[pullquote]نوبل انعام یافتہ لیو شیاؤبو کی برسی، ہانگ کانگ میں سوگ[/pullquote]
ہانگ کانگ میں انسانی حقوق کے کارکنوں کی جانب سے نوبل انعام یافتہ لیو شیاؤبو کی پہلی برسی کے موقع پر چینی سرکاری عمارت کے سامنے سیاہ پٹیاں باندھ کر علامتی سوگ منایا گیا۔ شیاؤبو سن 1989 میں تیانَنمن اسکوائر مظاہروں میں شریک ہوئے تھے۔ انہیں ’ریاست کے خلاف سازش‘ کے جرم میں گیارہ برس قید کی سزا سنائی گئی تھی، جب کہ وہ ایک برس قبل جگر کے سرطان کی وجہ سے انتقال کر گئے تھے۔ انسانی حقوق کے درجنوں کارکنوں نے ہانگ کانگ میں چینی دفتر کے باہر شیاؤبو کی تصویر بھی آویزاں کیں۔
[pullquote]پوٹن حریف ہیں ، ذاتی دشمن نہیں، ٹرمپ[/pullquote]
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن حریف ہیں اور اُن دونوں کے درمیان ذاتی دشمنی نہیں ہے۔ یوکرائن تنازعے کے بعد روس اور امریکا کے تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہیلسنکی میں مجوزہ ملاقات سے باہمی کشیدگی کم ہونے میں مدد ملے گی۔ تاہم ٹرمپ کے اس تازہ بیان پر امریکا میں شدید ردعمل دیکھا گیا ہے۔ سینیٹر میک کین کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر ٹرمپ ہیلسنکی میں پوٹن کے ’نادرست اقدامات‘ پر امریکی موقف واضح نہیں کرتے، تو اس سے عالمی سطح پر امریکی تشخص کو نقصان پہنچے گا۔
[pullquote]برطانیہ کے ساتھ بے انتہا قریبی تعلقات ہیں، ٹرمپ[/pullquote]
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دورہ برطانیہ کے دوران کہا ہے کہ برطانیہ اور امریکا کے درمیان ’انتہائی قریبی‘ تعلقات ہیں۔ جمعے کے روز انہوں نے یہ بات برطانوی وزیراعظم ٹیریزا مے سے ملاقات کے بعد کی۔ اس دورے سے قبل اپنے ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے وزیراعظم ٹیریزا مے پر شدید تنقید کی تھی تاہم لندن پہنچے پر ان کا کہنا تھا کہ وہ برطانوی وزیراعظم سے آج تجارت اور عسکری امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور برطانیہ کے درمیان ’خصوصی تعلقات‘ کے تناظر میں نیے تجارتی معاہدوں کے مواقع پر بھی بات چیت ہو گی۔
[pullquote]سوشل میڈیا کی نگرانی کے حکومتی منصوبے پر بھارتی سپریم کورٹ کو تشویش[/pullquote]
بھارت کی سپریم کورٹ نے سوشل میڈیا کی نگرانی سے متعلق ایک حکومتی منصوبے پر ’تشویش‘ کا اظہار کیا ہے۔ جمعے کے روز اپنے ایک حکم نامے میں سپریم کورٹ نے حکومت کو حکم دیا کہ وہ دو ہفتے میں اس بابت تحفظات کا جواب دے۔ بھارتی حکومت سوشل میڈیا صارفین اور فیک نیوز کی شناخت کے لیے نگرانی کے ایک منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ اپریل میں بھارت کی اطلاعات و نشریات کی وزارت نے مختلف کمپنیوں کو اس بابت بولی کی دعوت دی تھی۔ تاہم اس منصوبے پر متعدد اراکین پارلیمان نے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
[pullquote]شام میں عسکری پوزیشنوں سے روس کو باخبر رکھتے ہیں، ایران[/pullquote]
ایرانی اعلیٰ حکومتی مشیر علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ تہران حکومت شام میں تعینات ایرانی فوجیوں کی پوزیشنوں سے متعلق ماسکو حکومت سے رابطے میں رہتی ہے۔ ماسکو میں ایک کانفرنس کے موقع پر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ولایتی نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کی وجہ سے تیل کی قیمتوں کی اضافہ ہو گا، جس کی وجہ سے صارفین کو تکلیف پہنچے گی۔
[pullquote]درعا میں شامی پرچم لہرا دیا گیا[/pullquote]
گزشتہ سات برسوں میں پہلی مرتبہ جنوبی شامی شہر درعا میں شامی پرچم لہرا دیا گیا ہے۔ سن 2011 میں بشارالاسد مخالف مظاہروں کا آغاز اسی شہر سے ہوا تھا اور اس دوران یہ علاقہ ایک طویل عرصے تک باغیوں کے قبضے میں رہا۔ درعا پر قبضے کے لیے حکومتی فورسز نے ایک بڑی فوجی کارروائی کی تھی، جس میں روسی فضائی مدد بھی لی گئی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ شامی پرچم درعا کے مرکز میں ٹھیک اسی چوک میں لہرایا گیا، جہاں مارچ 2011 میں بشارالاسد کے خلاف سب سے پہلے مظاہرہ ہوا تھا۔ شامی میڈیا کے مطابق اب حکومتی فورسز اسرائیلی سرحد کے قریب گولان کے پہاڑی سلسلے میں داعش اور دیگر باغی گروپوں کے بچے کھچے ٹھکانوں کو نشانہ بنائیں گی۔
[pullquote]جلاوطن کاتلان رہنما کی اسپین حوالگی، پوج ڈیمونٹ جرمن فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے[/pullquote]
جلاوطن کاتلان رہنما کارلیس پوج ڈیمونٹ جرمن عدالت کی جانب سے انہیں اسپین کے حوالے کرنے سے متعلق فیصلے کے خلاف جرمنی کی اعلیٰ ترین عدالت میں اپیل دائر کریں گے۔ ہسپتانوی علاقے کاتالونیا کے سابق صدر نے گزشتہ برس اکتوبر میں ایک متنازعہ ریفرنڈم کے بعد علاقے کی اسپین سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا، تاہم اس کے جواب میں میڈرڈ حکومت نے خطے کی خودمختار حیثیت عارضی طور پر ختم کرتے ہوئے انتظامی اختیارات اپنے ہاتھ میں لے لیے تھے۔ پوج ڈیمونٹ تب سے جلاوطن ہیں۔ وہ ابتدا میں بیلجیم میں تھے، تاہم بعد میں انہیں جرمن پولیس نے گرفتار کر لیا تھا۔
[pullquote]سعودی چیک پوائنٹ پر حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی[/pullquote]
دہشت گرد تنظیم داعش نے چند روز قبل ایک سعودی سکیورٹی چیک پوائنٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ یہ حملہ اتوار کے روز قاسم صوبے میں بریدہ کے علاقے میں کیا گیا تھا، جس میں سکیورٹی فورسز کے ایک اہلکار کے علاوہ ایک غیرملکی بھی مارا گیا تھا۔ داعش کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس حملے میں اس کی تین جہادی مارے گئے تھے۔ تاہم اپنے اس دعوے کی تصدیق کے لیے اس تنظیم کی جانب سے شواہد پیش نہیں کیے گئے ہیں۔
[pullquote]روس ایران کے سابق سرکاری عہدیدار کو گرفتار کرے، ارجنٹائن کی درخواست[/pullquote]
ارجنٹائن نے ماسکو حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ سن 1994 میں بیونس آئریس میں ایک یہودی مرکز پر ہونے والے بم دھماکے سے تعلق کے الزامات کا سامنا کرنے والے سابق ایرانی وزیرخارجہ علی اکبر ولایتی کو گرفتار کر کے ارجنٹائن کے حوالے کرے۔ جمعرات کے روز یہ مطالبہ ارجنٹائن کی وزارت خارجہ کی جانب سے کیا گیا ہے۔ ولایتی اس وقت ایرانی صدر حسن روحانی کے خصوصی مشیر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور اس وقت روس کے دورے پر ہیں۔ وہ جمعے کو روس سے چین کی جانب روانہ ہوں گے۔ وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ارجٹائن اور روس کے درمیان ملزمان کی حوالگی کا معاہدہ ہے اور اسے معاہدے کے تحت ولایتی کو گرفتار کر کے ارجنٹائن کے حوالے کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
[pullquote]مے صدر ٹرمپ کو بریگزٹ پلان کی تفصیلات بتائیں گی[/pullquote]
برطانوی وزیراعظم ٹیریزا مے کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ مے صدر ٹرمپ سے ملاقات میں انہیں بریگزٹ منصوبے سے متعلق تفصیلات بتائیں گی۔ اس سے قبل ٹرمپ نے اس منصوبے کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ مے کے ترجمان نے کہا کہ ٹیریزا مے صدر ٹرمپ سے ملاقات کی منتظر ہیں۔ واضح رہے کہ برطانوی وزیراعظم ایک نئے بریگزٹ پلان کے ساتھ یورپی یونین کے ساتھ مذاکرات کریں گی۔ اگلے برس مارچ تک برطانیہ کو یورپی یونین سے اخراج سے قبل یورپ کے ساتھ کسی معاہدے کو حتمی شکل دینا ہے۔
[pullquote]امریکی ایوان نمائندگان نے خفیہ اداروں کو سرمایہ فراہم کرنے سے متعلق قانونی بل منظور کر لیا[/pullquote]
امریکی ایوان نمائندگان نے خفیہ اداروں اور قومی سلامتی کے حساس پروگرامز کے لیے سرمایے کی فراہمی کا قانونی بل منظور کر لیا ہے۔ یہ حساس پروگرامز روس، چین اور شمالی کوریا جیسے ممالک سے متعلق ہیں۔ اس بل پر ہونے والی رائے شماری میں 54 کے مقابلے میں 363 ارکان نے بل کے حق میں ووٹ دیا۔ سو صفحات پر مبنی اس بل میں سابقہ صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت جیسے واقعات کے انسداد اور شمالی کوریا کی مالی صورت حال کی نگرانی جیسے امور پر بات کی گئی ہے۔ اسی طرز کا ایک بل امریکی سینیٹ میں بھی زیربحث ہے۔
[pullquote]دورہ برطانیہ، ٹرمپ کی ٹیریزا مے پر تنقید[/pullquote]
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دورہ برطانیہ کے آغاز سے قبل برطانوی وزیراعظم ٹیریزا مے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ٹرمپ کے دورے کے موقع پر لندن سمیت متعدد مقامات پر مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ جمعے کے روز برطانوی اخبار دی سن میں شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ بریگزٹ کے بعد یورپی یونین سے تجارت سے متعلق ٹیریزا مے کا منصوبہ اس کے امریکا کے ساتھ ’تجارتی تعلقات کا ایک طرح سے قتل‘ ہے۔ انہوں نے اپنے انٹرویو میں لندن کے میئر صادق خان پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خان نے شہر کی مرکزی سرکاری عمارت پر ٹرمپ مخالف غبارہ اڑانے کی اجازت دی۔
[pullquote]بحیرہ روم میں پھنسے 67 تارکین وطن بلآخر اٹلی پہنچ گئے[/pullquote]
لیبیا کے پانیوں کے قریب ریسکیو کیے گئے 67 تارکین وطن بلآخر اٹلی پہنچ گئے ہیں۔ اٹلی کی جانب سے غیرقانونی تارکین وطن کے ملک میں داخل نہ ہونے دینے کے اعلان کے بعد یہ افراد بحیرہ روم میں پھنس گئے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ ان تارکین وطن کو لے کر اطالوی کوسٹ گارڈ کا جہاز سیسلی کے علاقے تراپانی کے ساحلوں پر پہنچ گیا۔ ان افراد کو اتوار کے روز بچایا گیا تھا اور پیر کے روز اطالوی کوسٹ گارڈز کے حوالے کیا گیا تھا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق ان تارکین وطن نے ریسکیو جہاز کے عملے کو دھمکایا تھا کہ وہ انہیں اٹلی پہنچائے.