رانا ثناء اللہ کی رہائی کے فیصلے کیخلاف اپیل کی جائے گی :فردوس عاشق اعوان

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللہ کی رہائی کے فیصلے کیخلاف انسداد منشیات فورس (اے این ایف) اپیل دائر کرے گی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میڈیا میں ملزم کا نہیں اے این ایف کا ٹرائل ہو رہا ہے،جسمانی ریمانڈ اس کا لیا جاتا ہے جس سے کوئی ریکوری کرنی ہو، تصدیق کیلئے سیمپل چند گرام کا ہی بھیجا جاتا ہے۔

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ’نقائص کی درستی کیلئے نظر ثانی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نظر ثانی درخواست عوامی مفاد میں کی جا رہی ہے، میڈیا میں ملزم کا نہیں اے این ایف کا ٹرائل ہو رہا ہے‘۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ اے این ایف قومی ادارہ ہے، رانا ثناء سے سیاسی انتقام کا تاثر قائم کیا گیا، اے این ایف کے اکثریت کیسز میں آن اسپاٹ کارروائی ہوتی ہے، تفصیلی کارروائی تھانےمیں جاکر ہوتی ہے،

انہوں نے کہا کہ ایک اور پہلو زیر بحث ہے کہ 20 کلو ہیروئن برآمد ہوئی تو 15 گرام کا سیمپل کیوں بھیجا گیا؟ سیمپل میں چند گرام میں تصدیق کرانے ہوتے ہیں، اس معاملے میں ایک ابہام پیدا کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کو ضمانت پر جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے دو روز قبل رانا ثناء اللہ کی درخواست ضمانت منظور کی تھی جس کا تحریری فیصلہ بھی آج جاری کر دیا گیا ہے۔

عدالت کی جانب سے رانا ثناء اللہ کو 10، 10 لاکھ روپے کے دو مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا گیا تھا۔

رانا ثناء اللہ کی جانب سے مچلکے جمع ہونے کے بعد لیگی رہنما کو لاہور کی کیمپ جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔

انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے رانا ثناءاللہ کو 2 جولائی 2019 کو فیصل آباد سے لاہور جاتے ہوئے گرفتار کیا تھا اور اے این ایف نے دعویٰ کیا تھا کہ رانا ثناء کی گاڑی سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی گئی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے