جمعرات : 05 جولائی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]آبنائے ہرمز میں تجارتی قافلوں کی نگرانی امریکی بحریہ کرے گی[/pullquote]

امریکا کی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان نے کہا ہے کہ اُس کی بحریہ آبنائے ہرمز میں سے گزرنے والے تجارتی بحری جہازوں کی بحفاظت نقل و حمل کے عمل کی نگرانی کرے گی۔ امریکی اقدام کا فیصلہ اُس ایرانی دھمکی کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں ایران نے کہا تھا کہ وہ آبنائے ہرمز کے راستے کی، تیل کے بحری جہازوں کی آمد و رفت کو روکنے کی خاطر ناکہ بندی کر سکتا ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ امریکا اور اُس کے پارٹنر خطے کی سلامتی و استحکام کو برقرار رکھنے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔

[pullquote]کاپی رائٹ حقوق میں اصلاحات کا یورپی منصوبہ مؤخر[/pullquote]

یورپی پارلیمان نے حقوق دانش یا کاپی رائٹ کے حقوق میں اصلاحات کے یورپی منصوبوں کو فی الحال بحث مؤخر کر دی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پارلیمان ستمبر میں مسودے میں ترامیم کرتے ہوئے اسے از سر نو تیار کرے۔ اس سلسلے میں تجویز دی گئی ہے کہ یو ٹیوب اور اس جیسے دیگر آن لائن پلیٹ فارمز پر لازم کیا جائے کہ وہ تمام تر مواد کو آن لائن کرنے سے قبل اس کی مکمل جانچ پڑتال کریں۔ ایمازون یورپ، ایپل، گوگل اور فیس بک جیسی دیگر کمپنیوں نے یورپی پارلیمان کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

[pullquote]چین نے جاپانی وزیر اعظم کو دورے کی دعوت دی ہے[/pullquote]

چین نے جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے کو ملک کے دورے کی دعوت کی ہے۔ آج جمعرات کو چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لو کَنگ کے مطابق دونوں ممالک باہمی روابط کو استوار کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کے بقول گزشتہ برس نومبر میں ایک علاقائی سربراہ اجلاس کے موقع پر آبے اور چینی صدر شی جن پنگ کے مابین ملاقات کے بعد ان کوششوں میں اور بھی تیزی آئی ہے۔ چین اور جاپان کے مابین بحیرہ جنوبی چین کی ملکیت کے حوالے سے بھی تنازعہ موجود ہے۔ کنگ نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے سفارتی ذرائع اس مسئلے پر بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

[pullquote]مہاجرین کا بحران، جرمنی اور ہنگری اپنے اپنے موقف پر قائم[/pullquote]

جرمنی اور ہنگری مہاجرین کے بحران کے موضوع پر اپنے اپنے نقطہ نظر پر بدستور قائم ہیں۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے ہنگری کے وزیر اعظم وکٹور اوربان سے آج برلن میں ملاقات کے بعد اس امر کی تصدیق کی۔ میرکل کے بقول بوڈاپیسٹ حکومت خود کو مہاجرین کے حوالے سے ڈبلن معاہدے پر عمل درآمد کا ذمہ دار نہیں سمجھتی۔ ہنگری کے مطابق یورپ آنے والے مہاجرین کو یونان میں رجسٹر کرنا چاہیے۔ اس موقع پر اوربان نے کہا کہ ہنگری کی جنوبی سرحد پر نصب باڑ سے جرمنی کی جانب غیر قانونی ہجرت کی روک تھام میں بھی مددگار ثابت ہو رہی ہے۔

[pullquote]نوویچوک کے دوبارہ استعمال کا واقعہ افسوسناک ہے، برطانوی وزیر اعظم مے[/pullquote]

برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے نے اعصاب شکن زہر نوویچوک کے نئے حملے کو بہت ہی افسوس ناک واقعہ قرار دیا ہے۔ مے کے بقول ان کی تمام تر ہمدردیاں جنوبی انگلینڈ کے اس علاقے کے مکینوں کے ساتھ ہیں، جہاں پر یہ زہر استعمال کیا گیا ہے۔ اسی ہفتے ایمزبری میں ایک جوڑے پر حملے میں نوویچوک کے استعمال کی تصدیق ہو گئی ہے۔ یہ جوڑا تشویشناک حالت میں زیر علاج ہے۔ اس سے قبل مارچ میں ایمزبری کے قریبی علاقے سالسبری میں سابق روسی جاسوس سرگئی سکرپل اور ان کی بیٹی پر حملے میں یہی اعصاب شکن مادہ استعمال کیا گیا تھا۔

[pullquote]اقوام متحدہ کی اردن سے شامی مہاجرین کے لیے درخواست[/pullquote]

اقوام متحدہ نے جنوبی شام میں جاری شدید بمباری کے سلسلے کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس عالمی ادارے کے فیلیپو گراندی کے مطابق اس بمباری کی وجہ سے ساڑھے سات لاکھ شہریوں کی زندگی خطرے میں ہے۔ اس موقع پر انہوں سے اردن سے درخواست کی کہ وہ جنگ سے فرار ہونے والی شامی باشندوں کو پناہ دینے کے لیے اپنی سرحد کھول دے۔ اردن میں پہلے ہی ساڑھے چھ لاکھ سے زائد شامی مہاجر موجود ہیں۔ شامی دستے درعا میں باغیوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

[pullquote]یمنی شہر الحدیدہ کے حالات تشویشناک ہو چکے ہیں، آکسفیم[/pullquote]

یمنی بندرگاہی شہر الحدیدہ میں جاری لڑائی لاکھوں شہریوں کے لیے خطرہ بنی ہوئی ہے۔ برطانوی امدادی تنظیم آکسفیم کے مطابق تقریباً دس لاکھ متاثرہ افراد میں سے لگ بھگ آٹھ لاکھ کو خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ اس تنظیم نے مزید بتایا کہ اسی ہزار سے زائد شہریوں کے پاس رہنے کی کوئی جگہ نہیں اور ہیضے کے پھیلنے کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔ حوثی باغیوں کے زیر قبضہ اس شہر میں گزشتہ کئی ہفتوں سے لڑائی جاری ہے۔ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت اور سعودی عسکری اتحاد الحدیدہ پر مسلسل بمباری کر رہے ہیں۔

[pullquote]سابق اسرائیلی وزیر کے خلاف ایران کے لیے جاسوسی کا مقدمہ شروع[/pullquote]

اسرائیل کے ایک سابق وزیر کے خلاف ایران کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں مقدمے کی سماعت شروع ہو گئی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق گونَین سیگیو پر ریاست کے خلاف جاسوسی، جنگ کے دور میں دشمن کی مدد کرنے اور ریاستی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی نیت سے معلومات آگے پہنچانے‘ کے الزامات ہیں۔ اس مقدمے کو اب تک ’ملکی سلامتی کی وجوہات‘ کے نام پر انتہائی خفیہ رکھا گیا تھا۔سیگیو 1995ء سے لے کر 1996ء تک توانائی اور انفراسٹرکچر کے اسرائیلی وزیر رہے تھے۔ وہ ماضی میں مختلف نوعیت کے مجرمانہ الزامات میں قصور وار ثابت ہونے پر جیل میں قید بھی کاٹ چکے ہیں۔

[pullquote]یورپی مصنوعات پر اضافی محصولات، تنازعے کے حل کے لیے امریکی پیشکش[/pullquote]

امریکا نے یورپی گاڑیوں پر اضافی درآمدی محصولات عائد نہ کرنے کے حوالے سے ایک نئی تجویز پیش کی ہے۔ جرمن روزنامے ’ہانڈلزبلاٹ‘ کے مطابق واشنگٹن نے کہا ہے کہ یورپی ممالک اگر امریکی گاڑیوں کی درآمد پر ٹیکس ہٹا دیں، تو امریکا بھی ایسے اضافی محصولات عائد نہیں کرے گا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ بات جرمنی میں امریکی سفیر رچرڈ گرینل نے جرمن کارساز اداروں فوکس ویگن، بی ایم ڈبلیو اور ڈائملر کے امریکی نمائندوں سے ایک ملاقات میں کہی۔ اس موقع پر گرینل نے یہ بھی واضح کیا کہ واشنگٹن کی طرف سے انہیں یورپی یونین اور جرمنی کے ساتھ پیدا ہونے والے اس تجارتی تنازعے کا حل تلاش کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔

[pullquote]عراقی کسان موسم گرما کی فصل کاشت نہیں کر سکیں گے[/pullquote]

عراق میں اس سال ملکی کسانوں کو موسم گرما کی فصل کاشت کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ آبی امور کی عراقی وزارت کے مطابق یہ فیصلہ پانی کی شدید قلت کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ عراق میں شدید گرمی اور کم بارشوں کی وجہ سے دو اہم ترین دریاؤں میں پانی کی سطح انتہائی کم ہو چکی ہے۔ کسانوں نےحکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ آب پاشی کے نظام کو جدید بنانے میں ناکام رہی ہے۔ حکومت کے اس فیصلے سے سب سے زیادہ متاثر بغداد سے جنوب کا خطہ ہو گا، جہاں زیادہ تر افراد کا پیشہ کھیتی باڑی ہے۔

[pullquote]جنوب مشرقی ایتھوپیا کی خفیہ جیلیں[/pullquote]

ایتھوپیا میں علیحدگی پسند گروہوں کے مبینہ ارکان پر تشدد کرنے کی اطلاعات ہیں۔ ہیومن رائٹس واچ کے مطابق جنوب مشرقی ایتھوپیا کی خفیہ جیلوں میں ’اواین ایل ایف‘ کے ارکان پر تشدد کرنے، زیادتی کا نشانہ بنانے اور انہیں بھوکا پیاسا رکھنے کی اطلاعات ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیم نے ادیس آبابا حکومت سے ان واقعات کی تحقیقات شروع کرنے کا کہا ہے۔ ایچ آر ڈبلیو نے اس سلسلے میں ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے ایک کمیشن کے قیام کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

[pullquote]مادورو نے ملکی فوج کو چوکنا رہنے کا حکم دے دیا[/pullquote]

وینزویلا کے صدر نکولاس مادورو نے ممکنہ امریکی پیش قدمی کے تناظر میں ملکی فوج کو چوکنا رہنے کا حکم دے دیا ہے۔ مادورو کے بقول ان کا ملک ایک لمحے کے لیے بھی اپنے تحفظ میں غفلت کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ صدر مادورو کا یہ بیان امریکی ذرائع ابلاغ کی ان خبروں کے رد عمل میں سامنے آیا ہے، جن میں کہا جا رہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وینزویلا پر چڑھائی کرنے کا سوچ رہے تھے۔ اب سامنے آنے والی ان خبروں کے مطابق ٹرمپ نے گزشتہ برس اگست میں امور خارجہ کے اپنے مشیروں سے اس بارے میں صلاح مشورے بھی کیے تھے۔

[pullquote]جرمن آسٹرین سرحد پر تارکین وطن کے عبوری مراکز، مجوزہ تفصیلات سامنے آ گئیں[/pullquote]

جرمن حکومت نے آسٹریا کے ساتھ ملکی سرحد پر مہاجرین کے لیے عبوری مراکز کے قیام کے منصوبے کی تفصیلا ت جاری کر دی ہیں۔ چانسلر انگیلا میرکل نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ان مراکز میں سیاسی پناہ کے متلاشی کسی بھی تارک وطن کو زیادہ سے زیادہ اڑتالیس گھنٹوں تک رکھا جا سکے گا۔ میرکل کے بقول اس دوران پولیس ایسے افراد کی نگرانی کرے گی۔ مزید یہ کہ اگر اس مدت کے دوران متعلقہ تارک وطن کی درخواست پر کوئی فیصلہ سامنے نہ آیا تو اسے کسی دوسری جگہ منتقل کر دیا جائے گا۔ ان مراکز کے کچھ حصے خواتین اور بچوں کے لیے مخصوص ہوں گے۔

[pullquote]مہاجرین کی عارضی مراکز میں بندش کے طریقہ کار پر اقوام متحدہ کے تحفظات[/pullquote]

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) نے مہاجرین کو عارضی مراکز میں بند رکھنے کے طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ اس ادارے کی جرمن شاخ کے نمائندے ڈومینیک بارچ کے مطابق پناہ کے متلاشی کسی بھی انسان کو اس طرح کے مراکز میں حراست میں رکھنے کو آخری حل کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔ ان کے بقول بنیادی طور پر ہر مہاجر یا تارک وطن کو اجازت ہونا چاہیے کہ وہ اپنی مرضی کے مطابق ایسے مراکز سے باہر بھی نکل سکے۔ ان کا یہ بیان جرمنی اور آسٹریا کی سرحد پر پناہ کے متلاشی افراد کے لیے عبوری کیمپ قائم کرنے کی تجویز کے رد عمل میں سامنے آیا ہے۔

[pullquote]برطانیہ میں نوویچوک زہر کے ساتھ دوسرا حملہ[/pullquote]

برطانوی پولیس نے تصدیق کر دی ہے کہ ایمزبری میں ایک جوڑے پر حملے میں زہریلا کیمیائی مادہ نوویچوک استعمال کیا گیا۔ پولیس کے مطابق اس حملے میں ایک 45 سالہ مرد اور اس کی 44 سالہ بیوی ہفتہ تیس جون کو اپنے گھر میں بےہوش پائے گئے تھے۔ ہسپتال میں ان دونوں کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔ برطانیہ میں رواں برس اس اعصابی زہر کے ساتھ کیا جانے والا یہ دوسرا حملہ ہے۔ اس سے قبل مارچ میں سابق روسی جاسوس سکرپل اور ان کی بیٹی کو بھی سالسبری میں اسی زہر کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

[pullquote]پاک افغان سرحد پر ڈرون حملہ، قاری عبداللہ داور ہلاک[/pullquote]

پاک افغان سرحد پر ایک مبینہ امریکی ڈرون حملے میں شدت پسند کمانڈر اور اس کے ایک ساتھی کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ پاکستانی خفیہ ادارے کے دو افسران نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ شمالی وزیرستان میں کیے گئے اس حملے میں قاری عبداللہ داور اور اس کا ایک ساتھی مارا گیا۔ قاری عبداللہ کا تعلق گل بہادر گروپ سے بتایا جاتا ہے۔ اس گروپ پر الزام ہے کہ یہ افغانستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔ ابھی گزشتہ ماہ ہی تحریک طالبان پاکستان کا سربراہ ملا فضل اللہ افغانستان میں ڈرون حملے میں مارا گیا تھا۔

[pullquote]فیفا نے جرمن ریفری کو روس سے واپس بھیج دیا[/pullquote]

فٹ بال کی عالمی تنظیم ’فیفا‘ نے جرمن ریفری فیلکس برِیش کو روس میں جاری فٹ بال کے عالمی کپ مقابلوں سے نکال دیا ہے۔ فیفا کے مطابق سربیا کے احتجاج کے بعد برِیش کو واپس جرمنی بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔ برِیش سربیا اور سوئٹزرلینڈ کے مابین کھیلے گئے میچ کے ریفری تھے۔ تاہم ان کی جانب سے ایک پنلٹی کک دیے جانے کے فیصلے پر سربیا کی فٹ بال فیڈریشن نے شدید احتجاج کیا تھا۔ ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ فٹ بال کے کسی ورلڈ کپ میں بہت کم جرمن ریفری اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے