اس سال یوم پاکستان کے موقع پرگورنر ہاؤس کراچی میں منعقد خصوصی تقریب میں ملک میں مختلف شعبوں نمایاں خدمات انجام دینے والے 19 افراد میں سول ایوارڈ تقسیم کیے گئے۔
تقریب کی نظامت کے فرائض چیف سکریٹری سندھ محمد رضوان میمن نے انجام دیے جبکہ گورنر سندھ محمد زبیر نے منتخب افراد کو اعزازات سے نوازا۔
ایوارڈ حاصل کرنے والے انیس افراد میں سے چھہ افراد نے ستارہ امتیاز، سات افراد نے صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی جبکہ تین افراد نے تمغہ امتیاز کے اعزازات حاصل کیے۔
اعزاز حاصل کرنے والے افراد میں امجد صابری مرحوم کو قوالی، امینہ سید کو ادب، محمد حنیف کو ادب، محمد یونس خان اور سرفراز احمد کو کرکٹ، اور جنید جمشید مرحوم کو نعت گوئی کے شعبہ میں ستارہ امتیاز، ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی کو طب، تاج ملتانی کو گلوکاری، شفیع محمد کو لوک موسیقی ،خالد انعم کو اداکاری، قیصر خان نظامانی کو اداکاری، سید مرتضیٰ ڈاڈاہی کو شاعری، شکیل عادل ذادہ کو ادب، ڈاکٹر رؤف پاریکھ کو ادب اور سید احمد شاہ بخاری (استاد بخاری مرحوم) کو ادب کے شعبہ میں خدمات پر صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی، جبکہ ڈاکٹر سیمی جمالی کو طب، مسز ایبن مارکر کبراجی کو ماحولیات، پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود کو خدمات عامہ اور ڈاکٹر نزہت فاروقی کو سماجی خدمات کے شعبہ میں نمایاں کارکردگی پر تمغہ امتیاز کا اعزاز دیا گیا۔
گورنر سندھ محمد زبیر نے اعزاز حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج یہ اعزاز حاصل کرنے والے افراد اپنے شعبوں کے ماہر ہیں اور اس اعزاز کے ذریعہ ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا گیا ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ اعزاز پانے والے ملک کے نامور سپوت ھیں جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ نوجوان ھمارا اثاثہ ھیں اور آج اعزاز حاصل کرنے والوں سے درخواست ہے کہ وہ اپنا فن زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو منتقل کرنے کی کوشش کریں