وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کراچی پہنچ گئے۔
شیخ رشید پولیس اور رینجرز کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کریں گے، صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورت حال کا جائزہ لیں گے۔
وفاقی وزیرداخلہ کو شکارپور میں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔
وزیرداخلہ شیخ رشید امن وامان پر کراچی میں ہنگامی اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس رینجرز ہیڈکوارٹر میں ہوگا، وزیر داخلہ کراچی اور سندھ میں امن وامان سے متعلق اجلاس میں اہم فیصلے کریں گے۔
وزیرداخلہ شیخ رشید کی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کل صبح 10 بجے ہوگی، ملاقات میں صوبے میں امن وامان اور وفاق سے جڑے امور کا جائزہ لیا جائے گا، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی گورنر سندھ سے ون آن ون ملاقات کل ہوگی۔
[pullquote]مراد علی شاہ کا وزیر داخلہ کی کراچی آمد سے لاعلمی کا اظہار[/pullquote]
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی کراچی آمد سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔
شکارپور میں صحافیوں سے گفتگو میں مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ انہیں یا سندھ حکومت کے حکام میں سے کسی کو اس متعلق کوئی اطلاع نہیں۔
انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کو آنا ہے تو ضرور آئیں کچے کے علاقے میں بھی آئیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کچے کے تمام علاقوں کو خالی کرایا جائے گا۔