اُف تک نہ کہو

اللہ کے بابرکت نام سے شروع کرتا ہوں، جس نے والدین کے نہایت محترم، پاکیزہ اور پُرخلوص رشتے کو نعمت، رحمت، عزت اور عافیت کے ساتھ انسان کو عطا کیا، اور اُن کے ساتھ سلوک کے بدلے میں خیر و شر، ثواب و عذاب کی پوری ترتیب کا احاطہ فرما دیا۔

ابھی مغرب کی نماز کے بعد احسن البیان میں سورۃ الاحقاف کی آیت 15 پڑھنے کا شرف حاصل ہوا، اور پڑھتا چلا گیا، رکتا چلا گیا۔ والدین کے ساتھ سلوک، اُن کے ہاں عزت سے پیش آنے اور اُنہیں اُف تک نہ کہنے کا پوری زندگی پر پھیلا ہوا ڈھانچہ اللہ پاک نے اتنی باریک بینی سے کھینچ دیا ہے کہ دل عش عش کرتا رہ جاتا ہے۔

وَوَصَّيْنَا الْإِنسَانَ بِوَالِدَيْهِ إِحْسَانًا ۖ حَمَلَتْهُ أُمُّهُ كُرْهًا وَوَضَعَتْهُ كُرْهًا ۖ وَحَمْلُهُ وَفِصَالُهُ ثَلَاثُونَ شَهْرًا ۚ حَتَّىٰ إِذَا بَلَغَ أَشُدَّهُ وَبَلَغَ أَرْبَعِينَ سَنَةً قَالَ رَبِّ أَوْزِعْنِي أَنْ أَشْكُرَ نِعْمَتَكَ الَّتِي أَنْعَمْتَ عَلَيَّ وَعَلَىٰ وَالِدَيَّ وَأَنْ أَعْمَلَ صَالِحًا تَرْضَاهُ وَأَصْلِحْ لِي فِي ذُرِّيَّتِي ۖ إِنِّي تُبْتُ إِلَيْكَ وَإِنِّي مِنَ الْمُسْلِمِينَ

(سورۃ الاحقاف: 15)

”اور ہم نے انسان کو اُس کے والدین کے ساتھ نیک سلوک کی تاکید کی۔ اُس کی ماں نے اُسے تکلیف سے پیٹ میں رکھا اور تکلیف سے جنا، اور اُس کا حمل اور دودھ چھڑانا تیس مہینے میں ہے۔ یہاں تک کہ جب وہ اپنی پوری قوت کو پہنچا اور چالیس برس کا ہو گیا تو بولا: اے میرے رب! مجھے توفیق دے کہ میں تیری اُس نعمت کا شکر ادا کروں جو تُو نے مجھ پر اور میرے والدین پر کی، اور یہ کہ میں ایسا نیک عمل کروں جو تجھے پسند ہو، اور میری اولاد میں بھی میرے لیے صلاح پیدا فرما۔ میں نے تیری طرف توبہ کی اور میں فرماں برداروں میں سے ہوں۔“

اِس آیت کو دیکھیے۔ ماں کی تکلیف کا ذکر پہلے ہے، «كُرْهًا»، یعنی مشقت اور تکلیف سے اُٹھایا اور مشقت اور تکلیف سے جنا۔ پھر مفسرین نے اِس آیت کو سورۂ لقمان (14) سے ملا کر ایک لطیف نکتہ نکالا: وہاں دودھ چھڑانے کی مدت دو سال ہے، یہاں حمل اور دودھ چھڑانا ملا کر تیس مہینے، تو حمل کی کم از کم مدت چھ مہینے بنتی ہے۔ اور آگے دیکھیے: انسان چالیس برس کو پہنچ کر جو پہلی دعا مانگتا ہے، اُس میں شکر ہے اپنی نعمت پر نہیں، بلکہ «عَلَيَّ وَعَلَىٰ وَالِدَيَّ»، مجھ پر اور میرے والدین پر کی گئی نعمت پر۔ چالیس برس کی عمر میں آدمی کو پتا چلتا ہے کہ جو کچھ وہ ہے، اُس میں اُس کا اپنا کتنا کم ہے۔

عصر سے پہلے بابا کے پرانے گھر کی طرف سے گزر ہوا، جو سوان گارڈن میں تھا۔ بس گزرنا ہی تھا، مگر بابا کی یادیں رگوں میں خون کی طرح دوڑ گئیں۔ یاری کا وہ زمانہ یاد آیا جب میں اور بابا اُن کے آخری ایام میں کبھی اسلام آباد سے پنڈی بحریہ ٹاؤن کی طرف گزرتے تھے۔ وہ گلیاں، وہ راستے، وہ ساتھ۔ آدمی کو کیا خبر ہوتی ہے کہ جو راستے آج معمول کے لگ رہے ہیں، کل وہی آنکھوں کو بھگو دیں گے۔

اللہ والدین کو غریقِ رحمت کرے اور جنت الفردوس میں صالحین کے ساتھ ہمسائیگی عطا فرمائے۔ بہت جلد دنیا سے رخصت ہو گئے، مگر اُن کی یادیں بہت ستاتی ہیں اور بے اختیار دل سے دعائیں نکلتی ہیں۔

اور اللہ نے پہلے ہی خبردار کر دیا تھا کہ سب سے بڑا امتحان کب آتا ہے۔ سورۂ بنی اسرائیل میں توحید کے فوراً بعد والدین کا ذکر ہے: «وَقَضَىٰ رَبُّكَ أَلَّا تَعْبُدُوا إِلَّا إِيَّاهُ وَبِالْوَالِدَيْنِ إِحْسَانًا» (23)، یعنی ”تیرے رب نے فیصلہ کر دیا کہ اُس کے سوا کسی کی عبادت نہ کرو اور والدین کے ساتھ احسان کرو“۔ پھر ٹھیک وہی موڑ بتایا گیا جہاں اولاد کا امتحان ہوتا ہے: «إِمَّا يَبْلُغَنَّ عِندَكَ الْكِبَرَ أَحَدُهُمَا أَوْ كِلَاهُمَا»، جب اُن میں سے ایک یا دونوں تیرے پاس بڑھاپے کو پہنچ جائیں، «فَلَا تَقُل لَّهُمَا أُفٍّ وَلَا تَنْهَرْهُمَا وَقُل لَّهُمَا قَوْلًا كَرِيمًا»، تو اُنہیں ”اُف“ تک نہ کہو، نہ جھڑکو، اور اُن سے عزت بھری بات کرو۔

”اُف“ سب سے ہلکا کلمۂ بیزاری ہے، وہ آہ جو ہونٹوں سے نکلتی ہے اور دل میں بیٹھ جاتی ہے۔ جب اُسی پر پابندی ہے تو اونچی آواز، بے رُخی اور ڈانٹ کا کیا ذکر! اور ذرا سورۃ الاحقاف ہی کی اگلی آیت (17) دیکھیے، جہاں ایک ایسے شخص کا ذکر ہے جو والدین سے کہتا ہے «أُفٍّ لَّكُمَا»، ”تم پر اُف“، اور وہ دونوں اللہ سے فریاد کر رہے ہوتے ہیں اور اُس سے کہتے ہیں: «وَيْلَكَ آمِنْ»، ”تجھ پر افسوس، ایمان لے آ“۔ ایک ہی سورت میں قرآن نے دونوں تصویریں رکھ دیں: ایک وہ جو چالیس پر پہنچ کر والدین کے لیے شکر مانگتا ہے، اور ایک وہ جو والدین کو ”اُف“ کہتا ہے۔

اور والدین کے لیے قرآن نے دعا بھی خود سکھا دی، تاکہ کوئی بہانہ باقی نہ رہے:

وَاخْفِضْ لَهُمَا جَنَاحَ الذُّلِّ مِنَ الرَّحْمَةِ وَقُل رَّبِّ ارْحَمْهُمَا كَمَا رَبَّيَانِي صَغِيرًا

(سورۃ الاسراء: 24)

”اور اُن کے سامنے مہربانی سے عاجزی کے بازو جھکائے رکھو، اور کہو: اے میرے رب! اُن دونوں پر رحم فرما جیسے اُنہوں نے بچپن میں مجھے پالا۔“

اب حدیث میں دیکھیے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اِس رشتے کو کیا مقام دیا۔ حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے پوچھا کہ اللہ کو کون سا عمل سب سے زیادہ محبوب ہے؟ فرمایا: ”وقت پر نماز۔“ پوچھا: پھر کون سا؟ فرمایا: ”والدین کے ساتھ نیکی۔“ پوچھا: پھر؟ فرمایا: ”اللہ کی راہ میں جہاد“ (صحیح بخاری: 5970)۔ نماز کے بعد، جہاد سے بھی پہلے، والدین۔ ایک شخص نے پوچھا: یا رسول اللہ! میرے حسنِ سلوک کا سب سے زیادہ حق دار کون ہے؟ فرمایا: ”تمہاری ماں۔“ پوچھا: پھر؟ فرمایا: ”تمہاری ماں۔“ پھر؟ ”تمہاری ماں۔“ پھر؟ تب فرمایا: ”پھر تمہارا باپ“ (صحیح بخاری: 5971)۔ اور باپ کے بارے میں بھی فرمایا: ”رب کی رضا باپ کی رضا میں ہے اور رب کی ناراضی باپ کی ناراضی میں“ (جامع ترمذی: 1899؛ البانی اور احمد شاکر نے صحیح کہا، زبیر علی زئی نے حسن)، اور ”باپ جنت کے دروازوں میں سب سے بیچ کا دروازہ ہے، چاہو تو اُسے ضائع کر دو اور چاہو تو اُس کی حفاظت کرو“ (سنن ابن ماجہ: 3663)۔

اور ایک حدیث ہے جسے پڑھ کر کلیجہ ہل جاتا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تین بار فرمایا:

رَغِمَ أَنْفُ ثُمَّ رَغِمَ أَنْفُ ثُمَّ رَغِمَ أَنْفُ

(صحیح مسلم: 2551)

”اُس کی ناک خاک آلود ہو، پھر اُس کی ناک خاک آلود ہو، پھر اُس کی ناک خاک آلود ہو۔“

صحابہ نے پوچھا: یا رسول اللہ! کس کی؟ فرمایا: ”جس نے اپنے والدین کو، یا اُن میں سے ایک کو، بڑھاپے میں پایا اور پھر بھی جنت میں داخل نہ ہو سکا۔“ یعنی والدین کا بڑھاپا جنت کا کھلا ہوا دروازہ تھا، اور جو اُس دروازے کے سامنے سے خالی ہاتھ لوٹ گیا، اُس سے بڑا محروم کون ہو گا!

مگر حقیقت یہ ہے کہ ماں باپ کے احسان، قرض اور فرائض کو کوئی پورا نہیں کر سکتا۔ خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے: ”کوئی بیٹا اپنے باپ کا حق ادا نہیں کر سکتا، سوائے اِس کے کہ اُسے غلام پائے، پھر اُسے خرید کر آزاد کر دے“ (صحیح مسلم: 1510)۔ یعنی حق ادا کرنے کا واحد راستہ بھی وہ ہے جو شاید ہی کسی کی زندگی میں آئے۔ اِس لیے جو کمی کوتاہی زندگی میں ہو گئی، اُسے اللہ کے حضور ماننا چاہیے، اور موت کے بعد بھی اُس کمی کو پورا کرنے کی کوشش ختم نہیں ہوتی۔ طریقہ یہی ہے کہ ہم اُن کے لیے دعاؤں کا سلسلہ جاری رکھیں، اور سورۃ الاحقاف کی یہ آیت اور سورۃ الاسراء کی وہ دعا اپنی زبان کا حصہ بنا لیں۔

اور دعا کوئی رسمی چیز نہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ”جب انسان مر جاتا ہے تو اُس کا عمل منقطع ہو جاتا ہے، سوائے تین چیزوں کے: صدقۂ جاریہ، ایسا علم جس سے فائدہ اٹھایا جائے، اور نیک اولاد جو اُس کے لیے دعا کرے“ (صحیح مسلم: 1631)۔ ایک اور روایت میں ہے کہ جنت میں ایک آدمی کا درجہ بلند کیا جائے گا تو وہ پوچھے گا: یہ کہاں سے؟ جواب ملے گا: ”تیرے بیٹے کے تیرے لیے استغفار کی وجہ سے“ (سنن ابن ماجہ: 3660)۔

اِسی طرح بنو سلمہ کے ایک شخص نے پوچھا: یا رسول اللہ! والدین کی وفات کے بعد بھی کیا اُن کے ساتھ نیکی کی کوئی صورت باقی ہے؟ فرمایا: ”ہاں؛ اُن کے لیے دعا، اُن کے لیے استغفار، اُن کے بعد اُن کے وعدوں کو پورا کرنا، اُن کی وجہ سے جڑنے والے رشتوں کو جوڑنا، اور اُن کے دوستوں کی عزت کرنا“ (سنن ابی داود: 5142)۔ اور اِن مضامین کی تصدیق صحیح احادیث سے بھی ہوتی ہے۔ جیسے صحیح مسلم (2552) میں ہے کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کو مکہ کے راستے میں ایک بدوی ملا تو اُنہوں نے اُسے اپنا گدھا اور اپنا عمامہ دے دیا، اور فرمایا: اِس کا باپ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا دوست تھا، اور میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سنا ہے: ”سب سے اعلیٰ نیکی یہ ہے کہ آدمی اپنے باپ کے دوستوں سے صلہ رحمی کرے۔“ بابا کے دوست، بابا کے رشتے، بابا کے وعدے؛ یہ سب بابا کی زندگی کا وہ حصہ ہیں جو ابھی چل رہا ہے۔

اور اِسی سلسلے میں ایک روایت ہے جو آج کے والدین کے لیے بہت اہم ہے۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی اُمت کو نصیحت فرمائی:

أَدِّبُوا أَوْلَادَكُمْ عَلَى ثَلَاثِ خِصَالٍ: حُبِّ نَبِيِّكُمْ، وَحُبِّ أَهْلِ بَيْتِهِ، وَقِرَاءَةِ الْقُرْآنِ

(بروایت حضرت علیؓ؛ الفوائد للشیرازی، مسند الفردوس للدیلمی، تاریخ ابن النجار)

”اپنی اولاد کو تین باتوں کی تربیت دو: اپنے نبی کی محبت، اُن کے اہلِ بیت کی محبت، اور قرآن کی تلاوت۔“

روایت کے آخر میں ہے کہ ”قرآن اٹھانے والے اللہ کے عرش کے سائے میں ہوں گے، اُس دن جب اُس کے سائے کے سوا کوئی سایہ نہ ہو گا، اپنے انبیاء اور برگزیدہ بندوں کے ساتھ۔“ اور اِس کے تینوں اجزاء کی تصدیق قرآن اور صحیح احادیث سے ہوتی ہے: نبی کی محبت کے بارے میں فرمایا: ”اُس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! تم میں سے کوئی اُس وقت تک مومن نہیں ہو سکتا جب تک میں اُسے اُس کے والد اور اُس کی اولاد سے زیادہ محبوب نہ ہو جاؤں“ (صحیح بخاری: 14)؛ قرآن کے بارے میں: ”تم میں بہترین وہ ہے جو قرآن سیکھے اور سکھائے“ (صحیح بخاری: 5027)؛ اور خُم کے خطبے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کتاب اللہ اور اہلِ بیت کو ایک ہی سانس میں رکھا: ”میں تم میں دو بھاری چیزیں چھوڑ رہا ہوں: ایک اللہ کی کتاب، جس میں ہدایت اور نور ہے، اُسے مضبوطی سے تھام لو؛ اور میرے اہلِ بیت، میں تمہیں اپنے اہلِ بیت کے بارے میں اللہ کی یاد دلاتا ہوں“ (صحیح مسلم: 2408)۔

اِس روایت کی ایک ایک بات کے ساتھ قرآن کی آیت کھڑی ہے۔ نبی کی محبت: «قُلْ إِن كُنتُمْ تُحِبُّونَ اللَّهَ فَاتَّبِعُونِي يُحْبِبْكُمُ اللَّهُ» (آل عمران: 31)، یعنی ”کہہ دیجیے کہ اگر تم اللہ سے محبت کرتے ہو تو میری پیروی کرو، اللہ تم سے محبت کرے گا“۔ نبی پر درود، جو خود اللہ کا عمل ہے: «إِنَّ اللَّهَ وَمَلَائِكَتَهُ يُصَلُّونَ عَلَى النَّبِيِّ ۚ يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا صَلُّوا عَلَيْهِ وَسَلِّمُوا تَسْلِيمًا» (الاحزاب: 56)۔ اہلِ بیت: «إِنَّمَا يُرِيدُ اللَّهُ لِيُذْهِبَ عَنكُمُ الرِّجْسَ أَهْلَ الْبَيْتِ وَيُطَهِّرَكُمْ تَطْهِيرًا» (الاحزاب: 33)، یعنی ”اللہ تو بس یہی چاہتا ہے کہ اے اہلِ بیت! تم سے ہر ناپاکی دور رکھے اور تمہیں خوب پاک صاف کر دے“۔ اور قرآن کی تلاوت: «وَرَتِّلِ الْقُرْآنَ تَرْتِيلًا» (المزمل: 4)، ”اور قرآن کو ٹھہر ٹھہر کر پڑھا کرو“۔ جس تعلیم کے ایک ایک جزو پر اللہ خود شاہد ہو، اُسے اپنی اولاد کو سکھانے کے لیے ہمیں کسی بحث کی ضرورت نہیں؛ وہ روایت سند جو بھی ہو، قرآنِ کریم کے عین مطابق ہے۔

ہمارے اِس نئے دور میں لوگ اسلامی تعلیمات کو بھلائے بیٹھے ہیں۔ جن کی اولاد ہے، اُنہیں چاہیے کہ اپنے بچوں کو یہی تین باتیں سکھائیں: نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت، اہلِ بیت سے محبت، اور قرآنِ کریم؛ یہ عینِ تعلیماتِ نبوی ہیں۔ خصوصاً ہمارے سنی مسالک میں اہلِ بیت کے متعلق چند مخصوص روایات سے آگے بہت ہی کم بڑھا جاتا ہے۔ بچوں کو بتائیے کہ فاطمہ، علی، حسن اور حسین علیہم السلام کون تھے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اُن سے کتنی محبت کرتے تھے، اور اُنہوں نے دین کے لیے کیا دیا۔ محبت علم سے آتی ہے، اور علم سنانے سے۔

زمانہ ایسا آ گیا ہے کہ ٹیکنالوجی کے دور میں آنے والی نسل سے ہمیں بعد از مرگ دعاؤں پر زیادہ اُمید نہیں رکھنی چاہیے۔ ہاں البتہ ہماری نسل میں والدین کو دعا دینے میں کافی لوگ خوش بخت ہیں۔ شاید اِسی لیے مجھ جیسوں کو ایک بات یاد رکھنی چاہیے کہ نیک اولاد خود نہیں بنتی، بنائی جاتی ہے، اور بنانے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ بچہ ہمیں اپنے والدین کے لیے دعا کرتا دیکھے۔ اور قرآن نے یہاں بھی راستہ بتایا ہے: آیت 15 کی دعا کا آخری حصہ دوبارہ پڑھیے: «وَأَصْلِحْ لِي فِي ذُرِّيَّتِي»، ”اور میری اولاد میں میرے لیے صلاح پیدا فرما“۔ جو شخص اپنے والدین کے لیے شکر مانگتا ہے، وہی اپنی اولاد کی اصلاح بھی مانگتا ہے۔

یہ دنیا عارضی ہے۔ جن کے والدین ابھی حیات ہیں، وہ آج، ابھی، اُن کے پاس بیٹھ جائیں؛ ہو سکتا ہے کل وہ صرف ایک مکان کے سامنے سے گزرتے ہوئے یاد بن جائیں۔ اور جن کے والدین جا چکے ہیں، وہ اِس آیت اور اُس دعا کو اپنا معمول بنا لیں۔

اللہ سب کے والدین کو اعلیٰ جنتوں کا وارث بنائے۔ آمین۔ «رَّبِّ ارْحَمْهُمَا كَمَا رَبَّيَانِي صَغِيرًا»۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے