سعودی: ریاض میں آگ کا المناک انجام، 16 مزدور جاں بحق

سعودی دار الحکومت ریاض میں صوفہ فیکٹری میں آگ لگنے سے 16 بنگلا دیشی مزدور جاں بحق ہو گئے۔

بنگلادیش کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اتوار کے روز سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں فیکٹری میں آتشزدگی کے نتیجے میں 16 بنگلا دیشی شہری جان کی بازی ہار گئے۔

بنگلادیشی سفارتخانے کے مطابق آگ ریاض کے الصِفا ضلع کے صنعتی علاقے میں واقع ایک صوفہ فیکٹری میں لگی۔

سفارتخانے نے بتایا کہ حادثے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا، تاہم تمام متاثرہ افراد جاں بحق ہوگئے۔

بنگلادیش کے وزیر برائے اوورسیز ویلفیئر عریف الحق چوہدری نے کہا کہ سعودی عرب میں بنگلا دیشی سفارتخانے کے ذریعے مقامی حکام سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ جاں بحق ہونے والے تارکین وطن کی میتیں جلد از جلد بنگلا دیش منتقل کرنے اور ان کے خاندانوں کو ضروری حکومتی امداد اور معاوضہ فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

سعودی عرب کے سول ڈیفنس ادارے نے بھی دارالحکومت میں ایک غیر لائسنس یافتہ فرنیچر سازی کی جگہ پر لگنے والی آگ بجھانے کی تصدیق کی، تاہم اس نے ہلاکتوں کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

واضح رہے کہ خلیجی ممالک کی طرح سعودی عرب بھی افرادی قوت کے لیے برصغیر سے آنے والے بڑی تعداد میں مزدوروں پر انحصار کرتا ہے۔ سعودی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 30 لاکھ سے زائد بنگلا دیشی شہری سعودی عرب میں مقیم ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے