وزیراعظم کا بجلی اور گیس کی قیمتیں مزید نہ بڑھانے کا اعلان

پشاور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ جو بھی ہوجائے بجلی اور گیس کی قیمتیں مزید بڑھنے نہیں دیں گے بلکہ انہیں کم کریں گے۔

پشاور میں انڈر 21 گیمز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کھیلوں کے مقابلے سے نوجوانوں کا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا، کھیلوں سے انسان صحت مند رہتا ہے اور کھیل آپ کو اپنی زندگی میں مقابلہ کرنا سکھاتے ہیں لہٰذا چیمپئن وہ ہوتا ہے جو ہارنے سے ڈرنے کی بجائے سیکھتا ہے۔

انہوں نےکہا کہ زندگی مقابلے کا نام ہے، ہارنے سے ڈرنا نہیں سیکھنا ہے، انسان تب ہارتا ہےجب وہ ہارمان لیتا ہے، میں اگراسپورٹس نہ کھیلتا تو 22 سالہ سیاست میں مقابلہ نہ کرتا اور بہت پہلے ہارمان جاتا، اگر میں نے مشکل وقت کا مقابلہ کرنا نہ سیکھا ہوتا تو یہ جو حکومت ملی، ڈیڑھ سال میں ہاتھ کھڑے کرکے گھر چلا جاتا اور ہار مان چکا ہوتا۔

[pullquote]مشکل وقت کا مقابلہ کرنا نہ سیکھا ہو تو آج گھر چلا جاتا: وزیراعظم[/pullquote]

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ زندگی اونچ نیچ کا نام ہے،انسان جب گر کر کھڑا ہوتا ہے توپہلے سے زیادہ طاقتور ہوتا ہے، اسی طرح جب قوم مشکل وقت کا مقابلہ کرتی ہے تو اور مضبوط ہوتی ہے، آپ اس قوم کا حصہ ہیں جس نے دنیا کی عظیم ترین قوم بننا ہے۔

[pullquote]مہمند میں جلسے سے خطاب[/pullquote]

دوسری جانب مہمند میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان نے دنیا میں مثال بننا تھا اور وہ مثال مدینہ کی ریاست کا اصول تھا، ہمارا احساس پروگرام مدینہ کے ماڈل پر ہے، جو لوگ زندگی کی ریس میں پیچھے رہ گئے ریاست ان کی ذمہ دار ہے، قبائلی عوام باقی دیگر پاکستانیوں سے پیچھے رہ گئے، یہاں غربت اور بیروزگاری ہے، اب انہیں ترقی دینے کا موقع ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی تقریر نہیں، یہ میرا دینی فرض ہے، جب وزیراعظم بن کر چین گیا تو ان سے پوچھا کہ کروڑوں لوگوں کو غربت سے کیسے نکالا، انہوں نے انڈسٹری لگائی، اس سے بننے والے پیسے لوگوں کی مدد کی اور نچلے طبقے پر دولت خرچ کی۔

[pullquote]مہمند میں زیتون کے باغات لگانے کا اعلان[/pullquote]

وزیراعظم نے مہمند میں زیتون کے باغات لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے قبائلی علاقے زیتون کے لیے بہترین ہیں، ہم یہاں زیتون کے باغات لگائیں گے جس سے ہمیں باہر سے تیل منگوانے کی ضرروت نہیں پڑے گی، اس سے غریب کسان کی زندگی بدل جائے گی۔

عمران خان کا کہنا تھاکہ کفالت کا پروگرام 2 ہزار روپے ماہانہ سے مہمند سے شروع کررہے ہیں، ملکی تاریخ میں پہلی بار مستحق طلبہ کو 50 ہزار اسکالر شپ دیں گے اور مہمند کے ڈھائی ہزار نوجوانوں نے اسکالر شپ کے لیے درخواست دی ہے جنہیں پہلے موقع دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے علم ہے کہ قبائل پر کس طرح کا وقت گزرا، میں واحد آدمی تھا جو قبائلی علاقے کی بات کرتا تھا، اب آ پ کے لیے سب سے اچھی چیز یہ ہےکہ اس علاقے کے نمائندے اسمبلی میں ہیں، اب عوام کے تمام مسائل کے لیے اسمبلی میں آواز اٹھائیں۔

[pullquote]تھری جی اور فور جی سروس کا اعلان[/pullquote]

اس موقع پر وزیراعظم نے مہمند کے لیے تھری جی اور فور جی سروس کا بھی اعلان کیا اور اس کی ذمہ داری وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کو دی۔

مہنگی بجلی پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں جس قیمت پر بجلی بن رہی ہے وہ بہت مہنگی ہے ہم اس قیمت پر بجلی نہیں بیچ سکتے، ہماری حکومت آئی تو تاریخی گردشی قرضے تھے، اس لیے مجبوراً قیمتیں بڑھانی پڑیں، ہم قیمت بڑھاتے ہیں تو لوگوں پر بوجھ پڑتا ہے، اس لیے ہم نے نچلے طبقے کے لیے قیمت نہیں بڑھائی بلکہ پیسے والوں پر بوجھ ڈالا۔

[pullquote]جو بھی ہوجائے اب بجلی اور گیس کی قیمت نہیں بڑھائیں گے: عمران خان[/pullquote]

عمران خان نے کہا کہ ہم قرضوں کے دھندے میں پھنسے ہوئے ہیں لیکن فیصلہ کیا ہےکہ بجلی کی قیمتیں مزید نہیں بڑھائیں گے، ہمارے لوگ اب بوجھ برداشت نہیں کرسکتے، فیصلہ کیا ہے ہر وہ کام کریں گے جس سے بجلی کی قیمت کم کریں، بجلی بنانے والی کمپنیوں سے بات چیت کریں گے، جس وجہ سے بجلی مہنگی ہے ہر وہ قدم اٹھائیں گے جس سے بجلی سستی ہو، ہم نے اپنے لوگوں اور انڈسٹڑی پر بوجھ نہیں ڈالیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت نے گیس کا 15 سال کا معاہدہ کیا ہے اور جتنی قیمت پر معاہدہ ہوا ہے اس کے مقابلے میں 30 فیصد دنیا میں گیس خریدی جاسکتی ہے لیکن ہم نہیں خرید سکتے لیکن جو بھی ہوجائے گیس اور بجلی کی قیمت نہیں بڑھائیں گے بلکہ کم کریں گے۔

[pullquote]نوازشریف کا نام لیے بغیر تنقید[/pullquote]

وزیراعظم نے ایک بار پھر نام لیے بغیر سابق وزیراعظم نوازشریف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ دنیا کا کوئی ملک اس لیے غریب نہیں ہوتا کہ اس کے پاس وسائل نہیں بلکہ ملک غریب تب ہوتا ہے جب حکمران ملک کو لوٹتے ہیں اور پیسہ چوری کرکے باہر لے جائیں، عوام کبھی اس پارٹی کو ووٹ نہ دیں جس کے سربراہ کے ملک سے باہر بڑے محلات اور بزنس ہوں، آپ نے تماشہ دیکھا ہے سارا ٹبر باہر بیٹھا ہوا ہے، یہ کس چیز سے ڈر رہے ہیں، جب پاناما پر ہاتھ ڈالا تو مجھ پر انتقامی کارروائی شروع لیکن میں نے چالیس چالیس سال پرانے کاغذات عدالت میں جمع کرائے میں تو باہر نہیں بھاگا، جب انسان چوری نہیں کرتا اسے لندن بھاگنے کی ضرورت نہیں پڑتی، صرف ملک اس لیے آگے نہیں بڑھ سکتا کہ اوپر کے چوروں نے سارا نظام کرپٹ کیا اس لیے ٹیلنٹ باہر چلا گیا۔

[pullquote]آٹا چینی بحران پر کارروائی کا وعدہ[/pullquote]

عمران خان کا کہنا تھا کہ کوئی فکر نہ کرے ،مشکل وقت سے گزر گئے ہیں، 2019 سب سے مشکل وقت تھا، اب اچھا وقت آئیگا، ہم مہنگائی پر قابو پاگئے ہیں۔

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ آٹا اور چینی کے بحران میں جن لوگوں نے ذخیرہ اندوزی کرکے پیسہ بنایا، وعدہ کرتا ہوں انہیں نہیں چھوڑوں گا، رپورٹ آنے والی ہے سب کو سزائیں دیں گے۔

[pullquote]قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے: وزیراعظم عمران خان[/pullquote]

مقبوضہ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اللہ کے نزدیک مشکل وقت میں صبر انسان کی بہترین صفت ہے، قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، ظالم انتہا پسند مودی کا آر ایس ایس کا نظریہ مسلمانوں سے نفرت کانظریہ ہے، دعا کرتے ہیں اللہ کشمیریوں کو صبر کی توفیق دے، آنے والے دنوں میں اس ظلم سے ہمارے کشمیریوں کو آزاد کرے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے