آخری کالم ۔ ۔ ! !

میں آج کے بعد کالم نہیں لکھوں گا۔

کتنی عجیب بات ہے کہ یہ فیصلہ سنانے کے لیے بھی مجھے ایک کالم لکھنا پڑ رہا ہے۔ برسوں دل میں یہی آس رہی کہ شاید اگلی بار اپنی بات کچھ ایسے کہہ سکوں کہ پڑھنے والے تک وہی بات پہنچے جو میرے دل میں ہے۔ آج وہ آس بھی ٹوٹ گئی۔

میں نے جب بھی سیاست پر لکھا تو جواب میں میری تحریر سے زیادہ میری جماعت کا ذکر ہوا۔ کسی نے کہا کہ تم مسلم لیگ نون کے آدمی ہو۔ کسی نے کہا کہ تم تحریک انصاف کی زبان بولتے ہو۔ کسی کو میرے لفظوں میں پیپلز پارٹی دکھائی دی۔ بس کسی کو ان لفظوں میں اپنا مُلک دکھائی نہ دیا۔

اگر میں تحریک انصاف پر تنقید کروں تو میں پٹواری ہوں۔ میں نون لیگ پر تنقید کروں تو میں یوتھیا ہوں یا جیالا ہوں۔

کبھی دل چاہتا تھا کہ کوئی میری بات غلط سمجھے تو مجھ سے پوچھے کہ تم نے ایسا کیوں لکھا۔ مجھے خوشی ہوتی کہ کسی نے اتنی توجہ سے پڑھا کہ میری غلطی بھی پکڑ لی۔ مگر مجھ سے پوچھا بھی گیا تو بس اتنا کہ تم کس کے آدمی ہو۔ میں آج تک اس سوال کا جواب نہیں دے سکا۔

میں کس کو سمجھاؤں کہ ملک کے لیے بولنے کو بھی اگر کسی جماعت کا ہونا ضروری ہے تو پھر مجھ جیسا آدمی کہاں جائے۔ اس مٹی سے میری محبت کسی جماعت کی رہین منت کب تھی۔ میں تو اپنا دکھ یہ سمجھ کر لکھتا رہا کہ یہ ملک آپ کا بھی ہے اور یہ دکھ آپ کو بھی ہوتا ہو گا۔

میں کیا کروں۔ میں کوشش کر کے بھی شخصیت پرست نہیں بن سکا۔ میں کیا کروں۔ میں سیاسی نظام کے اندر ملک کے لیے خلوص ڈھونڈنے سے باز نہیں آیا۔

میرے ملک کے لوگ ایسے ہی شخصیت پرستی میں اپنی زندگیاں ضائع کرتے رہیں گے۔ جماعتوں کی روشنیوں کا ایندھن بنتے رہیں گے۔ اپنا گھر بار اپنے بیوی بچے اپنا مال و متاع یوں ہی کرپٹ اور غیر مخلص سیاسی جماعتوں پر لٹاتے رہیں گے۔

اللہ اور اس کے رسول کی بات لکھوں تو مجھے اپنا مسلک بتانا پڑتا ہے۔ تم اہل حدیث ہو یا دیوبندی ہو یا بریلوی ہو۔ میں کہتا ہوں کہ مسلمان ہوں تو سامنے والا میرے اگلے لفظ کا انتظار کرتا ہے۔ میرے پاس کہنے کو کچھ اور ہوتا ہی نہیں۔ جس جواب پر میرا دل مطمئن ہے وہ جواب کسی اور کو پورا کیوں نہیں لگتا۔

میں توحید کی بات کروں تو وہابی ہوں۔ میں کیا کروں۔ کسی مسلک پر نہیں آ سکا۔ مسلمان کا مسلمان ہی رہ گیا۔

میرے ملک کے لوگ پیسے کمانے والے جھوٹ گھڑنے والے مولویوں کی اطاعت اور فرماں برداری کرتے رہیں گے۔ اور حق بات سچ بات کرنے والے ہمیشہ راندۂ درگاہ رہیں گے۔

ایک بات میں اپنے قارئین کو کبھی سمجھا نہ سکا۔ کسی سرکاری ادارے کو جو کام سونپا گیا ہے وہ اسے ٹھیک طرح کرے تو لوگوں کو ان کا حق ملتا ہے۔ پھر جس دن وہی کام ٹھیک طرح نہ ہو اس دن مجھے خرابی بتانے سے پہلے تعریف کے لیے لفظ کیوں ڈھونڈنے پڑتے ہیں۔

میں کسی ادارے کی کارکردگی پر تنقید کروں تو میں غدار ہوں۔

کیا اتنا لکھ دینا کافی نہیں کہ یہ کام غلط ہوا ہے اور اسے درست ہونا چاہیے۔ میں چاہتا تھا کہ میری اس بات پر کوئی کہے کہ ہاں مجھے بھی یہی مشکل پیش آئی ہے۔ دل دکھتا ہے جب جواب ملتا ہے کہ کل تو تم نے انہی لوگوں کے حق میں لکھا تھا۔ ہاں لکھا تھا۔ کل کی بات بھی سچ تھی۔ آج کی بات بھی سچ ہے۔

مرد کے حقوق کی بات کروں تو لوگ کہتے ہیں کہ مجھے عورت سے کیا دشمنی ہے۔ عورت کے حقوق کی بات کروں تو کہتے ہیں کہ اب تم بھی فیمینسٹ ہو گئے ہو۔ ان دونوں باتوں کے بیچ میرا ایک چھوٹا سا سوال ہمیشہ ان سنا رہ گیا۔ ایک انسان کا دکھ سمجھنے کے لیے دوسرے انسان سے دشمنی کیوں ضروری ہے۔

سب سے زیادہ دل تب دکھتا ہے جب کوئی قاری کہتا ہے کہ میں آپ کو بہت عرصے سے پڑھ رہا ہوں مگر آج پتا چلا کہ آپ کس طرف ہیں۔ میں اس کے لفظ بہت عرصے سے پر رک جاتا ہوں۔ اتنے برس کا ساتھ تھا ہمارا۔ کیا ایک بات پر اختلاف ہوا تو پچھلی ساری باتیں بے معنی ہو گئیں۔

آج بھی جی چاہتا ہے کہ یہ کالم ختم کروں تو نیچے لکھوں کہ اگلے کالم میں پھر ملاقات ہو گی۔ کتنی آسانی سے لکھ دیا کرتا تھا یہ جملہ۔ آج پہلی بار اندازہ ہوا ہے کہ اس چھوٹے سے جملے میں کتنی امید تھی۔ اسے لکھتے ہوئے مجھے یقین ہوتا تھا کہ دوسری طرف کوئی میری بات سننے کے لیے موجود ہے۔

شاید کل پھر کوئی ایسی بات دل کو لگے جس پر بے اختیار لکھنے کو جی چاہے۔ شاید پہلا جملہ لکھ بھی لوں۔ پھر مجھے یاد آئے گا کہ بات کہنے سے پہلے مجھے بتانا پڑے گا کہ میں کس طرف ہوں۔ بس اسی خیال سے آج قلم رکھ رہا ہوں۔

کیا اس معاشرے میں اب کچھ بھی نیوٹرل نہیں رہا۔

نہ لوگ۔ نہ دماغ۔ نہ سوچ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے