وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے ایرانی صدر کو وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی پیغام پہنچایا۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ایرانی صدر کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان حالیہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے بارے میں بریف بھی کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز تہران میں محسن نقوی اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ملاقات ہوئی تھی۔
ایران کے صدر نے گزشتہ روز وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے تہران میں ملاقات کے بعد اپنے بیان میں کہا تھا کہ تہران تیار ہے کہ وہ اسلام آباد کے ساتھ سیاسی، اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اور سیکیورٹی فیلڈز میں تعلقات گہرے کرے۔
ڈاکٹر پزشکیان نے کہا کہ ایران سے تعلقات بڑھانے اور انہیں مضبوط کرنے سے متعلق وزیرِ اعظم شہباز شریف اور دیگر پاکستانی حکام کی محبت اور دلچسپی ایران کیلئے انتہائی قابل قدر ہے۔