کے بعد دونوں ملکوں ميں امريکی فوجيوں کی مجموعی تعداد صرف ڈھائی ہزار کے قريب رہ جائے گی۔ اس منصوبے کے بارے ميں فوجی کمانڈرز کو گزشتہ ہفتے کے اختتام پر آگاہ کيا گيا مگر فی الحال اس بارے ميں باقاعدہ حکام نامہ جاری نہيں کيا گيا ہے۔ امريکی عسکری قيادت دونوں ملکوں سے قبل از وقت انخلاء کے خلاف ہے اور کئی مرتبہ تنبيہ کر چکی ہے کہ جلد بازی میں کیے گئے ايسے کسی فيصلے کے منفی نتائج مرتب ہو سکتے ہيں۔ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے سربراہان نے ٹرمپ کے افغانستان سے تیزی سے امریکی فوجی انخلاء کے لیے متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جلد بازی ہوگی۔

[pullquote]ڈونلڈ ٹرمپ نے ايران پر حملے کے بارے ميں تبادلہ خيال کيا، نيو يارک ٹائمز[/pullquote]

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے مشيروں سے ايران پر حملے کے بارے ميں تبادلہ خيال کيا ہے۔ يہ انکشاف نيو يارک ٹائمر ميں پير کو چھپنے والی ايک رپورٹ ميں کيا گيا ہے۔ رپورٹ ميں چار موجودہ و سابقہ اہلکاروں کے حوالے سے لکھا ہے کہ ٹرمپ کو متنازعہ ايرانی جوہری تنصيابات پر فوجی حملوں سے اجتناب کرنے کا مشورہ ديا گيا۔ ان اہلکاروں نے صدر سے کہا کہ ايران کے خلاف ممکنہ عسکری کارروائی پھيل کر پورے خطے کو اپنی لپيٹ ميں لے سکتی ہے۔ انٹرنيشنل اٹامک انرجی ايجنسی نے حال ہی ميں اپنی ايک رپورٹ ميں بتايا تھا کہ ايران نے يورينيئم کی افزودگی کا عمل بڑھا ديا ہے، جس کے رد عمل ميں يہ اجلاس منعقد ہوا۔

[pullquote]ترکی کے حاليہ اقدامات سے نمٹنے کے ليے مل کر کام کرنا ہو گا، پومپيو[/pullquote]

امريکی وزير خارجہ مائيک پومپيو نے کہا ہے کہ ترکی کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ اور خطے ميں حاليہ اقدامات سے نمٹنے کے ليے امريکا اور يورپ کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے يہ بات پيرس ميں ايک فرانسيسی اخبار سے بات چيت کے دوران کہی۔ پومپيو کے بقول صدر ايمانوئل ماکروں ان کی اس بات سے متفق ہيں کہ ترکی کے چند حاليہ اقدامات انتہائی جارحانہ ہيں۔ بحيرہ روم اور ليبيا ميں ترک عسکری مداخلت پر مغربی ممالک تشويش کا شکار ہيں۔ پوميو ان دنوں کئی ممالک کے دورے پر ہيں۔ گزشتہ روز وہ فرانسیسی صدر ماکروں سے بھی ملے تاہم اس بارے ميں زيادہ تفصيلات جاری نہيں کی گئيں۔

[pullquote]کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد پچپن ملين سے زائد[/pullquote]

دنيا بھر ميں کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد پچپن ملين سے زائد ہو گئی ہے جبکہ اس وبائی مرض سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد اب تيرہ لاکھ ستائيس ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ چينی شہر ووہان سے گزشتہ برس کے اواخر ميں پھيلنے والا نيا کورونا وائرس اس وقت دنيا کے 210 ممالک اور خطوں ميں پھیل چکا ہے۔ امريکا ايک کروڑ بارہ لاکھ سے زائد متاثرين اور دو لاکھ سينتاليس ہزار سے زائد اموات کے ساتھ اس وبا سے سب سے زيادہ متاثرہ ملک ہے۔ بھارت دوسرا اور برازيل تيسرا سب سے زيادہ متاثرہ ملک ہے۔

[pullquote]بحرین کے وزیر خارجہ عبدالطیف الزیانی کا دورہ اسرائیل[/pullquote]

بحرین کے وزیر خارجہ عبدالطیف الزیانی اسرائیل کا دورہ کرنے والے ہیں۔ حال ہی میں امریکا کی ثالثی کے بعد دونوں ملکوں نے سفارتی تعلقات قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس دورے کا مقصد فریقین کے مابين رشتوں کو مضبوط کرنا ہے۔ الزیانی کے ساتھ ایک وفد بھی تیل ابیب روانہ ہوگا۔ یہ دونوں ملکوں کے درمیان حکومتی سطح پر پہلا تاریخی دورہ ہوگا۔ وزیر خارجہ اپنے دورے کے دوران اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو سے ملاقات کے ساتھ ساتھ اسی دوران اسرائیل کا دورہ کرنے والے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے بھی بات چیت کریں گے۔ امریکا کی مدد سے 15 ستمبر کو اسرائیل اور بحرین کے درمیان سفارتی تعلقات قائم کرنے کا ایک معاہدہ طے پایا تھا۔

[pullquote]ہر پانچ ميں سے چار بڑی قدرتی آفات موسمياتی تبديلوں کی وجہ سے آئيں، ريڈ کراس[/pullquote]

ريڈ کراس کی قدرتی آفات پر سالانہ رپورٹ ميں يہ انکشاف کيا گيا ہے کہ پچھلی ايک دہائی کے دوران آنے والی ہر پانچ ميں سے چار بڑی قدرتی آفات موسمياتی تبديلوں کی وجہ سے آئيں۔ سن 2010 سے لے کر اب تک چار لاکھ دس ہزار افراد سيلابوں، طوفانوں اور شديد گرمی کی لہروں کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہيں۔ منگل کو جنيوا ميں جاری کی گئی سالانہ ورلڈ ڈيزاسٹر رپورٹ ميں مزيد بتايا گيا ہے کہ سن 1990 کی دہائی کے بعد سے موسمياتی تبديليوں کی وجہ سے نمودار ہونے والی قدرتی آفات کی آمد ميں ہر دہائی پينتيس فيصد کا اضافہ ريکارڈ کيا گيا۔ ريڈ کراس نے اقوام عالم پر زور ديا ہے کہ موسمياتی تبديليوں سے اسی طرح نمٹا جائے، جيسے کورونا سے نمٹا جا رہا ہے کيونکہ يہ معاملہ بھی اتنا ہی سنجيدہ ہے۔

[pullquote]اسپيس ايکس کا نيا کيپسول آئی ايس ايس پہنچ گيا[/pullquote]

اسپيس ايکس کا نيا کيپسول پير کی رات انٹرنيشنل اسپيس اسٹيشن پہنچ گيا ہے۔ يہ خلائی جہاز ناسا کے کينيڈی اسپيس اسٹيشن سے خودکار طريقے سے روانہ ہوا تھا اور ستائيس گھنٹوں کا سفر طے کرنے کی بعد گزشتہ رات آئی ايس ايس پر پہنچا۔ ساتھ ہی چار خلاباز بھی اسپيشن پر پہنچے، جو اب آئندہ چھ ماہ وہيں گزاريں گے۔ ان خلا بازوں ميں تين امريکی اور ايک جاپانی شامل ہيں۔ اسپيس ايکس کا يہ دوسرا مشن ہے۔

[pullquote]روس نے ہيکنگ سے متعلق مائکروسافٹ کے الزامات کو بے بنياد قرار ديا[/pullquote]

روس نے مائکروسافٹ کے ان الزامات کو بے بنياد قرار ديا ہے، جن ميں اس ٹيکنالوجی کمپنی نے دعوی کيا تھا کہ کورونا وائرس پر تحقيق اور اس کے انسداد کے ليے ويکسين کی تياری ميں ملوث کمپنيوں کو روس کی جانب سے سائبر حملوں کا نشانہ بنايا گيا۔ نائب وزير خارجہ سيرگئی رباکووف نے کہا کہ ايسے الزامات سياسی نوعيت کے ہيں۔ انہوں نے مزيد بتايا کہ ان کا ملک خود ايسے سائبر حملوں کا ہدف بنا رہا ہے۔ مائکروسافٹ نے گزشتہ ہفتے يہ الزام عائد کيا تھا کہ سائبر حملے شمالی کوريا اور روس سے کيے گئے۔ يہ امر اہم ہے کہ کورونا کی تحقيق ميں سرگرم کئی کمپنيوں کے اکاؤنٹ ہيک ہو چکے ہيں۔

[pullquote]کرکٹرکی ہندو دیوتاؤں کے لیے وقف تقريب ميں شرکت اور پھر معافی[/pullquote]

بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شکیب الحسن نے ہندو دیوتاؤں کے لیے وقف ایک تقریب میں شرکت کے بعد اپنے اس عمل پر معافی مانگ لی ہے۔ کولکتہ میں منعقد ہونے والی تقریب میں شرکت کے بعد اسلام پسندوں نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنايا حتی کہ انہيں دھمکياں بھی دی گئيں۔ شديد عوامی ردعمل کے بعد شکیب الحسن نے ایک آن لائن فورم پر پیر کی شب معافی مانگی۔ ایک فیس بک لائیو فورم پر ایک شخص نے شکیب کو جان سے مار ڈالنے کی دھمکیاں دی تھیں۔ ڈھاکا پولیس کا کہنا ہے کہ دھمکی دینے والے اس شخص کی گرفتاری کی کوشش جاری ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے