منگل : 14 اگست 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یورو کی قدر میں کمی[/pullquote]

یورو زون کی کرنسی یورو کی قدر میں منگل چودہ اگست کو کمی واقع ہوئی ہے۔گزشتہ تیرہ ماہ کے دوران امریکی ڈالر اور سوئٹزرلینڈ کی کرنسی فرانک کے مقابلے یورو کی کم ترین سطح ہے۔ منگل کو ترک کرنسی لیرا کی قدر میں تقریباً سات فیصد کی بہتری ہوئی ہے لیکن اس میں استحکام کے حوالے سے خدشات بدستور قائم ہیں۔ ماہرین کے مطابق ترک کرنسی لیرا کی گرتی ہوئی قدر اور ترک صدر کا شرح سود کم کرنے کا اعلان یورپی مالی منڈیوں کے لیے حوصلہ افزا نہیں ہے۔

[pullquote]شمالی افغانستان میں افغان فوجی اڈے پر طالبان کا حملہ، سترہ ہلاک[/pullquote]

شمالی افغان صوبے فریاب کے فوجی مرکز ’کیمپ چِنایا‘ پر طالبان عسکریت پسندوں کی چڑھائی کے بعد ہونے والی ہلاکتیں سترہ اور زخمیوں کی تعداد انیس بتائی گئی ہیں۔ افغان وزارت دفاع کے ترجمان غفور احمد جاوید کے مطابق کیمپ چِنایا کا محاصرہ تین روز قبل کیا گیا تھا اور اس میں کُل 140 فوجی مقیم تھے۔ فریاب کی صوبائی کونسل کے رکن طاہر رحمانی نے بتایا کہ اس کیمپ پر طالبان نے قبضہ پیر اور منگل کی درمیانی شب میں ایک زوردار حملے کے بعد کیا تھا۔ دوسری جانب طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ کم از کم ستاون فوجیوں نے ہتھیار ڈالے ہیں جبکہ تینتالیس کو ہلاک کیا گیا ہے۔

[pullquote]مالی کے صدارتی الیکشن میں موجودہ صدر کی کامیابی[/pullquote]

شورش زدہ افریقی ملک مالی کے موجودہ صدر ابراہیم بٰوبکر کیتا نے صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اُن کے ترجمان نے بتایا کہ صدر کیتا کو عبوری گنتی کے دوران واضح برتری حاصل ہوئی ہے۔ موجودہ صدر کو اپوزیشن لیڈر صومائلا سیسے کا سامنا تھا۔ گزشتہ ماہ کے صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں کامیاب صدر کو صرف اکتالیس فیصد ووٹ حاصل ہوئے تھے۔ دوسرے مرحلے کی ووٹنگ اتوار کو ہوئی تھی۔ اُدھر یورپی یونین کے مبصر مشن نے کہا ہے کہ مالی کے الیکشن میں بوگس ووٹنگ اور دھاندلی بظاہر نہیں دیکھی گئی لیکن کئی جگہ پر بدنظمی ضرور نظر آئی ہے۔

[pullquote]یورو زون کے بجٹ کو یورپی یونین کے فنڈ میں سمو دیا جائے گا، میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کا کہنا ہے کہ یورو زون کے طے شدہ بجٹ کو یورپی یونین کے وسیع تر اخراجاتی فنڈ کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ یورو زون کے لیے علیحدہ سے ایک وزیر مالیات رکھنے کی فوری ضرورت نہیں ہے۔ جرمن چانسلر نے ان خیالات کا اظہار ملک کے مشرقی شہر ژینا میں شہریوں سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے فرانس کے ساتھ رواں برس جون میں طے پانے والی ڈیل کی بھی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقتصادی پیداوار کو مستحکم کرنے کے علاوہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع فراہم کرے گی۔

[pullquote]ایکواڈور میں بس حادثہ، تقریباً دو درجن ہلاک[/pullquote]

جنوبی امریکی ملک ایکواڈور کے دارالحکومت کیٹو کے نواحی علاقے میں ایک بس حادثے میں ہونے والی ہلاکتیں تیئیس ہو گئی ہیں۔ حادثہ دارالحکومت کے قریب سے گزرنے والی ایک بڑی شاہرہ پر اُس وقت پیش آیا جب وہ ایک انتہائی خطرناک موڑ کاٹتے ہوئے بس دوسری کار سے ٹکرا کر الٹ گئی۔ یہ خطرناک موڑ سارے علاقے میں ڈیڈ مینز کَرو (Dead Men’s curve) یا مردہ افراد کے موڑ سے مشہور ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں وینزویلا اور کولمبیا کے شہری بھی شامل ہیں۔ دو روز قبل اتوار کے روز ایکواڈور میں ہونے والے حادثے میں ایک درجن افراد ہلاک ہوئے تھے۔

[pullquote]اٹلی میں پل گرنے کا حادثہ، بائیس ہلاک[/pullquote]

اطالوی بندرگاہی شہر جینوآ کے قریب ایک پل کے گرنے سے کم از کم بائیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اطالوی وزارت داخلہ کے مطابق پانچ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پل کے گرنے سے کم از کم بیس گاڑیاں بھی نیچے جا گریں۔ گاڑیوں کے ملبے میں سے دو افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔ یہ حادثہ اُس اہم شاہرہ پر پیش آیا، جو اٹلی اور فرانس کو ملاتی ہے۔ دوسری جانب فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے اطالوی وزیراعظم جُوزیپے کونٹے کو فون کر کے اس حادثے پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئےامدادی سرگرمیوں میں تعاون کی پیشکش بھی کی ہے۔

[pullquote]مالٹا نے مہاجرین کے جہاز کو لنگرانداز ہونے کی اجازت دے دی[/pullquote]

مالٹا کی حکومت نے اکویریس نامی امدادی بحری جہاز کو لنگرانداز ہونے کی اجازت دے دی ہے۔ یورپی کمیشن کے مطابق جرمنی، فرانس، اسپین، پرتگال اور لکسمبرگ اس جہاز پر سوار 141 مہاجرین کو پناہ دیں گے۔ ہسپانوی حکومت نے ساٹھ اور پرتگال نے بھی تیس کے قریب مہاجرین کو پناہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ ان مہاجرین کو بحیرہ روم میں دو مختلف مقامات سے بچایا گیا تھا۔ اکویریس جرمنی اور فرانس کی دو امدادی غیرسرکاری تنظیموں کے زیر انتظام ہے۔ پیر کو پہلے اٹلی اور پھر بعد میں مالٹا اور اسپین نے بھی اس جہاز کو لنگرانداز ہونے کی اجازت نہیں دی تھی۔

[pullquote]ادلب کا معاملہ، روس کے ساتھ مل کر حل ڈھونڈ لیں گے، ترک وزیر خارجہ[/pullquote]

ترکی کے وزیر خارجہ میولود چاؤش اولو نے کہا ہے کہ باغیوں کے زیر قبضہ شمالی شامی علاقے ادلب کا کوئی پرامن حل ڈھونڈ لیا جائے گا۔ ترک وزیر خارجہ کے مطابق ادلب کے تنازعے پر روس کے ساتھ مشاورت جلد مکمل کر لی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ادلب میں سرگرم دہشت گردوں کے علاوہ مسلح جنگجو اور تیس لاکھ عام شہریوں کے درمیان تفریق رکھنا ضروری ہے۔ شامی فوج اس علاقے کو باغیوں سے پوری طرح صاف کرنے کی منصوبہ بندی کیے ہوئے ہے۔ شامی حکومت کی جانب سے ادلب پر گزشتہ ہفتے کے دوران فضائی حملے کیے گئے تھے۔

[pullquote]سعودی عرب نے تین ایرانی ماہی گیر رہا کر دیے[/pullquote]

سعودی عرب نے ان تین ایرانی ماہی گیروں کو رہا کر دیا ہے، جنہیں گزشتہ برس سعودی کوسٹ گارڈز نے حراست میں لیا تھا۔ ایرانی خبر رساں ادارے اِرنا کے مطابق یہ ایرانی ماہی گیر جون سن 2017ء میں سعودی سمندری پانیوں سے گرفتار کیے تھے تھے، تاہم انہیں رواں ہفتے رہا کر دیا گیا ہے۔ اِرنا کے مطابق ان ماہی گیروں کی رہائی کے لیے ریاض حکومت کے ساتھ ایرانی وزارت خارجہ نے قریب ایک ہفتے مذاکرات کیے۔

[pullquote]لندن: کار سکیورٹی رکاوٹوں سے ٹکرا گئی، دو افراد زخمی[/pullquote]

لندن میں ایک کار برطانوی پارلیمان کی عمارت کے باہر سکیورٹی رکاوٹوں سے ٹکرا گئی۔ اس واقعے میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ مقامی طبی ذرائع کے مطابق یہ افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں اور ان میں سے کسی کی حالت تشویش ناک نہیں۔ اس واقعے کی تحقیات کی جا رہی ہیں۔

[pullquote]اٹلی میں پل منہدم، درجنوں ہلاکتوں کا خطرہ[/pullquote]

اٹلی کے بندرگاہی شہر جینوآ کے قریب ایک پل گرنے کے واقعے میں درجنوں افراد کی ہلاکت کے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ موٹر وے پر قائم یہ پل شدید بارشوں کے بعد مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے گیارہ بجے منہدم ہو گیا۔ اطالوی ایمبولینس سروس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں ’درجنوں‘ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ مقامی پولیس کا تاہم کہنا ہے کہ اس پل کے انہدام سے 20 گاڑیاں متاثر ہوئی، جب کہ کم از کم دس افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

[pullquote]پاکستان میں یوم آزادی کی تقریبات[/pullquote]

پاکستان اپنا 71واں یوم آزادی منا رہا ہے۔ رواں برس یہ سال گرہ ایک ایسے وقت میں منائی جا رہی ہے، جب گزشتہ ماہ ہونے والے عام انتخابات کے بعد ایک طرف تو مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے دھاندلی کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں جب کہ دوسری جانب گزشتہ روز نومنتخب پارلیمان کے اراکین نے حلف اٹھایا۔ منگل کو یوم پاکستان کی مرکزی تقریب میں پاکستانی صدر ممنون حسین نے پرچم کشائی کی۔ گزشتہ شب دارالحکومت اسلام آباد میں آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا، جب کہ دن کا آغاز وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔

[pullquote]ڈالر کے بہ طور عالمی کرنسی دن گنے جا چکے ہیں، روس[/pullquote]

روسی وزیرخارجہ سیرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ ڈالر کے بہ طور عالمی کرنسی دن گنے جا چکے ہیں اور وہ تنزلی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس اب ترکی اور دیگر ممالک کے ساتھ تجارت کے لیے قومی کرنسیز میں لین دین کے راستے تلاش کر رہا ہے۔ ترک دارالحکومت انقرہ میں تاہم بات چیت میں لاوروف نے اس عزم کا اظہار نہیں کیا کہ روس ترکی کے ساتھ ڈالر میں لین دین ختم کرنے والا ہے۔ انہوں نے اپنے ترک ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ڈالر کے نادرست کردار کی وجہ سے اس کے بہ طور عالمی کرنسی استعمال میں گراوٹ ہو گی اور اس کے افعال محدود ہو کر رہ جائیں گے۔

[pullquote]کانگو میں ایبولا کے خلاف آزمائشی بنیادوں پر علاج شروع[/pullquote]

ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو میں ایبولا کے مریضوں کے لیے ایک دوا کا آزمائشی طور پر استعمال شروع کر دیا گیا ہے۔ منگل کے روز وزارت صحت کے مطابق اس دوا کو ملک کے مشرق میں ایبولا وائرس سے متاثرہ علاقوں میں استعمال کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ایبولا وائرس کی دوا ایم اے بی 114 (mAb114) اب تک انسانوں پر استعمال نہیں کی گئی ہے، تاہم بندروں میں اس وائرس کے خلاف یہ دوا سو فیصد کارگر رہی تھی۔

[pullquote]ترکی امریکی الیکٹرونک مصنوعات کا بائیکاٹ کرے گا، ایردوآن[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ ترکی امریکا کی بنی ہوئی الیکٹرونک مصنوعات کا بائیکاٹ کرے گا۔ ملکی ٹی وی پر اپنے خطاب میں ایردوآن نے کہا کہ ترکی امریکا کی جانب سے عائد کی جانے والی پابندیوں کا بھرپور جواب دے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکی کمپنی ایپل کا بنا ہوا آئی فون مارکیٹ میں ہے، تو جنوبی کوریا کا بنا ہوا سام سنگ سمارٹ فون بھی موجود ہے۔ واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے امریکی پادری اینڈریو برَنسن کی رہائی سے متعلق مطالبات مسترد کیے جانے کے بعد امریکا نے ترکی کے خلاف پابندیوں کا اعلان کیا تھا، جب کہ اس تناظر میں ترک کرنسی لیرا کی قدر میں زبردست کمی واقع ہوئی ہے۔

[pullquote]یورپ پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد میں نمایاں کمی[/pullquote]

رواں برس کے پہلے سات ماہ میں یورپی یونین میں داخل ہونے والے غیرقانونی تارکین وطن کی تعداد میں تیزی سے کمی دیکھی گئی ہے۔ یورپی یونین کی سرحدی ایجنسی فرنٹیکس کے مطابق رواں برس کے پہلے سات ماہ میں یہ کمی 43 فیصد کم ہوئی ہے۔ فرنٹیکس کے مطابق رواں جنوری سے جولائی تک یورپی یونین میں داخل ہونے والے غیرقانونی تارکین وطن کی تعداد 73 ہزار پانچ سو رہی ہے۔ دوسری جانب مشرقی بحیرہء روم میں تارکین وطن کی بہاؤ میں گزشتہ برس کے مقابلے میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ رواں برس کے پہلے سات ماہ میں بلقان خطے میں پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد ساڑھے انتیس ہزار رہی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے