انگلینڈ نے پاکستان کو ایک روزہ سیریز کے چوتھے اور آخری میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 84 رنز سے شکست دے کر سیریز 3-1 سے اپنے نام کرلی.
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں انگلینڈ کی جانب ریکارڈ 356 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 41 ویں اوور میں 271 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی.
پاکستان ٹیم نے مشکل ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا، کپتان اظہر علی اور اوپنر احمد شہزاد نے اچھا آغاز فراہم کیا تاہم 45 کے اسکور پر احمد شہزاد 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے.
کپتان اظہر علی نے جارحانہ بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور اسکور کو 64 رنز تک پہنچایا لیکن ڈیوڈ ولی نے انھیں آؤٹ کرکے بڑی اننگز کھیلنے کا خواب چکنا چور کردیا، انھوں نے 44 رنز بنائے.
محمد حفیظ اور نوجوان بیٹسمین بابر اعظم نے 65 رنز کی شراکت میں اسکور کو 129 رنز تک پہنچایا لیکن حفیط 37 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ بابر نے پاکستان کے اسکور کو 176 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا اور51 رنز بنا کر عادل راشد کی گیند پر ہیلز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے.
پاکستان کے 194 رنز کے اسکور پر محمد رضوان ایک چھکا لگانے کے بعد 11 رنز بنا کر عادل راشد کی گیند پر آؤٹ ہوگئے.
سابق کپتان شعیب ملک 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنا کر تیزکھیلنے کی کوشش میں ٹاپلی کو وکٹ دے بیٹھے تو پاکستان کا اسکور 228 رنز تھا جبکہ سرفراز احمد 24 رنز بنا کر عادل راشد کا شکار ہوئے.
آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی وہاب ریاض تھے جنھوں نے ایک رن بنایا. اس وقت پاکستان کا اسکور 259 رنز تھا.
یاسر 271 کے اسکور پر 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی انور علی نے 24 رنز بنائے انھیں معین علی نے آؤٹ کیا.
انگلینڈ کی جانب سے عادل راشد اور معین علی نے تین تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ڈیوڈ ولی نے دو وکٹیں اپنے نام کیں.
اس سے قبل انگلینڈ نے جیسن روئے اور جوز بٹلر کی جارحانہ سنچریوں کے بدولت پاکستان کو سیریز برابر کرنے کے لیے آخری میچ میں 356 رنز کا مشکل ہدف دیا.
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی انگلش ٹیم کو اوپنرز ایلکس ہیلز اور جیسن روئے نے 54 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا تاہم ہیلز 22 رنز بنانے کے بعد محمد عرفان کو وکٹ دے بیٹھے.
دوسری وکٹ میں 140 رنز کی شراکت قائم کرنے کے بعد جیسن روئے 102 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر بابر اعظم کو کیچ دے بیٹھے اس وقت انگلینڈ کااسکور 194 رنز تھا. تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین جو روٹ تھے وہ 71 رنز بنا کر اظہر علی کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں اسٹمپ آؤٹ ہوگئے.
اظہر علی نے انگلینڈ کے چوتھے بیٹسمین کپتان آئن مورگن کو 227 رنز پر پویلین بھیج دیا وہ 14 بناسکے، جیمز ٹیلر 13 رنز بنا کر محمد عرفان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے.
جوز بٹلر نے پاکستانی باؤلروں کے پرخچے اڑاتے ہوئے 46 گیندوں پر سنچری بنا کر انگلینڈ کی جانب سے ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ بنا دیا، انھوں نے اپنی ناقابل شکست 116رنز کی اننگز میں 8 چھکے اور 10 چوکے لگائے، معین علی 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے.
انگلینڈ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 356 رنز بنا کر پاکستان کو ایک مشکل ہدف دے دیا. دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے یہ بڑا اسکور ہے، اس سے قبل جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف 8 نومبر 2010 کو 5 وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز بنائے تھے.