پاکستانی اداکارہ نیلم منیر نے اپنے پہلے بچے کی پیدائش کا اعلان کر دیا۔
اداکارہ نے اپنے بیٹے کا نام محمد حمدان رکھا ہے اور یہ خوش خبری مداحوں کے ساتھ ایک خاص انداز میں شیئر کی ہے۔
34 سالہ اداکارہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر بیٹے کی پیدائش کی تصدیق کر کے مداحوں کے درمیان جاری قیاس آرائیوں کا خاتمہ کر دیا۔
پاکستانی اداکارہ نے سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کی ہے، جس میں وہ اسپتال کے بستر پر اپنے نومولود بچے کو گود میں لیے ہوئے نظر آ رہی ہیں۔
تصویر میں اداکارہ گہرے رنگ کا اسپتال کا لباس پہنے ہوئے ہیں، جبکہ نومولود بچہ سفید کمبل میں لپٹا ان کی گود میں ہے، جس کا چہرہ ایموجی سے چھپایا گیا ہے۔
تصویر کے ساتھ کیپشن میں نیلم منیر نے لکھا کہ وہ لمحہ جب میں کسی کی پوری دنیا بن گئی، الحمدلِلّٰہ! میرا ننھا شہزادہ محمد حمدان میری وہ دعا ہے جو قبول ہوئی، میری زندگی کی سب سے بڑی نعمت۔
اداکارہ کی جانب سے یہ اعلان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ان کے مداحوں میں بچے کی پیدائش سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں زور پکڑ رہی تھیں۔
اس سے قبل اداکارہ کے شوہر کے ایک قریبی دوست نے سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر یہ اطلاع دیتے ہوئے مبارک باد کا پیغام شیئر کیا تھا۔
واضح رہے کہ نیلم منیر نے ہمیشہ اپنی نجی زندگی کو میڈیا کی توجہ سے دور رکھا ہے۔
انہوں نے جنوری 2025ء میں دبئی میں مقیم پاکستانی کاروباری شخصیت محمد راشد سے شادی کی تھی، جس کے بعد سے وہ ڈراموں سے بھی دور ہیں۔