وان کے بیان پر رمیز راجہ کی تنقید

wanمایہ ناز کرکٹ کمنٹیٹر رمیز راجہ نے سابق انگلش کپتان مائیکل وان کی جانب سے پاکستانی ٹیم کی کارکردگی پر شبہات سختی سے مسترد کردیے۔

وان نے منگل کے روز ہونے والے تیسرے ون ڈے کے دوران پاکستان کے حوالے سے کہا تھا: ‘تین رن آؤٹ اور کچھ مشکوک شاٹس۔۔۔ ایسا میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔’

اس کے بعد ایک ٹوئیٹ میں وان نے کہا: ‘وہ سب شاید سمجھتے ہیں کہ ہم بے وقوف ہیں۔’

وان نے کچھ دیر بعد ان ٹوئیٹس کو ڈیلیٹ کردیا تاہم تب تک متعدد افراد سابق انگلش کپتان پر پاکستان سے تعصب رکھنے کا الزام عائد کرچکے تھے۔

سیریز میں کمنٹری کررہے رمیز نے جیو نیوز سے گفتگو میں وان کی جانب سے اس بیان کو ‘سستی شہرت’ حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا۔

رمیز نے کہا: ‘وان کے بیانات انتہائی غیر ذمہ دارانہ تھے اور میرے خیال سے وہ سوشل میڈیا سے منسلک رہنے کے لیے سستی شہرت حاصل کرنا چاہ رہے ہیں۔’

رمیز نے کہا کہ پاکستان کی رننگ ہمیشہ ہی سے خراب رہی ہے اور ہم سب جانتے ہیں کہ محمد حفیظ اچھے رنز نہیں ہیں جبکہ ٹیم دباؤ پڑنے پر گھبراہٹ کا شکار ہوجاتی ہے، اس میں کچھ نیا نہیں۔

تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت پر پہلے بیٹنگ کی اور ایک موقع پر گرین شرٹس دو وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بناچکے تھے تاہم ناقص بلے بازی کے باعث پوری ٹیم 49.5 اوورز میں 208 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کے تین بلے باز رن آؤٹ ہوئے جبکہ کچھ بیٹسمین غیر ذمہ دارانہ شاٹس مار کر بھی آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ باآسانی میچ چھ وکٹ سے جیت گیا۔

انگلینڈ کو سیریز میں اب دو، ایک کی سبقت حاصل ہے جبکہ متحدہ عرب امارات میں ایک ون ڈے سیریز میں شکست سے بچنے کے لیے گرین شرٹس کو چوتھے اور آخری ون ڈے میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔

2009 سے لیکر اب تک پاکستان متحدہ عرب امارات میں گیارہ میں سے نو ون ڈے سیریز ہار چکا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان آخری میچ جمعے کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو چھ وکٹ سے شکست دی تھی جبکہ انگلینڈ نے دوسرے میچ میں 95 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے