راولپنڈی میں حیوانیت کی انتہا ، حوا کی بیٹی ظلم کا شکار ہوگئی ،
روات میں بیس سال کی لڑکی کو زیادتی کے بعد چھت سے پھینک کر قتل کردیا گیا ایک ملزم پکڑا گیا ، دو فرار ہوگئے ،
لڑکی کی لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ بنت حوا کی ردا لٹتی رہی ، دل خراش واقعے میں 3 سفاک افراد نے مبینہ طور پر لڑکی کو اپنی ہوس کا نشانہ بنایا ۔
بے رحم افراد نے چکوال کی بیس سالہ لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور سنگدلی کے ساتھ اسے تین منزلہ گھر کی چھت سے دھکا دے کر قتل کردیا ۔
دھکا دینے والا ملزم بھی مقتولہ کی مزاحمت کے نتیجے میں چھت سے گر کر زخمی ہو گیا ۔
پولیس کےمطابق تھانہ روات کے علاقے سے لڑکی کی لاش برآمد کرلی گئی ہے جسے پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ،
پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے ۔
پولیس کے مطابق مبینہ زیادتی میں تین ملزم شریک تھے ۔ فرار ہونے والے دو ملزم چکوال یا تلہ گنگ فرار ہوئے ہیں جن کی گرفتاری کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔
پوسٹمارٹم رپورٹ کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا ۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سے رپورٹ طلب کر لی ہے.