جمعرات:02 جنوری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]مقبوضہ کشمیر میں مزید 3 نوجوانوں شہید، محبوبہ مفتی کی بیٹی نظر بند[/pullquote]

سال 2020 میں بھی بھارتی فوج کی جانب سے کشمیریوں پر ظلم و ستم کا سلسلہ نہ رک سکا، قابض فوج نے آج بھی3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جبکہ محبوبہ مفتی کی بیٹی کو بھی ان کے گھر میں نظر بند کردیا گیا ہے۔ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی جانب سے ظلم و بربریت اور ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے اور وادی میں مودی سرکار کی جانب سے لگائے گئے کرفیو کا آج 151 واں روز ہے۔ وادی میں گذشتہ سال 5 اگست سے تاحال موبائل اور انٹرنیٹ سمیت تمام مواصلاتی رابطے منقطع ہیں، جب کہ حریت قیادت اور سیاسی رہنما بدستور گھروں اور جیلوں میں بند ہیں۔کرفیوکے باعث کشمیری عوام بنیادی ضروریات سے محروم ہو کر رہ گئے ہیں اور سخت سردی کے باعث ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے ۔پورے مقبوضہ کشمیر بھارتی فوجی دستے جگہ جگہ موجود ہیں اور گھر گھر تلاشی اور آپریشن کے نام پر کشمیریوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع راجوڑی میں بھارتی فوج نے محاصرے کے دوران فائرنگ کرکے 3 کشمیریوں نوجوانوں کو شہید کردیا۔ مودی حکومت نے حریت کانفرنس سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کوگھروں یا جیلوں میں بدستور بند کررکھا ہے جب کہ سیکڑوں عام نوجوان بھی پولیس اور بھارتی فوج کی حراست میں ہیں جب کہ متعدد لاپتہ ہیں۔

[pullquote]التجا مفتی کو گھر میں نظر بند کردیا گیا[/pullquote]

مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی کو سری نگر میں ان کی رہائش گاہ میں ہی نظر بند کردیاگیا۔ التجا مفتی کا کہنا ہے کہ انہوں نے ضلع اننت ناگ کی انتظامیہ سے اپنے دادا سابق وزیراعلیٰ جموں و کشمیر مفتی محمد سعید کی قبر پر حاضری کی اجازت طلب کی تھی تاہم اس کے بعد سے پولیس نے انہیں گھر میں نظر بند کردیا ہے۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں نظر بند نہیں کیا گیا البتہ انہیں قبر پر حاضری کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔

[pullquote]ادلب سے ڈھائی لاکھ افراد ترکی میں داخل ہو سکتے ہیں، ترک صدر[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ حالیہ ایام کے دوران شامی علاقے ادلب میں جاری جھڑپوں کی وجہ سے ڈھائی لاکھ کے قریب افراد گھر بار چھوڑ کر ترکی میں داخل ہونے کی کوششوں میں ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اُن کی حکومت کی کوشش ہے کہ شامی افراد کو ترکی میں داخل ہونے سے روکا جائے اور سرحدوں پر نگرانی کو سخت کر دیا جائے۔ ایردوآن نے انسانی ہمدردی کے تناظر میں سرحدی نگرانی کو ایک مشکل امر بھی قرار دیا۔ ترکی میں سینتیس لاکھ شامی پہلے سے موجود ہیں اور اس ملک نے سب سے زیادہ مہاجرین کو پناہ دے رکھی ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا اسٹریٹیجک نوعیت کی ہتھیار سازی کرے گا: کم جونگ اُن[/pullquote]

کمیونسٹ ملک شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ اُن نے واضح کیا ہے کہ اُن کا ملک جلد ہی اسٹریٹیجک نوعیت کے جدید ہتھیاروں کو دنیا کے سامنے پیش کرے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ شدید امریکی دباؤ کو جواب میں جوہری مسابقتی عمل شروع کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ شمالی کوریا نے گزشتہ برس جوہری ہتھیاروں کی تیاری پرعائد پابندی کو پوری طرح ختم کر دیا ہے۔ چیئرمین کم جونگ اُن نے اپنے بیان میں اسٹریٹیجک ہتھیاروں کی تفصیلات ظاہر نہیں کی ہیں۔ سن 2019 میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریائی سپریم لیڈر کے ساتھ ملاقاتوں کو ایک بڑی سفارتی کامیابی کے تناظر میں عالمی برادری کے سامنے پیش کیا تھا۔

[pullquote]تیونس میں نئی حکومت کی تشکیل کے لیے مذاکرات[/pullquote]

شمالی افریقی ملک تیونس کے نامزد وزیراعظم حبیب جملی نے سیاسی پارٹیوں کے ساتھ حکومت کی تشکیل کے لیے مذاکرات مکمل کر لیے ہیں۔ انہوں نے کابينہ کے ارکان کے ليے اپنی تجاويز صدر قیس سعید کو بدھ پہلی جنوری کو ہی پیش کر دی تھيں۔ نامزد وزیراعظم نے تین مہینے بعد کابینہ تشکیل دینے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس کابینہ کی منظوری امکاناً پارلیمنٹ جمعرات دو جنوری کو دے سکتی ہے۔ نامزد وزیراعظم کے مطابق کابینہ کی منظوری کی رائے شماری میں تمام بڑی پارٹیاں اُن کی حمایت کریں گی۔ حبیب جملی کو اسلام پسند سیاسی جماعت النہضہ نے منصب وزارت عظمیٰ کے لیے نامزد کیا تھا۔

[pullquote]انڈونیشیا میں سیلاب، اکیس ہلاک اور ہزاروں بے گھر[/pullquote]

انڈونیشی حکام نے بتایا ہے کہ شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلابوں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے اکیس انسانی جانیں ضائع ہو گئی ہیں۔ ان سیلابوں نے ہزاروں افراد کو گھر بار چھوڑنے پر مجبور کر دیا ہے۔ موسلا دھار بارش کا سلسلہ اکتیس دسمبر سے شروع ہو کر پہلی جنوری کی شام تک جاری رہا۔ اچانک آنے والے سیلابوں نے دارالحکومت جکارتہ کے کئی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ ریل گاڑی کا رابطہ ابھی تک منقطع ہے۔ انڈونیشی ڈیزاسٹر مینیجمنٹ حکام نے تصدیق کی ہے کہ باسٹھ ہزار افراد کو منتقل کیا گیا ہے اور دیہی علاقوں سے سیلابی ریلے ہزاروں مال مویشی کو بہا کر لے گئے ہیں۔ جکارتہ کے قریبی صوبے بانٹین میں مجموعی صورت حال خراب ہے۔

[pullquote]لیبیا میں ترک فوج کی تعیناتی، پارلیمنٹ میں رائے شماری[/pullquote]

ترک پارلیمنٹ آج جمعرات کو کسی وقت لیبیا میں ملکی فوج کی تعیناتی کی منظوری دے گی۔ یہ فوج اقوام متحدہ کے حمایت یافتہ وزیراعظم فائزالسراج کے حامی عسکری دستوں کے ساتھ تعینات کی جائے گی۔ اس کا قوی امکان ہے کہ ترک پارلیمان کے اراکین اس مجوزہ قرارداد کے حق میں ووٹ ڈالیں گے۔ ترک صدر کے مطابق دسمبر سن 2019 میں لیبین وزیراعظم فائز السراج نے ترکی سے فوجی مدد طلب کی تھی۔ اس تناظر میں طرابلس اور انقرہ کے درمیان ایک ڈیل کو بھی حتمی شکل دی گئی تھی۔ مشرقی لیبیا میں السراج کی مخالف حکومت قائم ہے اور وہ ملکی دارالحکومت طرابلس پر قبضہ کرنے کی کوشش میں ہے۔

[pullquote]ریلی کے خلاف ہانگ کانگ کی پولیس نے غیرمعمولی طاقت کا استعمال کیا، ایمنسٹی[/pullquote]

انسانی حقوق پر نگاہ رکھنے والی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ پہلی جنوری کو مظاہرین کی ریلی کو منتشر کرنے کے لیے ہانگ کانگ کی پولیس نے غیرمعمولی طاقت کا استعمال کیا تھا۔ اس بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ حکام چاہتے تو مظاہرین کو منتشر ہونے پر قائل کیا جا سکتا تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔ ایمنسٹی نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران پولیس کا مظاہرین کے خلاف رویہ انتقامی اور غیرمناسب تھا اور مظاہرین کے مشتعل ہونے کی بھی یہی وجہ ہے۔ ہانگ کانگ کی انتظامی سربراہ کیری لام کو مظاہروں میں پولیس کی جانب سے طاقت کے استعمال پر مغربی ممالک کی سخت تنقید کا سامنا ہے۔

[pullquote]آسٹریلوی جنگلاتی آگ: نیو ساؤتھ ویلز میں سات روز کے لیے ایمرجنسی[/pullquote]

آسٹریلوی حکومت نے جنگلاتی آگ سے متاثرہ علاقوں کے شہروں اور قصبوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔ کئی ساحلی علاقوں کے مواصلاتی رابطے منقطع ہو چکے ہیں۔ نئے سال کے موقع پر بے قابو آگ کے شعلوں نے مزید آٹھ افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ ابھی تک لاپتہ سترہ افراد کو تلاش نہیں کیا جا سکا ہے۔ ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں سات روز کے لیے ایمرجنسی کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔ اس ایمرجنسی کے تحت لوگوں کی جبری منتقلی جمعہ تین جنوری سے شروع ہو گی۔ ریاستی وزیراعلیٰ نے حکم دیا ہے کہ متاثرہ علاقوں سے ہر ایک فرد کی منتقلی کو ممکن بنایا جائے ۔ ریاستی حکومت نے سیاحوں کو بھی آگ سے متاثرہ علاقوں سے نکل جانے کی ہدایات دیں ہیں۔

[pullquote]تائیوان: فوجی ہیلی کاپٹر کریش، فوج کے سربراہ سمیت آٹھ ہلاک[/pullquote]

تائیوان کے فوجی حکام نے بتایا ہے کہ ایک ہیلی کاپٹر کی ہنگامی لینڈنگ کی وجہ سے ملکی فوج کے سربراہ ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں۔ اس حادثے میں مرنے والے افراد کی تعداد آٹھ بتائی گئی ہے۔ یہ ہیلی کاپٹر ہنگامی لینڈنگ کرتے ہوئے کریش کر گیا تھا۔ فوجی حکام نے ملکی فوج کے سربراہ جنرل شین یی مِنگ کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ ابتدائی اطلاعات میں ریسکیو ورکرز نے بچ جانے والے افراد میں فوج کے چیف آف دی جنرل اسٹاف کو شامل کیا تھا۔ اس ہیلی کاپٹر پر کُل تیرہ افراد سوار تھے اور پانچ افراد شدید زخمی ہیں۔ یہ ہیلی کاپٹر دارالحکومت تائی پے سے شمال مشرقی شہر ایلان جا رہا تھا۔ اس حادثے کی تفتیش کے لیے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے۔

[pullquote]امریکی وزیر خارجہ نے یوکرائنی دورہ ملتوی کر دیا[/pullquote]

امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے عراق میں ملکی سفارت خانے پر حملے کے بعد اپنے یوکرائنی دورے کو مؤخر کر دیا ہے۔ وہ جمعہ تین جنوری کو یوکرائن اور چار دیگر ممالک کا دورہ شروع کرنے والے تھے۔ اُن کے دورے میں یورپی اور وسطی ایشیائی ریاستیں شامل تھیں۔ امریکی وزارت خارجہ کے مطابق عراق کی صورت حال کے تناظر میں وزیر خارجہ اب دارالحکومت ہی میں معمول کے فرائض سرانجام دیں گے۔ عراقی دارالحکومت بغداد میں امریکی سفارت خانے پر چڑھائی کرنے والے مظاہرین بدھ پہلی جنوری کو واپس لوٹ گئے تھے۔ یہ مظاہرین ایران نواز ملیشیا کتائب حزب اللہ پر کیے گئے امریکی حملے کے خلاف احتجاج کے لیے جمع ہوئے تھے۔ امریکی حملے میں دو درجن سے زائد افراد مارے گئے تھے۔

[pullquote]نسان کے فرار ہونے والے سابق چیئرمین کے گھر پر جاپانی دفتر استغاثہ کا چھاپا[/pullquote]

جاپان کے دفتر استغاثہ کے اہلکاروں نے کار ساز ادارے نسان کے سابق چیئرمین کارلوس گوسن کے مکان پر چھاپا مار کر تلاشی لی ہے۔ گھسن کرپشن الزامات کے تحت ضمانت پر تھے لیکن حیران کن انداز میں سخت جاپانی سکیورٹی کو چکمہ دے کر ملک سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ وہ اس وقت لبنان پہنچ چکے ہیں۔ کارلوس گوسن کے پاس فرانسیسی، لبنانی اور برازیلی شہریتیں ہیں۔ انہوں نے لبنان پہنچنے کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ وہ سیاسی استحصال کی وجہ سے جاپان چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ گوسن نے اپنے معاملات کے حوالے سے اگلے ہفتے میڈیا سے بات کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ جاپان اور لبنان کے درمیان ایک دوسرے کے ملزموں کو واپس کرنے کا کوئی سمجھوتا موجود نہیں ہے۔ اب اُن کی گرفتاری کے ریڈ وارنٹ بھی انٹرپول نے جاری کر دیے ہیں۔

[pullquote]بھارت: نئی دہلی کی ایک فیکٹری میں لگی آگ بجھانے کی کوششیں[/pullquote]

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی ایک فیکٹری پر لگنے والی آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔ پینتیس فائر انجن سے آگ پر پانی پھینکا جا رہا ہے۔ ابھی تک لگی ہوئی آگ میں سے تین افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ کم از کم چودہ افراد کے جھلس کر زخمی ہونے کا بتایا گیا ہے۔ آگ لگنے کے بعد فیکٹری کی عمارت منہدم بھی ہو گئی۔ انتظامی حکام نے اس بارے میں تفصیلات نہیں بتائیں کہ عمارت میں کتنے افراد پھنسے ہوئے ہیں یا ہلاک شدگان کی تعداد کتنی ہو سکتی ہے۔ جس فیکٹری میں آگ لگی ہے، وہ نئی دہلی کے مغربی حصے پیرا گڑھی علاقے میں واقع ہے۔ آگ جمعرات دو جنوری کی صبح پانچ بجے ایک دھماکے کے فوری بعد لگی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے