منگل : 11 فروری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]چین میں کورونا وائرس کے سبب ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی[/pullquote]

کورونا وائرس کے سبب چین میں ہونے والی ہلاکتیں بڑھ کر ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہیں جبکہ اس وائرس سے متاثرین کی تعداد 43 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے۔ چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن نے آج منگل کے روز بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 108 نئی ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں اور اس طرح اس وائرس کے سبب ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1016 ہو گئی ہے۔ اسی دوران قریب ڈھائی ہزار مزید افراد میں کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔

[pullquote]امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ رواں ماہ بھارت کا دورہ کریں گے[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چوبیس فروری کو بھارت کے دو روزہ دورے پر نئی دہلی پہنچیں گے۔ وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ کے اس دورے سے امریکا اور بھارت کے درمیان اسٹریٹیجک تعاون مضبوط ہوگا۔ ٹرمپ اپنے اولین دورہ بھارت کے دوران بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات بھی جائیں گے۔ بھارت نے صدر ٹرمپ کوگزشتہ برس یوم جمہوریہ کی تقریبات میں مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا تھا تاہم انہوں نے اپنی مصروفیت کے سبب معذرت کر لی تھی۔

[pullquote]ٹرمپ کا 4.8 کھرب ڈالر کا مجوزہ بجٹ، امیکی کانگریس کی تنقید[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے آئندہ مالی سال کے لیے 4.8 کھرب ڈالر کے مجوزہ بجٹ پر امریکی کانگریس نے شدید تنقید کی ہے۔ اس مجوزہ بجٹ میں فوجی اخراجات میں اضافہ جبکہ تحفظ ماحول کے امریکی ادارے ای پی اے کے بجٹ کو کم کرنے کی بات کی گئی ہے۔ ٹرمپ بین الاقوامی ترقیاتی امداد میں بھی 20 فیصد سے زائد کمی چاہتے ہیں۔ اپوزیشن ڈیموکریٹک پارٹی نے اس بجٹ پر شدید تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ وہ اسے ایوان نمائندگان سے منظور نہیں ہونے دیں گے، جہاں ان کی اکثریت ہے۔

[pullquote]بھارتیہ جنتا پارٹی کو نئی دہلی میں شکست کا سامنا[/pullquote]

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو نئی دہلی کے ریاستی انتخابات میں شکست کا سامنا ہے۔ ہفتے کے روز ہونے والی ووٹنگ کے نتائج آج جاری کیے جا رہے ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کو گزشتہ برس مئی میں ہونے والے قومی انتخابات میں بڑی کامیابی ملی تھی مگر اس کے بعد سے یہ جماعت متعدد ریاستی انتخابات میں شکست کا سامنا کر چکی ہے۔

[pullquote]خلیج بنگال میں روہنگیا پناہ گزینوں کی کشتی ڈوبنے سے 16 ہلاک[/pullquote]

خلیج بنگال میں ایک کشتی ڈوبنے کے سبب کم از کم 16 افراد مارے گئے ہیں۔ بنگلہ دیشی حکام کے مطابق اس کشتی پر بنگلہ دیشی کیمپوں میں پناہ لیے ہوئے روہنگیا سوار تھے، جنہیں انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہ ملائیشیا لے جا رہے تھے۔ حکام کے مطابق اس کشتی پر سوار ایک سو پچیس میں سے 62 مسافروں کو بچا لیا گیا ہے۔ بنگلہ دیشی کوسٹ گارڈز اور نیوی کے غوطہ خور اب تک 14 خواتین، ایک بچے اور ایک مرد کی لاش نکال چکے ہیں۔

[pullquote]ادلب، ترکی کی شامی فورسز کے خلاف جوابی کارروائی[/pullquote]

ترک فوج نے شام کے صوبے ادلب میں پیر کو اپنے فوجیوں کی ہلاکت کے بعد، شامی فورسز کے سو سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ ادلب میں گزشتہ روز شامی فورسز کے حملے میں پانچ ترک فوجی مارے گئے تھے۔ ترک فوج کے مطابق ان کی کارروائیوں میں 101 شامی فوجیوں کو ’نیوٹرلائز‘ یا بے اثر کر دیا گیا۔ فوج میں یہ اصطلاح مخالف کو مارے جانے، پکڑے جانے یا پھر زخمی کرنے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ شام کا صوبہ ادلب مسلح گروہوں کے کنٹرول میں آخری علاقہ ہے، جہاں شامی فورسز ان کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

[pullquote]چین سے نکالے گئے امریکیوں میں کورونا وائرس کا پہلا کیس[/pullquote]

چین سے حال ہی میں نکالے گئے امریکی شہریوں میں سے ایک میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔ ان لوگوں کو بطور احتیاط دو ہفتوں کے لیے امریکی فوجی اڈوں پر رکھا گیا ہے۔ اتوار کو ریاست کیلی فورنیا میں حکام کی طرف سے بتایا گیا تھا کہ متاثرہ شخص اور تین دیگر افراد کو کورونا وائرس کی علامات کے سبب الگ تھلگ کر دیا گیا تھا۔ امریکا میں اب تک کورونا وائرس کے تیرہ کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے، جن میں سے سات ریاست کیلی فورنیا میں سامنے آئے ہیں۔

[pullquote]جرمنی مین حکمراں پارٹی کے لیے نئے سربراہ کی تلاش[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین نے نئے سربراہ کے لیے ممکنہ ناموں پر غور شروع کر دیا ہے۔ سی ڈی یو کی سربراہ آنے گریٹ کارین باؤر نے گزشتہ روز پارٹی کی قیادت چھوڑنے اور آئندہ برس چانسلر کا انتخاب نہ لڑنے کا اعلان کیا تھا۔ انگیلا میرکل پہلے ہی آئندہ سال کے قومی انتخابات میں چانسلر کے عہدے کے لیے امیدوار نہ بننےکا اعلان کر چکی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے