بدھ : 19 فروری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغان صدارتی انتخابات کے نتائج کا اعلان، سیاسی ماحول کشیدہ ہو گیا[/pullquote]

افغانستان میں صدارتی الیکشن کے نتائج کے اعلان کے بعد ایک نئے سیاسی بحران کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق صدارتی امیدوار عبداللہ عبداللہ کی جانب سے انتخابی نتائج مسترد کیے جانے اور ایک جامع حکومت کے قیام کے اعلان کے بعد سیاسی ماحول کشیدہ ہے۔ اس دوران قبائلی جنگجو سردار رشید دوستم نے عبداللہ عبداللہ کی تجویز کی حمایت کر دی ہے۔ افغانستان میں گزشتہ برس ستمبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے نتائج کا اعلان گزشتہ روز کیا گیا تھا۔ اس کے مطابق صدر اشرف غنی کو 50.64 فیصد جبکہ عبداللہ عبداللہ کو 39.51 فیصد ووٹ ملے ہیں۔

[pullquote]ناروے بچوں کے حوالے سے بہترین ملک[/pullquote]

بچوں کے لیے سازگار ترین حالات مہیا کرنے والے ممالک میں ناروے پہلے نمبر پر ہے۔ اقوام متحدہ کے ایک جائزے کے مطابق ناروے میں بچوں کو بہت صحت مند حالات زندگی اور جسمانی نشونما کے بہترین امکانات میسر ہیں۔ اس کے بعد جنوبی کوریا، ہالینڈ اور فرانس کا نمبر آتا ہے۔ جرمنی اس فہرست میں چودہویں پوزیشن پر ہے۔ جبکہ وسطی افریقی جمہوریہ اس فہرست میں سب سے نیچے ہے۔ یہ جائزہ صحت، تعلیم و تربیت اور توانائی سے بھرپور غذا کے بارے میں اعداد و شمار اکھٹے کرنے کے بعد مرتب کیا جاتا ہے۔

[pullquote]انٹرنیٹ پر نفرت انگیزی کے خلاف جرمن کابینہ نے نیا مسودہ قانون منظور کر لیا[/pullquote]

وفاقی جرمن کابینہ انٹرنیٹ کے ذریعے نفرت پھیلانے والوں کے خلاف ملک میں نئے سخت قوانین نافذ کرنے پر متفق ہو گئی ہے۔ وزیر انصاف کرسٹینے لامبریشٹ کی جانب سے پیش کردہ مسودہ قانون کے تحت آئندہ آن لائن تضحیک کے مرتکب افراد اور دھمکیاں دینے والوں کو سخت جرمانے کیے جا سکیں گے۔ اس کے علاوہ ایسی کسی بھی آن لائن پوسٹ کے بارے میں حکام کو مطلع کرنا بھی لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ مقامی یا ملکی سیاستدانوں کو بدنام کرنے کی کوششوں کے تناظر میں اس مسودے میں ایسا کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جا سکے گی۔ جرمن پارلیمان کی جانب سے اس اصلاحاتی قانون سازی کی منظوری ابھی باقی ہے۔

[pullquote]امریکی حکومت چین کے سرکاری میڈیا کو زیادہ قریب سے کنٹرول کرنا چاہتی ہے[/pullquote]

امریکا نے ذرائع ابلاغ کے پانچ سرکاری چینی اداروں کی سخت نگرانی کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے مطابق ان اداروں کے ذریعے کمیونسٹ حکومت اپنے پروپیگنڈا کو پھیلاتی ہے۔ اب انہیں غیر ملکی مشن کے طور پر دیکھا جائے گا۔ اس امریکی اقدام کی زد میں شنہوا، چائنا گلوبل ٹیلی وژن نیٹ ورک اور چائنا ریڈیو آئیں گے جبکہ اخبار چائنا ڈیلی اور دا پیپلز ڈیلی بھی متاثرین میں شامل ہیں۔ امریکی اعلان کے مطابق اس کا اثر صحافتی سرگرمیوں پر نہیں پڑے گا۔ امریکی حکام کو شک ہے کہ ان اداروں کے صحافیوں کو بیجنگ براہ راست کنٹرول کرتا ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس سے ہلاکتیں دو ہزار سے تجاوز کر گئیں[/pullquote]

چین میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد دو ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ صحت کے چینی کمیشن نے آج بدھ کو بتایا کہ گزشتہ روز 136 افراد ہلاک ہوئے اور اس طرح ہلاکتیں 2004 ہو گئی ہیں۔ مزید تقریباً ساڑھے سترہ سو افراد میں نشاندہی کے بعد کووڈ انیس کے مریضوں کی تعداد چوہتر ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔ دوسری جانب جاپان میں ایک تفریحی جہاز ’ ڈائمنڈ پرنسس‘ کے مسافروں کو دو ہفتوں کے بعد جہاز سے اترنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ ٹوکیو حکام کے بقول مسافروں کو جہاز سے نکالنے کا عمل تین روز تک جاری رہ سکتا ہے۔

[pullquote]شام کو مہاجرین کے بدترین بحران کا سامنا ہے، ویلٹ ہنگر ہلفے[/pullquote]

جرمن امدادی تنظیم ویلٹ ہنگر ہلفے کے مطابق شام کو آج کل مہاجرین کے بدترین بحران کا سامنا ہے۔ اس تنظیم کے علاقائی سربراہ ڈرک ہیگمانز کے بقول شہریوں کو بمباری اور تشدد سے بچنے کے لیے ایک انتہائی چھوٹے علاقے میں پناہ لینا پڑ رہی ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق گزشتہ دسمبر سے ادلب میں تشدد کے باعث نو لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔ اس صورتحال کو ایک بہت بڑے انسانی بحران سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔ شامی فوج نے 2019ء میں باغیوں کے آخری گڑھ ادلب کو آزاد کرانے کے لیے فوجی کارروائی شروع کی تھی۔

[pullquote]معروف ترک دانشور عثمان کوالا کے خلاف نئے وارنٹ[/pullquote]

ترکی میں گیزی پارک کے ایک متنازعہ مقدمے سے بری ہونے کے چند گھنٹے بعد ہی ثقافتی شعبے کی معروف شخصیت عثمان کوالا کے خلاف نئے وارنٹ جاری کر دیے گئے ہیں۔ سرکاری خبر رساں ادارے ’انادولو‘کے مطابق اس نئے وارنٹ کا تعلق 2016ء کی ناکام فوجی بغاوت سے ہے۔ کوالا اور دیگر آٹھ افراد پر الزام تھا کہ انہوں نے حکومت کو گرانے کی خاطر گیزی پارک میں مظاہرے کرائے تھے۔ انہیں منگل کی دوپہر ہی استبول کے قریب سیلیوری کے ایک جج نے اس مقدمے میں بری کیا تھا۔

[pullquote]لیبیا کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت نے جنیوا مذاکرات کو معطل کردیا[/pullquote]

لیبیا کے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ وزیر اعظم فائز السراج نے فائر بندی کے موضوع پر ہونے والے اجلاس میں مزید شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ السراج کے بقول طرابلس پر تازہ حملے کے بعد پیدا ہونے والے حالات میں مذاکرات کا کوئی جواز ہی نہیں بنتا۔ گزشتہ روز طرابلس پر کئی راکٹ داغے گئے تھے۔ جنیوا میں اقوام متحدہ کی ثالثی میں یہ مذاکراتی سلسلہ گزشتہ روز شروع ہوا تھا۔ اس موقع پر لیبیا کی فوج کے اعلی افسران اور باغی رہنما خلیفہ ہفتر بھی جنیوا میں موجود ہیں۔ تاہم فریقین کے مابین براہ راست ملاقات نہیں ہوئی۔

[pullquote]ایرانی انتخابات کا بائیکاٹ کیا جائے، تہران حکومت کے ناقدین[/pullquote]

ایرانی حکومت کے مخالفین نے دو دن بعد ایران میں ہونے والے مجوزہ پارلیمانی انتخابات کے بائیکاٹ کی درخواست کی ہے۔ خبر رساں ادارے ( اے ایف پی) کے مطابق بیرون ملک مقیم ان حکومتی ناقدین نے کہا ہے کہ یہ انتخابات جمہوری کے علاوہ کچھ بھی ہو سکتے ہیں اور ان سے ملک کے مسلم حکمرانوں کو ہی فائدہ پہنچے گا۔ جوہری معاہدے سے امریکا کی علیحدگی اور جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے تناظر میں اس الیکشن کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ ایران میں اکیس فروری کو نئی پارلیمان منتخب کی جائے گی۔

[pullquote]جرمنی: وفاقی کابینہ بنیادی پنشن کا فیصلہ کرنا چاہتی ہے[/pullquote]

کئی ماہ کی بحث و تکرار کے بعد جرمن کابینہ آج بدھ کو پینشن سے متعلق ایک اہم فیصلہ کرنے والی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس فیصلے کے بعد2021ء سے کم پینشن حاصل کرنے والے ایک ملین سے زائد افراد کو ایک پریمیئم دیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے ابتدائی طور پر 1.3 ارب یورو کی ضرورت پڑے گی، جو ٹیکس کی رقوم سے حاصل کی جائیں گی۔ بنیادی پینش کا یہ منصوبہ دراصل سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کا تھا۔ ماضی کی دو حکومتیں اس طرح کے منصوبوں کو منظور کروانے میں ناکام رہی تھیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے