گزشتہ ہفتے مجھے ایک Case Study کے سلسلے میں ایک Mental Health Rehabilitation Institution کا دورہ کرنے کا موقع ملا۔ یہ دورہ صرف میرے لیے ایک تحقیقی دورہ نہیں تھا، بلکہ ایک ایسا تجربہ تھا جس نے میرے ذہن پر کئی گہرے نقوش چھوڑے اور مجھے زندگی کی ان نعمتوں، بالخصوص Mental Health، کی اہمیت پر غور کرنے پر مجبور کیا جنہیں ہم اکثر معمولی سمجھ کر نظر انداز کر دیتے ہیں۔ وہاں مختلف عمروں اور حالات سے تعلق رکھنے والے افراد کو دیکھ کر احساس ہوا کہ ایک صحت مند ذہن اللہ تعالیٰ کی کتنی بڑی نعمت ہے۔ وہاں ایسے نوجوان موجود تھے جو Drug Addiction اور شدید Depression کی وجہ سے اپنی ذہنی صحت اور زندگی کا توازن کھو چکے تھے۔
کچھ نوجوان خواتین رشتوں کے ٹوٹنے، جذباتی صدمات اور زندگی کے تلخ تجربات کے باعث شدید ذہنی اذیت سے گزر رہی تھیں۔ عمر رسیدہ افراد اپنی ہی اولاد کی بے رخی، خاندان کی طرف سے مسترد کیے جانے اور تنہائی کے صدمے کو برداشت نہیں کر سکے تھے۔ خواجہ سرا کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی موجود تھے، جنہیں اپنے خاندانوں کی بے دخلی، سماجی تضحیک اور عدم قبولیت نے شدید متاثر کیا تھا۔ ان مختلف زندگیوں کو دیکھ کر ایک بنیادی حقیقت سامنے آتی ہے کہ ہر انسان کی ایک ایسی اندرونی دنیا ہوتی ہے جس کے دکھ اور تکالیف ہمیشہ ظاہری طور پر نظر نہیں آتے۔
ایک Sociology کے طالب علم کی حیثیت سے یہ سوال اہم ہے کہ کیا ذہنی صحت صرف ایک فرد کا انفرادی مسئلہ ہے یا اس کے پیچھے ہمارا خاندانی نظام، سماجی رویے اور معاشرتی ڈھانچہ بھی ذمہ دار ہیں؟ ذرا اپنی روزمرہ زندگی پر غور کریں۔ ایک بچہ جب مسلسل دوسروں سے موازنہ، تعلیمی دباؤ اور والدین کی غیر حقیقی توقعات کا سامنا کرتا ہے، ایک نوجوان جب اپنے مستقبل، روزگار اور سماجی مقام کے بارے میں غیر یقینی کا شکار ہوتا ہے، ایک عورت جب اپنے جذبات اور مسائل بیان کرنے کے بجائے ہر حال میں سمجھوتہ کرنے پر مجبور ہوتی ہے، یا ایک بزرگ جب اپنی ہی اولاد کے درمیان خود کو غیر ضروری محسوس کرتا ہے، تو یہ سب صرف انفرادی تجربات نہیں بلکہ ہمارے معاشرتی رویوں کی عکاسی بھی ہیں۔
بعض اوقات ہم کسی کے خاموش رہنے کو اس کی فطرت، کسی کے غصے کو اس کا رویہ اور کسی کی تنہائی کو اس کی پسند سمجھ لیتے ہیں، جبکہ ان رویوں کے پیچھے کوئی گہری جذباتی تکلیف بھی موجود ہو سکتی ہے۔ ہم روزمرہ گفتگو میں مذاق کے نام پر کسی کی شخصیت، شکل، مالی حیثیت یا کمزوریوں کو نشانہ بناتے ہیں، کسی کی بات سنے بغیر اسے تنقید کا نشانہ بناتے ہیں اور پھر توقع رکھتے ہیں کہ ہمارے تعلقات صحت مند رہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ ہمارے الفاظ، رویے اور چہرے کے تاثرات بھی کسی دوسرے انسان کے ذہنی سکون پر اثر انداز ہوتے ہیں۔
اسی طرح موجودہ Technological Era اور Social Media نے بھی انسانی ذہن کو مسلسل موازنوں اور Digital Distractions میں الجھا دیا ہے۔ ہم دوسروں کی خوشگوار تصاویر دیکھ کر اپنی زندگی سے غیر مطمئن ہو جاتے ہیں، ہر وقت موبائل چیک کرتے ہیں، کھانے کی میز پر بھی ایک دوسرے سے بات کرنے کے بجائے اسکرینز میں مصروف رہتے ہیں اور دن کے اختتام پر اپنے لیے چند منٹ بھی نہیں نکال پاتے۔ ہمارے پاس پوری دنیا سے رابطے کے ذرائع ہیں، مگر اپنے آپ سے رابطہ کم ہوتا جا رہا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا ہم ٹیکنالوجی کو استعمال کر رہے ہیں یا آہستہ آہستہ ہماری توجہ، ترجیحات اور سوچ ٹیکنالوجی کے زیرِ اثر آتی جا رہی ہیں؟
سماجی نقطۂ نظر سے ایک فرد کی Mental Health کو معاشرے کی مجموعی صحت سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔ جب خاندان جذباتی تعاون فراہم کرنے میں ناکام ہو جائیں، جب معاشرہ اختلاف اور محرومی کو قبول کرنے کے بجائے تضحیک اور مسترد کرنے کا رویہ اپنائے، جب نوجوانوں کو مثبت رہنمائی نہ ملے اور انسانی تعلقات میں احساس و برداشت کی جگہ خود غرضی لے لے تو اس کے اثرات صرف انفرادی زندگی تک محدود نہیں رہتے بلکہ پورے معاشرتی ڈھانچے کو متاثر کرتے ہیں۔
ہم اکثر کسی پریشان انسان کو یہ کہہ کر خاموش کروا دیتے ہیں کہ سب کے ساتھ مسائل ہوتے ہیں، اتنا مت سوچو، مضبوط بنو یا وقت کے ساتھ سب ٹھیک ہو جائے گا۔ لیکن کیا ہر مسئلے کا حل صرف یہی چند جملے ہیں؟ کبھی کسی کو نصیحت کے بجائے توجہ سے سننے، کسی کو تنقید کے بجائے سمجھنے اور کسی کو فیصلے سنانے کے بجائے جذباتی سہارا دینے کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایک غیر صحت مند سماجی ماحول افراد کی ذہنی صحت کو متاثر کرتا ہے اور ذہنی و جذباتی مسائل سے دوچار افراد پر مشتمل معاشرہ مزید سماجی پیچیدگیوں کو جنم دیتا ہے۔
یہاں ایک اور اہم بات یہ ہے کہ کسی بھی نعمت کی حقیقی قدر اور شکر تب ہی ممکن ہے جب ہم اسے درست سمت میں استعمال کرنا جانتے ہوں۔ ذہنی صحت بھی اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ ایسی ہی ایک عظیم نعمت ہے۔ اس کا شکر صرف زبان سے ادا کرنا کافی نہیں، بلکہ اپنے ذہن، وقت، توجہ اور صلاحیتوں کو مثبت مقاصد کے لیے استعمال کرنا، اپنے ماحول اور تعلقات کا شعوری انتخاب کرنا اور دوسروں کی ذہنی و جذباتی کیفیت کا احترام کرنا بھی ضروری ہے۔
اس تجربے کے بعد ذہنی صحت میرے لیے محض ایک طبی یا نفسیاتی موضوع نہیں بلکہ ایک اہم سماجی ذمہ داری بھی ہے۔ ایک پُرسکون ذہن، صحت مند جسم، محفوظ گھر، محبت کرنے والے رشتے، اپنی بات کہنے کی آزادی اور سکون کی نیند ایسی نعمتیں ہیں جنہیں ہم روزمرہ زندگی کا معمول سمجھ کر نظر انداز کر دیتے ہیں۔
ہم اکثر اپنی خواہشات، محرومیوں اور نامکمل چیزوں کا حساب رکھتے ہیں، مگر ان نعمتوں پر غور نہیں کرتے جو پہلے ہی ہمارے پاس موجود ہیں۔ ہمیں اپنے بچوں کو صرف کامیابی کا دباؤ دینے کے بجائے انہیں سمجھنا، اپنے والدین کو صرف ذمہ داری نہیں بلکہ محبت اور توجہ دینا، اپنے دوستوں کو صرف خوشی کے لمحات میں نہیں بلکہ مشکل وقت میں بھی سننا اور اپنے اردگرد موجود ہر انسان کو عزت و قبولیت دینا سیکھنا ہوگا۔
Mental Health کے مسائل کو شرمندگی یا کمزوری سمجھنے کے بجائے انہیں ایک حقیقی انسانی مسئلہ تسلیم کرنا اور ضرورت پڑنے پر Professional Help حاصل کرنا بھی ضروری ہے۔ شاید حقیقی سماجی ترقی صرف جدید عمارتوں، ٹیکنالوجی، معاشی وسائل اور تعلیمی اداروں کی ترقی کا نام نہیں، بلکہ اس بات میں بھی پوشیدہ ہے کہ ہمارا معاشرہ اپنے کمزور، محروم، تنہا اور ذہنی مشکلات سے دوچار افراد کے ساتھ کیسا سلوک کرتا ہے۔
ہمیں صرف یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ ذہنی بیماریوں کا علاج کیسے کیا جائے، بلکہ یہ بھی سوچنا چاہیے کہ ہم ایسا معاشرہ کیسے تشکیل دیں جہاں انسان کو ذہنی طور پر بیمار کرنے والے سماجی عوامل کم سے کم ہوں۔ کیونکہ کسی معاشرے کی اصل خوبصورتی اس کے انسانوں کے ذہنی سکون، باہمی احترام اور ایک دوسرے کے لیے احساس میں پوشیدہ ہے۔ اور شاید اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتوں کا حقیقی شکر یہی ہے کہ ہم ان کی قدر کریں اور اپنی زندگی کے ساتھ دوسروں کی زندگیوں کو بھی آسان بنانے کی کوشش کریں۔