منگل: 25 فروری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]سابق مصری صدر حسنی مبارک انتقال کر گئے[/pullquote]

سابق مصری صدر حسنی مبارک انتقال کر گئے ہيں۔ ان کی وفات کی خبر مصر کے سرکاری ٹيلی وژن پر آج بروز منگل نشر کی گئی ہے۔ انتقال کے وقت ان کی عمر اکانوے برس تھی۔ بتايا گيا ہے کہ چند ہفتے قبل ان کی سرجری ہوئی تھی۔ حسنی مبارک کی حکومت سن 2011 کی حکومت مخالف تحريک کے نتيجے ميں گری تھی۔ اس وقت انہيں حراست ميں لے ليا گيا تھا۔ سن 2017 ميں انہيں قريب تمام الزامات سے بری کرتے ہوئے رہا کر ديا گيا تھا۔ حسنی مبارک تيس برس تک اقتدار ميں تھے۔

[pullquote]ٹرمپ اور مودی کے مابين مذاکرات: بھارت کو دفاعی ساز و سامان کی فروخت کی تصديق[/pullquote]

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کو تين بلين ڈالر ماليت کے فوجی ساز و سامان کی فروخت کی تصديق کر دی ہے۔ نئی دہلی حکومت امريکی کمپنی ’لوک ہيڈ مارٹن‘ سے چوبيس ’سی ہاک‘ ہيلی کاپٹرز خريدے گی جن کی ماليت ڈھائی بلين سے زائد ہے جب کہ چھ ’اپاچی‘ ہيلی کاپٹروں کا سودہ بھی جلد طے ہو سکتا ہے۔ ٹرمپ نے یہ اعلان نئی دہلی ميں وزير اعظم نريندر مودی کے ساتھ ملاقات کے بعد کيا۔ بعد ازاں ٹرمپ نے بتايا کہ نئی دہلی اور واشنگٹن کے مابين کشيدگی کا سبب بننے والے تجارتی اختلافات دور کرنے کے ليے کوششيں جاری ہيں۔ ٹرمپ بھارت کے دو روزہ دورے پر ہيں، جو آج شام ختم ہو رہا ہے۔

[pullquote]نئی دہلی میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف تازہ مظاہرے اور جھڑپيں، سات افراد ہلاک[/pullquote]

بھارت ميں متنازعہ شہريت ترميمی قانون کے خلاف گزشتہ روز دارالحکومت نئی دہلی ميں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران خونریز جھڑپوں ميں کم از کم سات افراد ہلاک اور تقريباﹰ ڈيڑھ سو زخمی ہو گئے۔ یہ بات بھارتی حکام نے آج منگل کی صبح بتائی۔ ہلاک شدگان ميں ايک پوليس کانسٹيبل بھی شامل ہے۔ گزشتہ روز امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ بھارت کے موقع پر نئی دہلی ميں اس قانون کی حمایت اور مخالفت ميں ريلياں نکالی گئی تھیں۔ پوليس نے مظاہرين کو منتشر کرنے کے ليے آنسو گيس بھی استعمال کی تھی۔

[pullquote]امارات سے ايران آنے اور جانے والی تمام پروازيں منسوخ[/pullquote]

خليج کے خطے ميں ايران کے سب سے بڑے تجارتی پارٹنر ملک متحدہ عرب امارات نے ايران آنے اور جانے والی تمام مسافر اور کارگو پروازيں منسوخ کر دی ہيں۔ اماراتی سول ايوی ايشن اتھارٹی نے آج منگل کو بتایا کہ کورونا وائرس کے پھيلاؤ کو روکنے کے ليے بطور احتياط یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر اس پابندی کی مدت ايک ہفتہ ہے تاہم اس ميں توسيع ممکن ہے۔ايران ميں پچھلے چوبيس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی نئی قسم کووڈ انيس کے سبب مزيد تين افراد کی ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس طرح اس وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد پندرہ ہو گئی ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس چين کے ساتھ ساتھ جاپان اور جنوبی کوريا ميں بھی تيزی سے پھيلتا ہوا[/pullquote]

چين کے ساتھ ساتھ اب جنوبی کوريا اور جاپان ميں بھی کورونا وائرس کی نئی قسم تيزی سے پھيل رہی ہے۔ منگل کی صبح تک موصولہ اعداد و شمارکے مطابق جاپان ميں اب تک کووڈ انيس نامی وائرس کے شکار افراد کی تعداد 851 ہو گئی ہے۔ چين ميں پچھلے چوبيس گھنٹوں کے دوران 508 مزيد افراد ميں اس وائرس کی تشخيص ہو گئی جبکہ مزید اکہتر مریض انتقال کر گئے۔ جنوبی کوريا ميں بھی ساٹھ نئے کيسز سامنے آئے ہیں اور مزید ايک شخص کی موت واقع ہو گئی ہے۔ مجموعی طور پر چين ميں اب تک 77,658 افراد اس وائرس کا شکار ہو چکے ہيں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 2,663 بنتی ہے۔

[pullquote]يورپی بلاک کا برطانيہ کے ساتھ مذاکرات کے ليے مينڈيٹ پر اتفاق[/pullquote]

برطانيہ کے يورپی یونين سے اخراج يا بريگزٹ کے بعد بلاک کے ساتھ تعلقات طے کرنے کے ليے مذاکراتی عمل آئندہ ہفتے شروع ہو سکتا ہے۔ برسلز ميں آج ستائيس رکنی بلاک کے رکن ملکوں نے مذاکرات کے ليے مشترکہ لائحہ عمل اور مينڈيت پر اتفاق کر ليا ہے۔ مختلف سفارتی ذرائع نے اس پيشرفت کی تصديق کر دی ہے۔ لندن حکومت جمعرات کو مذاکرات کے ليے اپنا مينڈيٹ پيش کرنے والی ہے۔ مذاکراتی عمل اس سال کے اواخر تک ختم ہونا ہے اور برطانيہ نے اس ميں توسيع کو پہلے ہی سے خارج از امکان قرار دے رکھا ہے۔ دوسری جانب اجلاس ميں يورپی وزراء نے خبردار کيا ہے کہ بات چيت اور اختلافات کا حل تلاش کرنا، مشکل ثابت ہو سکتا ہے۔

[pullquote]مغربی کنارے ميں مزيد يہودی آباد کاری کا اعلان[/pullquote]

اسرائيلی وزير اعظم بينجمن نيتن ياہو نے مقبوضہ مغربی کنارے ميں مزيد يہودی آباد کاری کا اعلان کيا ہے۔ نيتن ياہو نے ’ای ون‘ نامی حصے ميں ساڑھے تين ہزار نئے مکانات کی تعمير کی منظوری دے دی ہے۔ يہ امر اہم ہے کہ اسرائيل ميں ايک ہفتے بعد انتخابات ہونے والے ہيں، جن ميں مرکزی اميدواروں کے درميان کانٹے کا مقابلہ ہے۔ بين الاقوامی برادری ايک عرصے سے خبردار کرتی آئی ہے کہ ای ون راہداری سے يہ علاقہ دوحصوں میں تقسیم ہو جائے گا، جس سے مستقبل کی فلسطينی رياست کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

[pullquote]شام ميں کشيدگی، روسی و ترک اعلیٰ قيادت کی ملاقات متوقع[/pullquote]

ترک صدر رجب طيب ايردوآن نے بتايا ہے کہ شمالی شام ميں کشيدگی کم کرنے کے ليے بدھ کو ايک روسی وفد ترکی کا دورہ کرے گا۔ ايردوآن نے يہ بھی کہا کہ آئندہ ماہ جرمنی، فرانس، روس اور ترکی کے مابين مذاکرات پر فی الحال حتمی اتفاق نہيں ہو سکا ہے۔ تاہم ان کا يہ بھی کہنا تھا کہ روسی صدر ولاديمير پوٹين آئندہ ہفتے ان کے ساتھ ملاقات کے ليے آ سکتے ہيں۔ ترک صدر نے يہ بيان انقرہ ميں آذربائيجان روانگی سے قبل منگل کو ديا۔ شامی شہر ادلب ميں روسی حمايت يافتہ شامی دستوں کی چڑھائی کے بعد سے انقرہ اور ماسکو ميں کشيدگی بڑھ گئی ہے کيونکہ ترک دستے بھی اسی علاقے ميں متحرک ہيں۔

[pullquote]غزہ پٹی: اسلامی جہاد کی جانب سے جنگ بندی کا اعلان[/pullquote]

غزہ پٹی کے علاقے ميں سرگرم فلسطینی جہادی تنظيم اسلامی جہاد نے اسرائيل کے ساتھ جنگ بندی کا اعلان کر ديا ہے۔ اطلاع ہے کہ پير کی شب سے اس جنگ بندی پر عمل شروع ہو چکا ہے۔ يہ جنگ بندی مصر اور ديگر بين الاقوامی قوتوں کی ثالثی کے نتيجے ميں عمل ميں آئی۔ اسرائيلی فوج نے تصديق کی ہے کہ اس فیصلے پر عمل درآمد شروع ہونے کے بعد سے اب تک غزہ پٹی سے اسرائيل کی طرف مزید کوئی راکٹ فائر نہيں کیا گيا۔ قبل ازيں اسلامی جہاد نے جنوبی اسرائيل ميں کئی راکٹ داغے تھے، جس کے جواب ميں اتوار اور پير کی درميانی شب اسرائيلی افواج نے فضائی کارروائی کرتے ہوئے اس فلسطینی تنظيم کے ٹھکانوں کو نشانہ بنايا تھا۔

[pullquote]افغانستان ميں مبینہ جنگی جرائم، آسٹريلوی فوج کے خلاف تفتيش[/pullquote]

آسٹريلوی فوج پر نگاہ رکھنے والے ايک واچ ڈاگ نے بتايا ہے کہ ملکی افواج کی افغانستان ميں تعيناتی کے دوران پچپن ايسی کارروائيوں کی تفتيش جاری ہے، جو ممکنہ طور پر جنگی جرائم کے زمرے ميں آ سکتی ہيں۔ آسٹريلوی انسپکٹر جنرل کی سالانہ رپورٹ ميں ایسے کئی واقعات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان وارداتوں ميں مبينہ طور پر غير قانونی ہلاکتیں بھی شامل ہيں۔ ایسے کئی واقعات کی چھان بین 2016ء سے جاری ہے۔ جج پال بريريٹن اب تک تين سو سے زائد افراد کی گواہیاں سن چکے ہيں۔ بتاياگیا ہے کہ وہ بطور جج اپنے فيصلے تک پہنچنے والے ہيں۔

[pullquote]سويڈش پبلشر کو چين ميں دس برس قيد کی سزا[/pullquote]

چين ميں ايک سويڈش پبلشر گوئی مِن ہائی کو دس برس قيد کی سزا سنا دی گئی ہے۔ ننگ بو شہر کی ايک عدالت نے مِن ہائی کو يہ سزا غير قانونی طور پر انٹيليجنس معلومات بيرون ملک پہنچانے کے جرم میں سنائی۔ گوئی مِن ہائی ہانگ کانگ کے ان پانچ بک سیلرز ميں سے ايک ہيں، جنہیں چينی قیادت کے بارے ميں تنقیدی کتابیں فروخت کرنے کی وجہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ انہيں فروری سن 2018 ميں حراست ميں ليا گيا تھا۔ يہ معاملہ اسٹاک ہوم اور بيجنگ کے مابين کشيدگی کا سبب بھی بنا رہا ہے۔

[pullquote]ليبيا ميں دو ترک فوجی مارے گئے، صدر ایردوآن[/pullquote]

ترک صدر رجب طيب ايردوآن نے آج منگل کے روز تصديق کر دی کہ ليبيا ميں ترک مسلح افواج کے دو ارکان مارے گئے ہيں۔ ايردوآن نے يہ نہيں بتايا کہ يہ فوجی کب مارے گئے۔ البتہ منگل کو آذربائيجان روانگی سے قبل انہوں نے ان ہلاکتوں کی تصديق کر دی۔ گزشتہ اختتام ہفتہ پر ترک صدر نے صرف يہ بيان ديا تھا کہ ليبيا ميں چند ترک فوجی مارے گئے ہيں۔ ہلاک شدگان کی تعداد نہ بتانے پر انہيں داخلی سطح پر کافی تنقيد کا سامنا بھی رہا۔ ترکی نے سياسی افراتفری کے شکار ملک ليبيا ميں اقوام متحدہ کی حمايت يافتہ حکومت کی مدد کے ليے اپنے فوجی دستے وہاں بھيج رکھے ہيں۔

[pullquote]جاپان: دنيا کا سب سے عمر رسيدہ مرد انتقال کر گيا[/pullquote]

دنيا کا سب سے عمر رسيدہ مرد جاپان ميں انتقال کر گيا ہے۔ چيٹيٹسو واتانابے وسطی جاپان کے شہر جوئيتسو کے رہائشی تھے اور 112 برس کی عمر ميں ان کے انتقال کی تصديق آج منگل کی صبح کی گئی۔ بتايا گيا ہے کہ ان کا انتقال چند روز قبل ہوا تھا۔ چيٹيٹسو پانچ مارچ سن 1907 کے دن پيدا ہوئے تھے۔ انہیں اسی ماہ بارہ تاريخ کو دنيا کا سب سے عمر رسيدہ مرد بن جانے پر گينس بک آف ورلڈ ريکارڈز کا جاری کردہ سرٹيفيکيٹ ديا گيا تھا۔ اس وقت دنيا کی عمر رسيدہ ترین خاتون کانےتانا ہيں جن کی عمر 117 برس ہے اور وہ بھی جاپانی ہيں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے