پیر : 09 مارچ 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغان صدر کی تقریب حلف برداری[/pullquote]

افغانستان کے نومنتخب صدر اشرف غنی نے آج دوسری مدت صدارت کا حلف اٹھا لیا۔ قبل ازیں ایسا اعلان کیا گیا تھا کہ انہوں نے اپنی تقریب حلف برداری مؤخر کر دی ہے۔ سابق چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے بھی خود کو صدر قرار دے کر حلف اٹھا لیا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ صدارتی انتخابات حتمی نتائج کے اعلان سے قبل ہی متنازعہ ہو گئے تھے۔ اشرف غنی کی کامیابی کا اعلان ملکی الیکشن کمیشن نے کیا لیکن سابق چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ بھی صدارتی انتخابات میں کامیابی کا دعویٰ رکھتے ہیں۔

[pullquote]جرمنی: کورونا وائرس کے مریض کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی[/pullquote]

امراض پر کنٹرول کے جرمن ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ جرمنی میں کورونا وائرس کی نئی قسم میں مبتلا مریضوں کی تعداد ایک ہزار ایک سو بارہ ہو گئی ہے۔ انتیس فروری کو ایسے علیل افراد کی تعداد محض چھیاسٹھ تھی۔ سب سے زیادہ اس بیماری کی تشخیص جرمنی کے گنجان آبادی والے صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں ہوئی ہے۔ اس صوبے میں ایسے مریضوں کی تعداد 484 ہے۔

[pullquote]سوڈانی وزیراعظم قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے[/pullquote]

افریقی ملک سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں وزیراعظم عبداللہ حمدوک کے قافلے کے قریب ایک بم کا دھماکا ہوا ہے۔ تاہم حمدوک اس حملے میں محفوظ رہے۔ اس دھماکے کے بعد سکیورٹی حکام نے ملکی وزیراعظم کو اپنے حصار میں لے کر کسی محفوظ مقام پر پہنچا دیا ہے۔ کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ عبداللہ حمدوک کو گزشتہ برس اگست میں حکومت سازی کی ڈیل کے بعد وزیراعظم بنایا گیا تھا۔

[pullquote]بیماری چھپانے پر جرمانہ عائد کرنے کا سعودی حکومتی فیصلہ[/pullquote]

سعودی عرب کی حکومت نے واضح کیا ہے کہ اگر کوئی غیر ملکی شخص سعودی عرب میں داخلے کے وقت اپنی جسمانی صحت سے متعلق حقائق چھپائے گا تو اُسے بھاری جرمانے کا سامنا ہو گا۔ اِس اعلان کے مطابق یہ جرمانہ پانچ لاکھ سعودی ریال تک ہو سکتا ہے۔ یہ رقم ایک لاکھ تینتیس ہزار امریکی ڈالرز کے برابر بنتی ہے۔ سعودی حکومت کا یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اس کے صوبہ قطیف کو اس لیے لاک ڈاؤن کیا گیا ہے کہ وہاں کورونا وائرس کے ایک درجن کے قریب مریضوں کی نشاندہی ہوئی ہے۔

[pullquote]دنیا میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں چار ہزار کے قریب پہنچتی ہوئیں[/pullquote]

کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی کووڈ انیس بیماری کے دنیا بھر میں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ دس ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ اس بیماری سے ہونے والی ہلاکتیں تین ہزار آٹھ سو سے تجاوز کر گئی ہیں۔ صرف چین میں ہونے والی ہلاکتیں تین ہزار ایک سو انیس ہیں۔ چین میں اس وبا کے نئے مریضوں کی تعداد میں مسلسل کمی آتی جا رہی ہے۔ ایسی ہی صورت حال جنوبی کوریا میں دیکھی گئی ہے۔ وہاں بھی اس وبا کے مریضوں میں کمی ہو رہی ہے۔ اس وقت یورپی ممالک میں اس وبا میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اٹلی میں کووڈ انیس بیماری سے ہونے والی ہلاکتیں 366 اور ایران میں 237 ہیں۔

[pullquote]ملائیشیا میں کرپشن کے الزام میں گھری جماعت کو نئی حکومت میں وزارتیں مل گئیں[/pullquote]

نئے ملیشیائی وزیر اعظم محی الدین یٰسین نے اپنی کابینہ میں سیاسی جماعت یونائیٹڈ مالیز نیشنل آرگنائزیشن کے اراکین کوشامل کیا ہے۔ یہ سیاسی جماعت بدعنوانی کے کئی الزامات کا سامنا کرنے والے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق کی ہے۔ کرپشن الزامات کی وجہ سے نجیب رزاق اور اُن کی سیاسی جماعت کو سن 2018 کے پارلیمانی انتخابات میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ محی الدین یٰسین کو مہاتیر محمد کے چوبیس فروری کو اچانک مستعفی ہونے کے بعد وزیر اعظم بنایا گیا تھا۔

[pullquote]عالمی مالی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں شدید کمی کا رجحان[/pullquote]

بین الاقوامی مارکیٹوں میں خام تیل کے فی بیرل کی قیمت میں چونتیس فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ اس کی ایک بڑی وجہ سعودی عرب کا تیل کی سرکاری قیمت میں کمی کا فیصلہ خیال کیا گیا ہے اور دوسری وجہ مختلف ممالک میں وبا کی صورت اختیار کیا ہوا کورونا وائرس ہے۔ اس مندی کے تناظر میں روس نے تیل کی پیداروار کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی مالی منڈیوں میں بھی خام تیل کے فی بیرل میں کمی انتہائی زیادہ دیکھی گئی ہے، جو جنوری سن 1991 میں ہونے والی تینتیس فیصد سے بھی زیادہ ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا کے نئے میزائل تجربات[/pullquote]

شمالی کوریا نے پیر نو مارچ کو کم فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنانے والے تین میزائل کے تجربات کیے ہیں۔ یہ میزائل شمالی کوریا کی مشرقی ساحلی پٹی سے سمندر کی جانب داغے گئے۔ آج کے میزائل تجربات دو دن قبل کمیونسٹ ملک کی جانب سے ’اہم اقدامات‘ کرنے کے اعلان کے بعد کیے گئے۔ جنوبی کوریائی وزارت دفاع کے مطابق میزائل سونڈوک نامی ساحلی قصبے سے داغے گئے۔ اُدھر جاپان کے چیف کیبنٹ سیکرٹری نے کہا ہے کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے سب سے پہلا ٹیسٹ بیلسٹک میزائل کا تھا۔ انہوں نے ان تجربات کو جاپانی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔

[pullquote]ویتنام: جنگلی حیات کے غیرقانونی کاروبار کے خلاف کریک ڈاؤن[/pullquote]

ویتنام کے وزیر اعظم نے جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے کارکنوں کے مطالبے سے اتفاق کرتے ہوئے جنگلی حیات کی غیرقانونی تجارت میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے ملکی وزارت زراعت کو ہدایت کی ہے کہ وہ کریک ڈاؤن کے حوالے سے ضوابط کا مسودہ باضابطہ منظوری کے لیے پہلی اپریل تک جمع کروائیں۔ ویتنام میں یہ خوف پایا جاتا ہے کہ جنگلی حیات کے غیرقانونی کاروبار سے بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ کورونا وائرس کی نئی قسم کا تعلق بھی غیر قانونی جنگلی حیات کی تجارت سے جوڑا جاتا ہے۔

[pullquote]سعودی صوبہ قطیف قرنطینہ میں[/pullquote]

سعودی عرب کی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مشرقی صوبے قطیف کو مکمل طور پر قرنطینہ میں رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ صوبہ قطیف اکثریتی شیعہ آبادی پر مشتمل ہے جہاں حکومت کے خلاف آوازیں اٹھتی رہی ہیں اور یہ علاقہ بدامنی کا گڑھ رہا ہے۔ اس علاقے میں کورونا وائرس کے اب تک 11 کیسز سامنے آئے ہیں۔ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق کورونا وائرس کے سبھی نئے 11 کیسز کا تعلق قطیف سے ہے، اس لیے عارضی طور پر قطیف کے اندر داخلے اور وہاں سے کسی کے باہر آنے پر تا حکم ثانی پابندی عائد رہے گی۔ سعودی عرب میں حکام نے اب تک کورونا وائرس سے 234 افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق کی ہے۔

[pullquote]ترک صدر پیر کو برسلز پہنچیں گے[/pullquote]

صدر رجب طيب ایردوآن ترکی اور يونان کی سرحد پر کشيدہ صورت حال کے تناظر میں یورپی یونین کے اعلیٰ اہلکاروں کے ساتھ بات چیت کے لیے آج نو مارچ کو برسلز پہنچ رہے ہیں۔ وہ اِس دورے کے دوران يورپی عہديداران کے ساتھ مشاورت کرنے کے ساتھ ساتھ اِس مسئلے کا کوئی ہمدردانہ حل تلاش کرنے کی کوشش کريں گے۔ اتوار کو ایردوآن نے يونان پر زور ديا تھا کہ وہ مہاجرين کے ليے اپنے دروازے کھول دے۔ یہ امر اہم ہے کہ ترکی میں چار ملین مہاجرین پناہ حاصل کیے ہوئے ہیں۔

[pullquote]ترک صدر کے حلیف نے نئی سیاسی پارٹی بنانے کا اعلان کر دیا[/pullquote]

ترکی کے سابق نائب وزیراعظم علی بابا جان نے کہا ہے کہ وہ اپنی سیاسی جماعت قائم کرنے کے لیے ملکی وزارت داخلہ میں ایک درخواست پیر نو مارچ کو جمع کرائیں گے۔ انہوں نے اپنی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کئی ماہ پہلے کیا تھا۔ وہ تقریباً آٹھ ماہ قبل حکمران اے کے پارٹی کی رکنیت سے مستعفی ہوئے تھے۔ انہوں نے گزشتہ برس جولائی میں ایردوآن کی سیاسی جماعت کے ساتھ سنگین اختلافات کی بنیاد پر علیحدگی اختیار کی تھی۔ اپنی پارٹی کے نام کا اعلان وہ پرسوں بدھ کو اپنے حامیوں کے ساتھ کریں گے۔ بابا جان ترکی کی حکمران سیاسی جماعت کے بانی اراکین میں سے ایک ہیں۔ وہ نائب وزیراعظم بننے سے قبل اقتصادیات اور خارجہ امور کے وزیر بھی رہے تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے