انڈیا کی لیجنڈری گلوکارہ آشا بھوسلے کے انتقال پر اُن کو خراجِ عقیدت پیش کرنے پر پیمرا نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے.
جیو نیوز کے مینجنگ ڈائریکٹر اظہر عباس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کیا ہے کہ پیمرا نے جیو نیوز کو برصغیر کی مشہور گلوکارہ آشا بھوسلے سے متعلق مواد نشر کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کیا ہے۔
اظہر عباس نے کہا کہ جب کسی بڑے آرٹسٹ کے بارے میں رپورٹنگ کی جاتی ہے تو ان کے کام پر نظر کرنا اور اُن کے کام کو منانا ہمیشہ سے رائج رہا ہے۔ درحقیقت، آشا بھوسلے کے مقام کے ایک آرٹسٹ کے لیے، ہمیں ان کے کچھ لازوال اور یادگار گانے بھی شیئر کرنے چاہییں تھے جتنے ہم نے کیے۔ پھر بھی، پاکستان کے الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹر (پیمرا) نے اسے محدود کرنے کا انتخاب کیا ہے۔
جیو نیوز کے ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ فن، علم کی طرح، انسانیت کی مشترکہ میراث ہے اور اسے سرحدوں میں محدود نہیں ہونا چاہیے۔ آشا بھوسلے خود پاکستان کی مشہور گلوکارہ نور جہاں کی تعریف کرتی تھیں، جنہیں وہ محبت سے اپنی ‘بڑی بہن’ کہتی تھیں۔ انہوں نے نصرت فتح علی خان کے ساتھ کام کیا اور بڑے اردو شاعروں جیسے ناصر کاظمی کی شاعری کو زندہ کیا۔
اظہر عباس کے مطابق جنگ اور تنازعے کے وقت فن اور فنکار نشانہ نہیں ہوبننے چاہییں۔ دانشور، موسیقار، اور تخلیق کار اکثر وہ آوازیں ہوتی ہیں جو نفرت اور تقسیم کے خلاف کھڑی ہوتی ہیں، اور یہی لوگ ہیں جو لوگوں کو قریب لاتے ہیں۔