بدھ:25 دسمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغانستان: پیپلز پیس موومنٹ کے ستائیس ارکان اغوا[/pullquote]

افغانستان میں طالبان نے پیپلز پیس موومنٹ کے ستائیس ارکان کو مغربی صوبے فراہ سے اغوا کر لیا ہے۔ اس تنظیم کے ایک رہنما اقبال خیبر نے آج بدھ کو بتایا کہ ان کے ساتھیوں کو ہرات سے واپسی پر ضلع بالا بلک کے قریب طالبان اپنے ساتھ لے گئے۔ یہ لوگ ایک امن مارچ میں شرکت کے بعد واپس آ رہے تھے۔خیبر کے بقول اس سلسلے میں طالبان سے رابطہ کیا گیا ہے تاہم ان کی جانب سے ابھی تک کوئی جواب نہیں آیا۔ مغوی پورے ملک میں امن کا پیغام پھیلانے کی ایک مہم پر نکلے ہوئے تھے۔

[pullquote]ہانگ کانگ میں پھر ہنگامہ آرائی[/pullquote]

ہانگ کانگ میں کرسمس کی شب نئے مظاہرے پھوٹ پڑے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق شہر کے کئی علاقوں، خریداری کے معروف مراکز اور مشہور سیاحتی مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے مابین تصادم ہوا۔ مظاہرین نے ہدف بنا ان دکانوں کو نشانہ بنایا ، جن کے عوامی جمہوریہ چین سے کاروباری رابطے ہیں۔ پولیس نے مظاہرین کے خلاف آنسو گیس اور تیز دھار پانی کے استعمال کے ساتھ ساتھ ان پر لاٹھی چارج کیا۔ ہانگ کانگ کے تمام میٹرو اسٹیشن حفاظتی اقدامات کے تحت بند کر دیے گئے ہیں۔

[pullquote]خدا کی بے لوث محبت پر بھروسہ کریں، پوپ فرانسس[/pullquote]

پاپائے روم پوپ فرانسس نے ویٹیکن میں کرسمس کے شبینہ اجتماع سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں پوپ نے خدا کی محبت پر بھروسے کی بات کی۔ پوپ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ بے لوث محبت برے انسانوں سمیت ہر ایک کے لیے ہے۔ اس موقع پر ہزاروں کیتھولک مسیحی زائرین پیٹرز ڈوم اور پیٹرز اسکوائر پر موجود تھے۔ دوسری جانب اسرائیل میں پوری دنیا سے آئے ہوئے مسیحیوں نے یروشلم سے بیت لحم تک نکالے گئے ایک مارچ میں حصہ لیا۔ یہ مارچ حضرت عیسی کی جائے پیدائش پر قائم چرچ آف نیٹیوٹی پر ختم ہوئی۔

[pullquote]برکینا فاسو میں دہشت گردوں کا ایک شہر اور ایک فوجی تنصیب پر حملہ[/pullquote]

برکینافاسو میں باغیوں کے ایک حملے میں کم از کم ایک سو بیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق باغیوں نے ملک کے شمالی حصے میں واقع آربندا نامی شہر اور ایک فوجی تنصیب پر حملہ کیا۔ اس دوران کم از کم سات فوجی اور اکیس خواتین سمیت پینتیس عام شہری مارے گئے۔ اس مغربی افریقی ملک کے حکام نے مزید بتایا کہ جوابی کارروائی میں کم از کم اسی حملہ آوروں کو’بے اثر‘ یا نیوٹرائلز کیا گیا۔ ملکی صدر روک مارک کرسٹیاں کابورے نے اڑتالیس گھنٹوں کے سوگ کا اعلان کیا ہے۔ ابھی تک کسی تنظیم یا گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

[pullquote]مودی نے پانی کے بحران پر قابو پانے کے منصوبے کا افتتاح کر دیا[/pullquote]

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے آج بدھ کو پانی کی کمی کو دور کرنے کے ایک منصوبے کا افتتاح کیا۔ نریندر مودی کے مطابق یہ قلت انفرادی سطح پر یا خاندانوں کو ہی متاثر نہیں کر رہی بلکہ یہ بھارت کی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ بھی ثابت ہو رہی ہے۔ اس منصوبے پر ساٹھ ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔ اس دوران کاشت کاری کے حوالے سے اہم ترین سات ریاستوں میں پانی کے بحران کو ختم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ بھارت کو اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ پانی کے اتنے شدید بحران کا سامنا ہے۔

[pullquote]ایرانی فضائیہ کا مگ 29 طیارہ گر کر تباہ[/pullquote]

ایرانی فضائیہ کا ایک جنگی جہاز ملک کے شمالی حصے میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق یہ واقعہ آذربائیجان کی سرحد کے قریب سبلان نامی پہاڑی سلسلے میں پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ امدادی ٹیمیں اور تین ہیلی کاپٹرز پائلٹ کو تلاش کر رہے ہیں۔ مگ 29 طرز کے اس طیارے کے پائلٹ نے تباہی سے قبل چھاؤنی سے رابطہ کیا تھا۔ اس حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]غیر قانونی طور پر جرمنی پہنچنے والوں کی تعداد میں کمی[/pullquote]

جرمنی میں اس برس کے دوران غیر قانونی طور پر داخل ہونے والوں کی تعداد ملک بدر کیے جانے والوں سے زیادہ رہی۔ جرمن پولیس کے مطابق جنوری سے اکتوبر 2019ء کے دوران تقریباً اکیس ہزار افراد کو جرمنی سے نکالا گیا۔ جبکہ اسی عرصے کے دوران غیر قانونی طور پر جرمنی میں داخل ہونے والوں کی تعداد تینتیس ہزار کے لگ بھگ رہی۔ حکام نے نومبر میں ایسے مزید تین ہزار سات سو تارکین وطن کا اندراج کیا۔ جرمنی میں نئے پناہ گزینوں کی مجموعی تعداد میں گزشتہ برس کے مقابلے میں معمولی سے کمی آئی ہے۔

[pullquote]کم جونگ ان شاید مجھے ایک اچھا سا کرسمس گفٹ دینے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر شمالی کوریائی لیڈر کم جونگ ان شاید انہیں ایک بہترین تحفہ دینے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ ٹرمپ کے بقول کسی میزائل تجربے کے بجائے کرسمس کا یہ تحفہ کوئی خوبصورت گلدان بھی ہو سکتا ہے۔ پیونگ یانگ نے ابھی حال ہی میں دھمکی دی ہے کہ اگر اِس برس کے آخر تک اُس پر عائد پابندیوں میں نرمی نہیں کی گئی تو وہ کوئی بھی قدم اٹھا سکتا ہے۔ اس بیان میں مزید کہا گیا کہ کرسمس گفٹ کا تعلق امریکی اقدامات سے ہو گا۔

[pullquote]عراق میں انتخابی قوانین میں تبدیلی[/pullquote]

عراق میں نئے انتخابی قوانین متعارف کرا دیے گئے ہیں۔ ملکی پارلیمان کے اسپیکر محمد الحلبوسی نے گزشتہ روز بتایا کہ اب امیدوار انفرادی طور پر بھی انتخابات میں حصہ لے سکیں گے۔ اس سے قبل ووٹرز کے پاس صرف سیاسی جماعتوں کی فہرستوں میں سے کسی ایک کو چننے کا اختیار تھا۔ الحلبوسی کے مطابق اب انتخابی اضلاع بھی بنائے جائیں گے۔ عراق میں حکومت کے خلاف عوامی احتجاج کے دوران ایک اہم مطالبہ انتخابی قوانین میں تبدیلی کا بھی تھا۔ اکتوبر سے جاری ان مظاہروں میں اب تک 450 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]چلی کے ساحلی شہر کے جنگلات میں آتشزدگی[/pullquote]

چلی کے ساحلی شہر والپاراایزو کے جنگلات میں لگی آگ کی وجہ سے کم از کم ایک سو بیس گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ آگ بجھانے والے عملے نے بتایا کہ شہر کے کئی علاقوں کو خالی کرا لیا گیا ہے۔ شہری تحفظ کے ادارے نے بتایا کہ آتشزدگی کی وجہ سے ایک سو ہیکڑ رقبہ متاثر ہوا ہے۔ یہ علاقہ 140 فٹ بال اسٹیڈیم کے برابر بنتا ہے۔ والپاراایزو شہر کا قدیمی حصہ یونیسکو کے ثقافتی ورثے میں شامل ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے