مصباح کے بغیر دورہ انگلینڈ پاکستان کیلئے کانٹوں کی سیج ثابت ہوگا: جیفری بائیکاٹ

سابق انگلش کپتان اور موجودہ مبصر جیفری بائیکاٹ نے خبردار کیا ہے کہ مصباح الحق کے بغیر پاکستان ٹیم کیلیے انگلینڈکانٹوں کی سیج ثابت ہوگا، مہمان بیٹسمینوں کیلیے جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ کا سامنا کرنا آسان نہیں ہوگا۔

اپنے ایک انٹرویو میں جیفری بائیکاٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے حال ہی میں انگلینڈ کو ٹیسٹ سیریز میں شکست سے دوچار کیا مگر ون ڈے میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ آئندہ برس کے وسط میں پاکستان نے انگلینڈ کا دورہ کرنا ہے جوکہ 2010 کے فکسنگ اسکینڈل کے بعد اس کا پہلا ٹورہوگا اور ایک بار پھر کرپشن کے الزامات پاکستانی ٹیم کے تعاقب میں ہوں گے۔ جیفری بائیکاٹ اس حوالے سے کہتے ہیں کہ اس اسکینڈل کے بعد سے پاکستانی پلیئرز کا رویہ کافی بہتر ہوا اورانھوں نے خودکوکافی کنٹرول میں رکھا ہے، اصل اہمیت کپتان کی ہوتی ہے کہ وہ ٹیم کے لیے کیسی ٹون سیٹ کرتا ہے اور پاکستان کے پاس مصباح کی صورت میں ایک بہترین کپتان موجود ہے اگر وہ آئندہ برس انگلینڈ آتے ہیں تو ان کیلیے ضروری ہوگا کہ وہ خود کو انتہائی ٹھنڈا اور پرسکون رکھیں لیکن اگر وہ نہیں آتے تو پھر پی سی بی کو انگلینڈ کے دورے کیلیے موزوں کپتان کی تلاش کا سخت چیلنج درپیش ہوگا۔

بائیکاٹ نے واضح کیا کہ پاکستانی بیٹنگ لائن کی انگلش کنڈیشنز میں آزمائش ہوگی جہاں پر اسٹورٹ براڈ، جیمز اینڈرسن اور دیگرفاسٹ بولرز کا سامنا کرنا ہوگا، یہاں پر ویسے بھی گیند ہوا میں سوئنگ ہوتی اور میں نے یو اے ای میں ہونے والے مقابلوں میں بھی پاکستانی بیٹسمینوں کو سوئنگ کے سامنے مشکل سے دوچار ہوتے ہوئے دیکھا ہے۔ انھوں نے کہا کہ میری یارکشائر میں یونس خان سے ملاقات رہی، وہ کافی بااخلاق اورحیران کن بیٹسمین ہیں۔ بائیکاٹ نے یونس اورجاویدمیانداد کے موازنے کے حوالے سے کہاکہ میں نے اپنے وقت میں گیری سوبرز کا سب سے زیادہ رنزکا ریکارڈ توڑا، پھرمیرا ریکارڈ سنیل گاوسکر نے توڑدیا جوکہ ان کے پاس بھی نہیں رہا، اس کا مطلب یہ نہیں کہ میں سوبرزسے بڑاکھلاڑی ہوں، اس لیے کسی کا دوسرے سے رنز کی بنیاد پر موازنہ نہیں کیا جاسکتا۔

فکسنگ میں سزا یافتہ کرکٹرزکے بارے میں جیفری بائیکاٹ کا کہنا تھا کہ اگرچہ میں ان کو لمبی مدت کیلیے کھیل سے باہردیکھنا چاہتا تھا مگر چونکہ وہ اپنی سزا کاٹ چکے اس لیے انھیں دوسرا موقع ملنا چاہیے، عامرکی راہ میں بھی رکاوٹ نہیں ڈالنی چاہیے لیکن میرا اس کیلیے پیغام ہے کہ اب اگر تم نے کچھ غلط کیا تو پھر عمر بھر کیلیے کرکٹ کو بھول جانا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے