مودی کی حکومت میں جنگ کا خطرہ ہے: شیخ رشید

راولپنڈی: وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مودی کی حکومت میں جنگ کا خطرہ ہے۔

لال حویلی کے باہر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہم کشمیر کے بچے بچے کے ساتھ ہیں اور کشمیر ہمارا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کو باقاعدہ ڈیزائن کے ساتھ علیحدہ کیا گیا، ہمیں جنگ نہیں دانشمندی کی ضرورت ہے لیکن اگر جنگ ہوئی تو آخری سانس تک لڑیں گے۔

ان کا کہنا ہے بھارت کے شہریت بل پر جو خاموش ہے وہ ملک کا غدار ہے، خواہش ہے کشمیر بھارت کے چنگل سے آزاد ہو اور پاکستان کا بازو بنے۔

شیخ رشید نے کہا کہ میں محبت کا بھوکا ہوں، مجھے وزارت کا شوق نہیں صرف عمران خان کے ساتھ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ منہگائی ہے، میں عوام کے مسائل میں آپ کے ساتھ ہوں، مجھے احساس ہے آج غریب گیس بجلی کا بل دے نہیں سکتا۔

ان کا کہنا ہے کچھ لوگ مارچ میں مارچ کرنے کا اعلان کر رہے ہیں لیکن اچھے برے وقت میں عمران خان کے ساتھ ہوں۔

بھارتی وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ مودی کی حکومت میں جنگ کا خطرہ ہے، مودی کے پاس اس کی ولدیت کا سرٹیفیکیٹ نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ عراق، لیبیا، یمن میں جو ہوا ہم دیکھتے رہے، پاکستان دنیا کے مسلمان کی آخری امید ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ دنیا کے بدقماش پاکستان میں انتشار کو ہوا دے رہے ہیں۔

چین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ چین ہمارا آزمائشی دوست ہے لیکن چین کو بدنام کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چین ایم ایل ون بنائے گا اور جلد اس کا افتتاح ہو گا۔

میڈیا میں تنخواہوں اور ملازمین کو نکالے جانے کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ میڈیا کے ساتھ ہوں تنخواہوں کا یا کوئی بھی مسئلہ ہو۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے