وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پہلے ڈیڑھ دو سال ملک کو مستحکم کیا ، اب ملک اوپر جارہا ہے۔
بہاولپور میں کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جس ملک کے پاس 12 موسم ہوں، وہ ملک ہرچیز اُگا سکتا ہے، کسان کمائے گا، زمین پر لگائے گا، ملک کو فائدہ ہوگا اور مہنگائی نیچے آئے گی۔
وزیراعظم عمران خان نےکہا کہ پہلے پاکستان دنیاکو اشیاء برآمد کرتا تھا،کسانوں کی حوصلہ افزائی کریں گےتواجناس کی قیمتیں کم ہوں گی،جتنی چیزیں جوباہرسے منگواتےہیں وہ پاکستان میں اگاسکتےہیں،کسانوں کی کمائی دگنی کرنے سے ملک کو فائدہ ہوگا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سائنس وتحقیق سےکپاس کوکیڑوں سےبچاسکتے اور زیادہ پیداوار بھی کرسکتےہیں، خوشی ہوئی کہ آج یہ کام بہاولپورکی یونیورسٹی نے شروع کیا ہے، یونیورسٹی کو وزیراعلیٰ فنڈز بھی فراہم کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ملک میں لوگوں کوغربت سےنکالنا ہے،انسانیت کا تقاضہ ہے جو لوگ پیچھےرہ گئے ہیں انہیں اوپر اٹھائیں،ریاست مدینہ کابنیادی اصول یہی تھاکہ کمزورطبقےکی مدد کریں۔
انہوں نے کہا کہ آج سے 35 سال پہلے چین اور بھارت ایک جگہ پر تھے، چین نے غریب طبقے پر کام کیا، آج چین کو آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا اور بھارت غربت سے لڑرہا ہے ۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کسانوں کو سبسڈی کارڈ اور سال کے آخر تک پنجاب کے سارے خاندانوں کو ہیلتھ انشورنس کارڈ دینے کا اعلان بھی کیا۔