تربت سول سوسائٹی نے حکومتِ بلوچستان کی جانب سے سیاسی کارکنوں، بالخصوص بلوچ خواتین ایکٹیویسٹس کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سول سوسائٹی کی جانب سے جاری بیان میں اس اقدام کو جمہوری و آئینی اصولوں کی خلاف ورزی اور اظہارِ رائے و نقل و حمل کی آزادی پر قدغن قرار دیتے ہوئے اسے انتقامی کارروائی سے تعبیر کیا گیا۔
فورتھ شیڈول میں شامل ناموں میں انسانی حقوق کی عالمی شہرت یافتہ کارکن سمی دین بلوچ، بی وائی سی کی رہنما ڈاکٹر صبیحہ بلوچ، بلوچ خواتین کو منظم کرنے والی رہنما ڈاکٹر شلی بلوچ، سیاسی کارکن سید بی بی اور ناز گل شامل ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ فہرست میں شامل تمام سیاسی کارکن پرامن جدوجہد اور جمہوری اقدار کے علمبردار ہیں۔
تربت سول سوسائٹی نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر ان ناموں کو فورتھ شیڈول سے نکالے اور بلوچستان میں سیاست پر عائد غیر اعلانیہ پابندیوں کا خاتمہ کرے تاکہ شہری اپنے بنیادی حقوق آزادانہ طور پر استعمال کر سکیں۔