بدھ : یکم اگست 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]اسرائیلی سپائی ویئر کا نشانہ ایمسنٹی کا ایک ملازم[/pullquote]

اسرائیلی سپائی ویئر کا نشانہ ایمسنٹی کا ایک ملازمانسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بدھ کے روز کہا ہے کہ اس کے ایک ملازم کے کمپیوٹر کو خفیہ اسرائیلی کمپنی کے تیار کردہ ایک سپائی ویئر نے نشانہ بنایا۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق اس کا یہ ملازم سعودی عرب میں انسانی حقوق کی صورت حال کی تفتیش میں مصروف ہے اور اسے جون میں مشتبہ پیغامات وصول ہوئے، جو صارف کے فونز کو متاثر کرنے کی کوشش کا حصہ تھے۔

[pullquote]آسٹریا، موٹر وے پر حدرفتار میں اضافہ[/pullquote]

آسٹریا کی حکومت نے ملک کی اہم موٹرویز ہر حدرفتار ایک سو تیس کلومیٹر فی گھنٹہ سے بڑھا کر ایک سو چالیس کلومیٹر فی گھنٹہ کر دی ہے۔ حدرفتار میں اضافے کا اعلان وزیرٹرانسپورٹ نوبیرٹ ہوفر نے کیا۔ اپوزیشن جماعتوں اور ماحول دوست حلقوں کی جانب سے اس حکومتی اقدام پر تنقید کی جا رہی ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اس طرح ایک تو حادثات میں اضافہ ہو گا اور دوسری جانب ماحولیاتی آلودگی بھی بڑھی گی۔ واضح رہے کہ آسٹریا کے ہمسایہ ملک جرمنی میں موٹر ویز کے ایک بڑے حصے میں کوئی حدرفتار نہیں ہے۔

[pullquote]وسطی افریقی جمہوریہ میں تین روسی صحافی قتل[/pullquote]

وسطیٰ افریقی جمہوریہ میں روس کی ایک نجی سکیورٹی کمپنی کی سرگرمیوں کی تفتیش کرنے والے تین صحافی قتل کر دیے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ وسطیٰ افریقی جمہوریہ کے شہر سیبُت میں ان صحافیوں کی گاڑی کو گھات لگا کر نشانہ بنایا گیا۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ہلاک ہونے والے ان تینوں صحافیوں کے پاس سے پریس کارڈ برآمد ہوئے ہیں، تاہم روسی حکومت کی جانب سے فی الحال یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ آیا یہ واقعی صحافی تھے۔

[pullquote]متنازعہ منصوبے کے تحت جرمنی میں پہلا مہاجرین کا ’عبوری مرکز‘[/pullquote]

جرمنی کی جنوبی ریاست باویریا متنازعہ منصوبے کے تحت مہاجرین کے لیے عبوری مراکز کے قیام کا آغاز کر رہی ہے۔ اس منصوبے کے تحت سیاسی پناہ کے متلاشی افراد کو ان کی درخواستوں کی چھان بین تک ان مراکز میں رکھا جائے گا۔ یہ مراکز جرمن وزیرداخلہ ہورسٹ زیہوفر کے اس منصوبے کے تحت قائم کیے جا رہے ہیں، جن کے تحت جرمنی پہنچنے والے مہاجرین کی سیاسی پناہ کی درخواستوں پر تیز رفتار عمل اور ناکام درخواست گزاروں کی جرمنی بدری میں تیزی لانا ہے۔

[pullquote]میکسیکن جہاز کو حادثہ مگر تمام مسافر محفوظ[/pullquote]

میکسیکو کا ایک جہاز شدید طوفان کی وجہ سے کریش کر گیا، تاہم اس میں سوار تمام مسافر اور عملہ جہاز سے باہر نکلنے میں کامیاب ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ اڑتے ہی یہ جہاز طوفان کی وجہ سے گر گیا اور پھر زمین کے ساتھ گھسٹتے ہوئے رک گیا۔ تاہم لگنے والی آگ کے پھیلنے سے قبل ہی تمام مسافر بہ حفاظت جہاز سے باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔ مقامی حکام کے مطابق اس واقعے میں تاہم جہاز سر سوار 101 میں سے 97 افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی ہے۔ یہ جہاز ڈورانگو شہر سے میکسیکو سٹی کے لیے روانہ ہوا تھا۔

[pullquote]امریکا کی عوامی بیان بازی سے کام نہیں بنے گا، ایران[/pullquote]

ایرانی وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے انتباہ اور پبلک ریلیشن کے اقدامات سے کام نہیں چلے گا۔ منگل کی شب اپنے ایک ٹوئٹ میں جواد ظریف نے کہا کہ امریکا نے جوہری ڈیل سے نکل کر معاملات کو پیچیدہ بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے یورپی یونین، روس اور چین کے ساتھ مل کر ایک غیرمعمولی معاہدہ کیا تھا اور امریکا نے اس ڈیل سے نکل کر بات چیت کا راستہ خود بند کیا ہے۔ پیر کے روز اپنے ایک ٹوئٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ ایرانی رہنماؤں کے ساتھ بغیر شرائط کے ملنے کے لیے تیار ہیں۔

[pullquote]یونان کی جنگلاتی آگ، متاثرین کا حکومت کے خلاف مقدمہ[/pullquote]

گزشتہ ہفتے ایتھنز کے نواح میں جنگلاتی آگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والی ایک خاتون اور ایک مرد کے اہل خانہ نے حکومت، فائربریگیڈ اور پولیس کے خلاف دعویٰ دائر کر دیا ہے۔ بدھ کے روز عدالتی ذرائع نے بتایا کہ اس مقدمے میں حکام پر لوگوں کو ہلاک کرنے، جسمانی نقصان اور جان لیوا صورت حال سے دوچار کرنے جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ یونانی استغاثہ اس جنگلاتی آگ کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیش میں مصروف ہے۔ واضح رہے کہ اس جنگلاتی آگ کے نتیجے میں مجموعی طور پر 91 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

[pullquote]متحدہ عرب امارات میں ’ویزا جرم‘ پر عام معافی[/pullquote]

متحدہ عرب امارات کی حکومت نے غیرقانونی طور پر ملک میں داخل ہونے والوں اور ویزے کی معیاد ختم ہونے کے باوجود قیام کرنے والوں کے لیے عام معافی کی مشروط پیش کش کی ہے۔ اس پیش کش کے مطابق اگر ایسے تارکین وطن رضاکارانہ طور پر اپنے اپنے وطن واپس جانے پر آمادہ ہو جائیں، تو انہیں کسی قسم کا جرمانہ ادا نہیں کرنا پڑے گا۔ اس حکومتی اعلان میں کہا گیا ہے کہ غیرقانونی طور پر سکونت پذیر افراد اب 31 اکتوبر سے قبل اگر متحدہ عرب امارات سے نکلنا چاہیں، تو انہیں جرمانہ ادا نہیں کرنا ہو گا۔

[pullquote]زمبابوے میں حکمران جماعت کو اکثریت حاصل[/pullquote]

زمبابوے میں حکمران زانو پی ایف پارٹی نے پارلیمان میں اکثریتی نشستیں حاصل کر لی ہیں۔ بدھ کے روز زمبابوے کے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نتائج میں صدر ماناناگوا کی جماعت اب تک کے نتائج میں آگے ہے۔ نتائج کے مطابق زانو پی ایف کو ایک سو نو نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے، جب کہ اس کے مقابلے میں اپوزیشن جماعت موومنٹ فار ڈیموکریٹک چینج کو 41 نشستیں ملی ہیں۔ 58 نشستوں کے نتائج کا اعلان ابھی ہونا باقی ہے۔ اس سے قبل اپوزیشن جماعت نے الیکشن کمیشن پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ زانو پی ایف کو جتانے کے لیے انتخابی نتائج کے اعلان میں تاخیر سے کام لے رہا ہے۔

[pullquote]دو سو ارب ڈالر کی چینی مصنوعات پر اضافی امریکی محصولات[/pullquote]

امریکی حکام دو سو ارب ڈالر کی مالیت کی چینی درآمدات پر اضافی محصولات عائد کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ متعدد چینی مصنوعات پر دس فیصد سے 25 فیصد تک اضافی محصولات عائد کر سکتے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ آج بدھ کے روز امریکا 16 ارب ڈالر کی چینی مصنوعات پر ٹیکسوں کے نفاذ کا اعلان کر سکتا ہے۔ اس سے قبل ٹرمپ انتظامیہ نے 34 ارب ڈالر کی چینی مصنوعات پر محصولات عائد کی تھیں، جس کے جواب میں چین نے بھی اتنی ہی مالیت کی امریکی مصنوعات کو نشانہ بنایا تھا۔

[pullquote]جلال آباد میں مسلح افراد کا حملہ، ہلاک شدگان کی تعداد 15 ہو گئی[/pullquote]

منگل کے روز مشرقی افغان شہر جلال آباد میں ایک سرکاری عمارت پر مسلح افراد کے حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 15 ہو گئی ہے۔ بتایا گیا ہےکہ اس عمارت کے مرکزی دروازے پر ایک خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑایا، جب کہ دیگر مسلح افراد عمارت میں داخل ہو گئے تھے۔ دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ حکام کے مطابق اس واقعے میں ملوث حملہ آوروں کی تعداد تین تھی، جن میں سے ایک خودکش بمبار تھا۔ بتایا گیا ہے کہ اس حملے میں مجموعی طور پر تیس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

[pullquote]اسلامک اسٹیٹ کے ڈیڑھ سو جہادیوں نے افغان فورسز کے سامنے ہتھیار ڈال دیے[/pullquote]

افغان حکام کے مطابق طالبان کے حملے کے بعد اسلامک اسٹیٹ کے ڈیڑھ سو سے زائد جہادیوں نے خود کو افغان فورسز کے حوالے کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ شمالی افغان صوبے جوزان میں طالبان کی جانب سے کارروائی کے بعد اسلامک اسٹیٹ کے مقامی کمانڈر حبیب الرحمان نے دیگر جنگجوؤں سمیت ہتھیار ڈال کر خود کو حکومتی فورسز کے حوالے کر دیا۔ اس سے قبل افغان طالبان کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ جوزان میں اس نے کارروائی کر کے اسلامک اسٹیٹ کے درجنوں جہادیوں کو ہلاک جب کہ 130 سے زائد کو حراست میں لے لیا ہے۔

[pullquote]شام میں ایک جہادی گروہ نے جاپانی اور اطالوی مغویوں کی ویڈیو جاری کر دی[/pullquote]

شام میں ایک جہادی گروہ نے یرغمال بنائے گئے ایک اطالوی اور ایک جاپانی شہری کی الگ الگ ویڈیوز جاری کر دی ہے۔ شدت پسند تنظیموں کی آن لائن سرگرمیوں پر نگاہ رکھنے والے ادارے سائٹ کے مطابق جاپانی صحافی جُمپئی یاسودا اور اطالوی شہری الیساندرو ساندرینی کے اغوا میں ایک ہی گروہ ملوث ہے، تاہم اس جہادی گروہ کا نام نہیں بتایا گیا ہے۔ اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ جاپانی صحافی کو سن 2015ء میں النصرہ فرنٹ نے اغوا کیا تھا۔ جولائی کی پچیس تاریخ کو سامنے آنے والی ویڈیو میں جمپئی نے خود کو کوریائی شہری ظاہر کیا، تاہم وہ ویڈیو میں جاپانی زبان بول رہے تھے۔

[pullquote]ایران یمن میں خانہ جنگی کے خاتمے میں مدد دے سکتا ہے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران ممکنہ طور پر یمن میں جاری خانہ جنگی کے خاتمے میں مدد کے لیے تیار ہے۔ تاہم عالمی ماہرین نے اپنی اس رپورٹ میں کہا ہے کہ تہران حکومت اب بھی حوثی باغیوں کو ڈرون اور بیلسٹک میزائلوں سے مسلح کر رہی ہے۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے سلامتی کونسل میں پیش کردہ اس رپورٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ یمنی تنازعے کے پرامن حل کے لیے ایران اب ممکنہ طور پر تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ واضح رہے کہ یمنی تنازعے میں حوثی باغیوں کو ایرانی پشت پناہی حاصل ہے، جب کہ منصور ہادی کو سعودی قیادت میں عرب اتحاد کی مدد حاصل ہے۔

[pullquote]اسرائیلی فوجیوں کو تھپڑ مارنے پر کوئی افسوس نہیں، احد تمیمی[/pullquote]

آٹھ ماہ تک جیل میں رہنے کے بعد رہا ہونے والی فلسطینی لڑکی احد تمیمی نے کہا ہے کہ انہیں اسرائیلی فوجیوں کو تھپڑ مارنے پر کوئی افسوس یا ندامت نہیں ہے۔ مغربی کنارے میں صحافیوں سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ ان کا ردعمل نہایت عمومی تھا اور ان کی جگہ کوئی بھی ہوتا تو یہی کرتا۔ واضح رہے کہ تمیمی کو اسرائیلی فوجیوں کو لاتیں اور تھپڑ مارنے کے جرم میں آٹھ ماہ قید کی سزا ہوئی تھی اور انہیں سزا مکمل ہونے پر گزشتہ اتوار کو رہا کیا گیا تھا۔ دسمبر 2017ء میں اسرائیلی فوجیوں کو تھپڑ مارنے کے واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد فلسطینیوں میں تمیمی کو مزاحمت کی ایک علامت کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے