میں سمجھتا ہوں کہ شاعری جب سرحدیں عبور کرلے تو شاعر کامیاب ہوجاتا ہے۔ ہزاروں لاکھوں شعراء کے درمیان اپنا ایک الگ مقام بنانا ناممکن نہیں تو مشکل ضرور ہے۔آئیے ایک ایسے ہی شاعر کی کہانی آپ کو سناتے ہیں۔ جس نے اپنی منفرد شاعری،محنت اور لگن سے خود کو اردو دنیا کے بہترین شعراءمیں شمار کروایا۔
پڑوسی ملک میں ایک بچہ 26 نومبر 1952 کو اتر پردیش رائے بریلی میں پیدا ہوا۔ وہ مزید تعلیم حاصل کرنے کے لیے لکھنؤ چلا گیا۔ بعد ازاں ملازمت کے سلسلے میں اسے کلکتہ جانا پڑا لیکن لکھنؤ نے اس کی ادبی پرورش کی۔ بچپن میں اس کے دادا ادبی ذوق پیدا کرنے کے لیے اس سے غزلیں پڑھوایا کرتے تھے اور اسی وجہ سے اس میں شعر کہنے کی صلاحیت پیدا ہوئی۔
اس لڑکے کا دل شاعری اور فلمی دنیا میں لگتا تھا۔ وہ اداکار بننا چاہتا تھا۔اسی لیے وہ اداکاروں کی نقالی کرتا۔ خاص کر بالی وڈ کے مشہور اداکار شترو گھن سنہا کی ایسی آواز نکالتا کہ لوگ حیران رہ جاتے۔ دھیرے دھیرے اسی حوالے سے وہ مشہور ہوگیا اور لوگ اسے کلکتہ کا شترو گھن سنہا کہنے لگے۔
وہ لڑکا ڈراموں کی طرف راغب ہوا۔اسی دوران افسانے بھی لکھتا رہا جو اخبارات میں شائع ہوتے رہے۔اس نے 1971 میں اپنا پہلا ڈراما لکھا۔ جس کا پس منظر بنگلہ دیش تھا۔ اس ڈرامے کے لیے اس لڑکے کو انعام بھی ملا اور خاص بات یہ بھی تھی کہ اس ڈرامے کی ہدایت کاری بھی اسی نے ہی کی تھی۔اس نے پرتھوی راج اور آغا حشر کاشمیری کے لکھے ہوئے بہت سے ڈراموں میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے لیکن وقت کے ساتھ ساتھ فلمی دنیا کا بھوت اس کے دل و دماغ سے اتر گیا اور اسے شاعری میں زیادہ دلچسپی محسوس ہونے لگی۔
اس شعبے میں ولی آسی اس کے استاد تھے۔اس سے پہلے دنیا اسے منور علی آتش اور پھر منور علی شاداں کے نام سے جانتی تھی۔ استاد کے مشورے سے اس نے اپنا تخلص بدلا اور وہی نام اس کی کامیابی کی ضمانت بن گیا۔ آج دنیا اس لڑکے کو منور رانا کے نام سے جانتی ہے۔جو بر صغیر میں مشاعروں کی شان سمجھا جاتا تھا۔
میں نے بہت سال پہلے ناظم آباد کراچی کے مشاعرے میں منور رانا کو دیکھا تھا۔وہ رات کے آخری پہر میں اپنی غزلیں سنا رہے تھے۔ لوگ ان کی شاعری سے محظوظ ہورہے تھے۔اس وقت کم لوگ مشاعرہ سننے کے لیے رہ گئے تھے یہی تو وہ لوگ ہوتے ہیں جو مشاعرہ سنتے ہیں اور محفل کے آداب جانتے ہیں اور آخر تک مشاعرہ گاہ میں بیٹھے رہتے ہیں۔ منور رانا کالا لباس پہنے ہوئے تھے۔ جب وہ کسی کام سے اسٹیج سے اترے تو میری ان سے ملاقات ہوئی۔
ان میں غرور نام کی کوئی چیز نہیں تھی۔ وہ معلوم نہیں پھر پاکستان آئے یا نہیں آئے کیوں کہ دونوں ملکوں کے حالات میں اتار چھڑاؤ آتا رہتا ہے مگر ان سے ملاقات ہونا بھی میری خوش نصیبی تھی۔ منور رانا کو دیکھیں تو ایسا لگتا ہے کہ جیسے ایک چھوٹا سا بھولا بھالا بچہ اپنی ماں کے آنچل سے نکل کر کچھ دیر کے لیے باہر آیا ہے اور پھر اپنی ماں کے آنچل میں جاکر دوبارہ چھپ جائے گا۔
ماں کے لیے منور رانا نے کئی سپر ہٹ شعر کہے ہیں۔ ماں کو اردو شاعری میں ایک اہم موضوع بناکر غزل میں پیش کرنا ان کا کارنامہ ہے۔
ان کے دو اشعار دیکھیے
کسی کو گھر ملا حصے میں یا کوئی دکاں آئی
میں گھر میں سب سے چھوٹا تھا مرے حصے میں ماں آئی
لبوں پہ اس کے کبھی بد دعا نہیں ہوتی
بس ایک ماں ہے جو مجھ سے خفا نہیں ہوتی
ہمارے والد صاحب اکثر ایک شعر پڑھا کرتے۔
سوجاتے ہیں فٹ پاتھ پہ اخبار بچھا کر
مزدور کبھی نیند کی گولی نہیں کھاتے
بعد میں معلوم ہوا کہ یہ خوبصورت شعر منور رانا کا ہے۔ان کے ایسے سینکڑوں کی تعداد میں ایسے اشعار ہیں جو دل کو چھو جاتے ہیں اور ایک کیفیت پیدا کردیتے ہیں۔ایسے ہی اشعار کے بارے میں حسرت موہانی فرما چکے ہیں۔
شعر دراصل ہیں وہی حسرت
پڑھتے ہی دن میں جو اتر جائیں
ان کی کئی شعری مجموعے اردو اور ہندی میں شائع ہوئے۔ان کے اردو مجموعوں میں نیم کا پھول، کہو ظل الٰہی سے،گھر اکیلا ہوگا،ماں،جنگلی پھول،نئے موسم کے پھول،مہاجر نامہ اور کترن میرے خوابوں کی شائع ہوچکے ہیں۔
ان کے اشعار میں ماں سے محبت، گاؤں سے پیار ناسٹلجیا،اردو زبان سے عشق ،صوفیانہ رنگ ،ہجرت کا دکھ،مزاحمتی رنگ، خوداری اور محبوب سے محبت کے موضوعات کے علاوہ سماجی موضوعات بھی ملتے ہیں یعنی ان کی غزل میں ہر رنگ کو محسوس کیا جاسکتا ہے۔
لپٹ جاتا ہوں ماں سے اور موسی مسکراتی ہے
میں اردو میں غزل کہتا ہوں ہندی مسکراتی ہے
دولت سے محبت تو نہیں تھی مجھے لیکن
بچوں نے کھلونوں کی طرف دیکھ لیا تھا
1947 کی تقسیم کی ہجرت دنیا کی بڑی ہجرتوں میں سے ایک تھی۔جس میں ہزاروں لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے۔ خاندان کے خاندان بچھڑ گئے۔ تقسیم کے بعد منور رانا کا خاندان ان کی دادی، ان کی نانی اور دیگر رشتے دار پاکستان آگئے جبکہ منور رانا کے والد بھارت ہی میں رہے۔
2008 میں منور رانا جب پاکستان کراچی میں مشاعرہ پڑھنے کے لیے آئے تو ایک صاحب جو حیدرآباد سندھ میں رہتے تھے انہوں نے منور رانا سے درخواست کی کہ وہ حیدرآباد مشاعرے میں تشریف لائیں مگر منور صاحب نے معذرت کی اور ان کو بہت سمجھایا کہ ان کے گھٹنوں میں تکلیف ہے اور ان کا حیدرآباد مشاعرے میں شرکت کرنا مشکل ہے لیکن وہ صاحب نہیں مانے اور انہوں نے منور صاحب کو دگنے پیسوں کی لالچ دی اور یہ بات منور صاحب کو ناگوار گزری اور انہوں نے شعر کہا کہ
مہاجر ہیں مگر ہم ایک دنیا چھوڑ آئے ہیں
تمہارے پاس جتنا ہے ہم اتنا چھوڑ آئے ہیں
بعد ازاں انہوں نے اس عنوان پر پانچ سو اشعار کہے اور مہاجر نامہ کے نام سے ان کی کتاب شائع ہوئی۔
منور رانا آج اس دنیا میں نہیں ہیں مگر ان کی شاعری ہمارے ساتھ موجود ہے وہ 14 جنوری 2024 کو جہان فانی سے کوچ کرگئے۔
اور کالم کے آخر میں منور رانا کے مہاجر نامہ سے چند اشعار پیش خدمت ہیں۔
مہاجر ہیں مگر ہم ایک دنیا چھوڑ آئے ہیں
تمہارے پاس جتنا ہے ہم اتنا چھوڑ آئے ہیں
کہانی کا یہ حصہ آج تک سب سے چھپایا ہے
کہ ہم مٹی کی خاطر اپنا سونا چھوڑ آئے ہیں
نئی دنیا بسا لینے کی اک کمزور چاہت میں
پرانے گھر کی دہلیزوں کو سوتا چھوڑ آئے ہیں
یقیں آتا نہیں، لگتا ہے کچّی نیند میں شاید
ہم اپنا گھر گلی اپنا محلہ چھوڑ آئے ہیں
ہمارے لوٹ آنے کی دعائیں کرتا رہتا ہے
ہم اپنی چھت پہ جو چڑیوں کا جتھا چھوڑ آئے ہیں
ابھی تک بارشوں میں بھیگتے ہیں یاد آتا ہے
کہ ہم چھپر کے نیچے اپنا چھاتا چھوڑ آئے ہیں
ہمارا راستہ تکتے ہوئے پتھرا گئی ہوں گی
وہ آنکھیں جن کو ہم کھڑکی پہ رکھا چھوڑ آئے ہیں