ہفتہ : 22 فروری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ہاناؤ واقعے کے بعد جرمنی میں مسلمانوں کی سکیورٹی میں اضافہ[/pullquote]

جرمن شہر ہاناؤ میں پیش آنے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد ملک بھر میں مسلمانوں کی سکیورٹی میں اضافے کے اقدامات کیے گئے ہیں۔ جرمن وزیرداخلہ ہورسٹ زیہوفر نے کہا کہ یہ حملہ نسل پرستی سے مرعوب دہشت گردی کا واقعہ تھا۔ بتایا گیا ہے کہ جرمن قوانین میں تو کوئی تبدیلی نہیں لائی جا رہی ہے، تاہم ملک بھر کی مساجد اور دیگر حساس مقامات کے علاوہ ریلوے اسٹیشنوں اور ہوائی اڈوں پر پولیس کی گشت میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ اُدھر جرمن صوبے ہیسے کے انسدادِ جرائم کے محکمے نے بتایا ہےکہ ہاناؤ میں فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہونے والوں میں تین جرمن، ایک بلغارین، ایک رومانیہ اور دو ترک شہری تھے۔ اس کے علاوہ ایک مقتول بوسنیا جبکہ نواں ہلاک ہونے والا جرمنی اور افغانستان کی دوہری شہریتوں کا حامل تھا۔

[pullquote]یمن سے سعودی عرب میں داغے گئے متعدد میزائل فضا میں تباہ کر دیے گئے، سعودی اتحاد[/pullquote]

سعودی عرب نے یمن سے داغے گئے متعدد میزائلوں کو فضا میں تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ سعودی قیادت میں عرب عسکری اتحاد کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان میزائلوں کے ذریعے متعدد سعودی شہروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی، تاہم انہیں فضا ہی میں تباہ کر دیا گیا۔ گزشتہ روز حوثی باغیوں نے دعویٰ کیا تھا کہ سعودی عرب کے متعدد شہروں کو ڈرونز، کروز اور بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے۔ حوثی باغیوں نے یہ بھی کہا کہ داغے گئے میزائلوں نے اہداف کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنایا۔ دوسری جانب سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

[pullquote]مقبول اپوزیشن پارٹی پر پابندی، تھائی طلبہ کے مظاہروں کا امکان[/pullquote]

تھائی لینڈ میں ایک مقبول سیاسی جماعت پر پابندی عائد کیے جانے کے خلاف طلبہ کی جانب سے بڑے مظاہروں کی توقع کی جا رہی ہے۔ تھائی لینڈ میں ایک عدالت نے ملک کی ایک اہم اور بڑی سیاسی جماعت کو کالعدم قرار دے کر تحلیل کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔ ملک کی دستوری عدالت کی جانب سے فیوچر فارورڈ پارٹی، جسے گزشتہ برس ہونے والے عام انتخابات میں چھ ملین ووٹ پڑے اور تیسرے نمبر پر آئی، غیرقانونی سرمایے کے حصول پر کالعدم قرار دیا گیا۔ اس عدالتی فیصلے پر انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے شدید نکتہ چینی کی جا رہی ہے۔

[pullquote]شمالی جرمن شہر میں گریٹا تھنبرگ کے ماحولیاتی مظاہرے میں ہزاروں افراد شریک[/pullquote]

شمالی جرمن شہر ہیمبرگ میں سویڈیش ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ کے ماحولیاتی مظاہرے میں پولیس کے اعداد وشمار کے مطابق قریب بیس ہزار مظاہرین شریک ہوئے۔ جمعے کے روز ہونے والے اس مظاہرے میں تھنبرگ نے مظاہرین کی تعداد ساٹھ ہزار بتائی ہے۔ سترہ سالہ تھنبرگ نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں تصویر بھی پوسٹ کی، جس کے ساتھ لکھا تھا کہ تب تک مظاہرےجاری رکھیں گے، جب تک عملی اقدامات نہیں کیے جاتے کیونکہ زمین آگ اگل رہی ہے۔ اس احتجاج کے موقع پر ہاناؤ میں پیش آنے والے خون ریز واقعے کے متاثرین کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ واضح رہے کہ فرائی ڈیز فار فیوچر نامی تحریک اسکولوں کے بچوں کی موومنٹ ہے، جو ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف موثر اقدامات کا مطالبہ کرتے ہیں۔

[pullquote]مبینہ فلسطینی چاقو حملہ آور اسرائیلی پولیس کی فائرنگ سے ہلاک[/pullquote]

اسرائیلی پولیس کے مطابق چاقو کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے ایک فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ یہ واقعہ یروشلم کے قدیمی علاقے میں ہفتے کے روز پیش آیا۔ اسرائیلی پولیس کے مطابق یہ مبینہ حملہ آور چاقو سے مسلح تھا۔ یہ بات اہم ہے کہ حالیہ کچھ عرصے میں فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان تناؤ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اس کشیدگی کی وجہ امریکا کی جانب سے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنا اور امریکی صدر ٹرمپ کا حال ہی میں پیش کیا جانے والا امن منصوبہ ہے۔

[pullquote]سعودی عرب میں جی ٹوئنٹی وزارتی سطح کا اجلاس[/pullquote]

سعودی عرب جی ٹوئنٹی ممالک کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے سربراہان کے اجلاس کی صدارت کر رہا ہے۔ آج ہفتے کے روز اس دو روزہ کانفرنس کا آغاز ریاض میں ہوا۔ یہ کانفرنس ایک ایسے موقع پر ہو رہی ہے جب ایک طرف عالمی اقتصادیات کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا ہے، جب کہ دوسری جانب کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے معاشی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔ اس کانفرنس میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے عالمی معاشی سرگرمیوں کو لاحق خطرات کے حوالے سے گفت گو ہو گی۔ اس کے علاوہ دنیا کی بیس سب سے بڑی اقتصادی قوتیں ڈیجیٹل دور میں عالمی ٹیکسیشن نظام کے موضوع پر بھی بات چیت کریں گی۔

[pullquote]پوٹن ادلب میں شامی فورسز کو پیش قدمی سے روکیں، ایردوآن[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے روس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شامی صوبے ادلب میں دمشق حکومت کی حامی فورسز کو پیش قدمی سے روکے۔ شامی فورسز ملک کے شمال مغربی علاقوں میں باغیوں کے خلاف اپنی پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں اور انہیں بھرپور روسی فضائی مدد دستیاب ہے۔ اسی تناظر میں قریب ایک ملین افراد کو اپنا گھر بار چھوڑنا پڑا ہے۔ شام میں گزشتہ نو برسوں سے جاری خانہ جنگی میں کسی ایک مقام سے لوگوں کے بے گھر ہونے کا یہ سب سے بڑا واقعہ ہے۔ ترک صدارتی دفتر کے مطابق اس موضوع پر ایردوآن نے روسی صدر پوٹن سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ پوٹن نے اس گفت گو میں ایردوآن سے ادلب میں جہادیوں کے ’جارحانہ عزائم‘ پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔ ترک صدارتی دفتر کا کہنا ہے کہ شام میں قیام امن کے لیے سن 2018 میں روسی شہر سوچی میں طے پانے والے معاہدے پر عمل درآمد ناگزیر ہے۔

[pullquote]افغانستان میں دس برسوں میں ایک لاکھ افراد ہلاک اور زخمی ہوئے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ دس برسوں میں افغانستان میں ہلاک اور زخمی ہونے والے عام شہریوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ تھی۔ ہفتے کے روز افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کے مشن کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسلامک اسٹیٹ کے حملوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد کم ہے، جب کہ طالبان، افغان فورسز اور امریکی کارروائیوں میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تعداد کہیں زیادہ ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق افغانستان میں جاری شورش سے کوئی عام شہری محفوظ نہیں ہے۔ یہ رپورٹ ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے، جب طالبان اور امریکی فورسز کی جانب سے ’تشدد میں کمی‘ کے معاہدے پر عمل درآمد شروع ہوا ہے۔

[pullquote]ایک ایرانی میئر بھی کورونا وائرس کا شکار[/pullquote]

سرکاری ایرانی ٹی وی چینل کا کہنا ہے کہ دارالحکومت تہران کے ضلع 13 کے ایک میئر میں کورونا وائرس کی موجودگی پائی گئی ہے۔ ضلعی میئر مرتضی رحمان زادہ کو جمعے کے روز علالت کی وجہ سے ہسپتال منتقل کیا گیا تو اُن میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔ یہ وائرس گو کے چین میں پیدا ہوا، تاہم اب یہ دنیا کے کئی ممالک میں پھیل چکا ہے، جب کہ ایرانی حکومت کا کہنا ہے کہ ایران کے کئی اہم شہروں میں یہ وائرس موجود ہے۔ ایران میں اب تک اس وائرس کی وجہ سے چار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]جنوبی کوریا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے تین سو کے قریب[/pullquote]

جنوبی کوریا میں گزشتہ چار روز میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر اب 346 ہو گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ابتدائی انفیکشنز کا تعلق چین سے تھا، تاہم جنوبی کوریا اور ایران میں نظر آنے والے نئے کیسز کا چین سے کوئی براہ راست تعلق نظر نہیں آیا ہے۔ دوسری جانب چین کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وہاں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے نئے مریضوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ چین میں کووڈ انیس (Covid-19) بیماری سے متاثرہ نئے مریضوں کی تعداد 397 ہے جب کہ مجموعی طور پر اس مرض میں مبتلا افراد کی تعداد 76 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ اس وائرس کی وجہ سے چین میں ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 23 سو 45 ہے۔

[pullquote]امریکی وزیرخارجہ کی عمان کے نئے فرماں روا سے ملاقات[/pullquote]

امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے جمعے کے روز عمان کے نئے سلطان ہیثم بن طارق السعید سے ملاقات کی۔ عمان پر گزشتہ پچاس برسوں سے حکومت کرنے والے سلطان قابوس بن سعید گیارہ جنوری کو انتقال کر گئے تھے۔ واضح رہے کہ عمان خطے میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی میں ایک غیرجانب دار ملک کی حیثیت رکھتا ہے۔ نئے عمانی فرماں روا نے سلطان قابوس کی خطے میں عدم مداخلت کی خارجہ پالیسی کو جاری رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے