پاناما لیکس میں وزیر اعظم نواز شریف کے خاندان کے افراد کے نام سامنے آنے کے بعد ان پر مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف پہلے ہی وزیر اعظم نواز شریف کے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کر رہی ہے اور اب پیپلز پارٹی نے وزیر اعظم سے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سنیچر کو پاکستان زیر انتظام کشمیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم میاں نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں۔
بلاول بھٹو نے وزیراعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا ’ کہ جب تک پاناما لیکس کے خلاف تحقیقات ہوں آپ استعفیٰ دیں، اور آپ ان الزامات سے بری ہو جائیں تو پھر آکر وزیراعظم کا عہدہ سنھبال لیں۔‘
بلاول بھٹو نے کہا: ’میاں نواز شریف صاحب آپ کے دن گنے جا چکے ہیں۔‘
انھوں نے کہا کہ وزیراعظم نے تین سال تک کشمیر پر کبھی بھی کھل کر بات نہیں کی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ انتہا پسندی میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔
انھوں نے حکومت کی خارجہ پالیسی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور قومی اداروں پی آئی اے اور سٹیل ملز کے حوالے سے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ انھیں اونے پونے داموں بیچنا چاہتی ہیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لاہور پہنچنے کے بعد اپنے بیان میں کہا ہے کہ بلاول بھٹو کا مطالبہ جائز ہے۔
انھوں نے بتایا کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے ٹرمز آف ریفرنس ( ٹی او آرز‘ پر پیپلز پارٹی سے پیر کو ملاقات ہو گی فی الحال وہ دیگر جماعتوں کی مشاورت کے بغیر کچھ نہیں کہہ سکتے۔