پنجاب اور کے پی کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں سے مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں آندھی اور طوفان کی وجہ سے کئی مقامات پر درخت اور بجلی کے کھمبے گر گئے۔
ادھر پشاور میں بھی آندھی اور بارش ہوئی جس کی وجہ سے درخت اکھڑ گئے، سولر پینلز اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، اٹک میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ مظفرآباد میں کلاؤڈ برسٹ سے 3افراد جاں بحق، متعدد مکانات اور مسجد کونقصان پہنچا۔
اس کے علاوہ لینڈ سلائیڈنگ سے 8 مقام پر شاہراہ نیلم مختلف مقامات پر بند ہوگئی، دیامر، بابوسر ٹاپ پر برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، چلاس میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم دیامر اور لوئر کوہستان کے مقام پر بند ہے۔
خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں ژالہ باری اور بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی جبکہ کے پی میں مختلف حادثات میں 3 افرادجاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوگئے۔
مزیدبراں پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی کہیں گَرد کے طوفان اور کہیں بارش ریکارڈ کی گئی، ملتان ریلوے روڈ پر تیزہواؤں کے باعث پول گر گئے،کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، پرانا شجاع آباد روڈ پر آندھی کے باعث مکان کی دیوار گرگئی کس کے باعث 10 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی۔