14 مارچ 2020 ، کورونا وائرس عالمی خبریں

[pullquote]کورونا وائرس ؛ صدر ٹرمپ نے امریکا میں ایمرجنسی نافذ کردی[/pullquote]

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کی وبا پر ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہنگامی پریس کانفرنس میں کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ یہ اعلان ملک میں کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والی 41 ہلاکتوں کے بعد کیا گیا ہے۔

امریکی صدر نے ’نیشنل ایمرجنسی‘ کے نفاذ کے لیے اپنے مخصوص صدارتی اختیارات استعمال کیے، جو کہ امریکی تاریخ میں بہت کم بار استعمال ہوئے ہیں۔ قومی ایمرجنسی کے نفاذ سے ’فیڈرل ایمرجنسی منیجمنٹ ایجنسی کو ریاست اور مقامی انتظامیہ کی معاونت اور مدد کرنے کے اختیارات حاصل ہوجائیں گے۔

امریکی صدر کی جانب سے نیشنل ایمرجنسی کے اعلان کے بعد سے ملک بھر میں ہونے والے کھیلوں کے مقابلے، اہم اجتماعات اور تقریبات موخر کردی جائیں گی۔ دفاتر کو ایک ہفتے کے لیے بند کرنے پر غور کیا جارہا ہے جب کہ آئندہ ایک ہفتے میں 14 لاکھ افراد کی اسکریننگ کی جائے گی اور ایک ماہ کے دوران 50 لاکھ افراد کی اسکریننگ کی جائے گی۔

صدر ٹرمپ نے مزید بتایا کہ کورونا وائرس کے تدارک اور ایمرجنسی کے نفاذ کے لیے فوری طور پر 50 ارب ڈالر کی رقم مختص کی گئی ہے۔ ہمارا مقصد اس وبا کو مزید پھیلنے سے فوری طور پر روکنا ہے۔ پریس کانفرنس میں صدر ٹرمپ کے ہمراہ امریکا کے نائب صدر، وزیر صحت اور طبی ماہرین بھی موجود تھے۔

[pullquote]ووہان میں کورونا وائرس ممکنہ طور پر امریکی فوج ساتھ لائی، چین[/pullquote]

بیجنگ: چین نے پہلی بار ووہان میں کورونا وائرس کو لانے کے شک کا اظہار امریکا پر کیا ہے۔

چین کے محکمہ خارجہ کے ترجمان لی جیان ژاؤ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سلسلہ وار ٹوئٹس کی ہیں جن میں کورونا وائرس کے مرکز ووہان شہر میں اس مہلک وائرس کو لانے کا الزام امریکی فوج پر عائد کیا گیا ہے۔ اپنے الزام کے ثبوت میں ترجمان لی جیان ژاؤ نے امریکی سینیٹ میں انفلوئنزا سے متعلق اجلاس کی ویڈیو بھی شیئر کی۔

چین کے محکمہ خارجہ کے ترجمان لی جیان ژاؤ نے امریکی صحت کے ادارے ’سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری ونشن‘ کے نمائندے رابرٹ ریڈ فیلڈ کی سینیٹ ارکان کو بیماریوں کے پھیلاؤ سے متعلق بریفنگ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ انفلوئنزا کو کووڈ 19 وائرس کہا جا رہا ہے جس سے ثابت ہو رہا ہے کہ کورونا وائرس سب سے پہلے چین کے شہر ووہان میں نہیں بلکہ امریکا میں رپورٹ ہوا اور مبینہ طور پر وہیں سے چین آیا۔

ترجمان محکمہ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ امریکا میں انفلوئنزا سے 20 ہزار اموات بھی ہوئیں اور اس سے ساڑھے 3 کروڑ تک افراد متاثر بھی ہوئے، اب اس بات کی وضاحت دینا ہوگی کہ انفلوئنزا کیسز میں سے کتنے کیسز نئے کورونا وائرس کے تھے۔ امریکا انفلوئنزا کے شکار مریضوں کے نام، سفری تفصیلات اور طبی مراکز کا ریکارڈ بھی دے۔

چینی ترجمان لی جیان ژاؤ نے الزام عائد کیا کہ ’سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری ونشن‘ کی بریفنگ سے اس بات کا امکان پیدا ہوگیا ہے کہ کورونا وائرس پہلے امریکا میں رونما ہوا اور پھر وہاں سے امریکی فوجی اس مہلک وائرس کو چین کے شہر ووہان لے کر آئے۔

امریکا کی جانب سے چینی وزرات خارجہ کے ترجمان لی جیان ژاؤ کے اس الزام پر کسی قسم کا تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔

[pullquote]دنیا بھر میں کورونا وائرس کے 5400 مریض ہلاک، 71 ہزار مریض صحت یاب[/pullquote]

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 لاکھ 44 ہزار سے زائد ہوگئی، وائرس سے 5 ہزار400 افراد ہلاک جب کہ 71 ہزار کے قریب صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ 67 ہزار 800 افراد تاحال زیر علاج ہیں۔

[pullquote]چین[/pullquote]

عالمی میڈیا کے مطابق چین میں اب تک اس وائرس کے 80 ہزار 815 کیسز سامنے آچکے ہیں جب کہ 8 مزید اموات کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 177 ہوچکی ہے۔ چین میں اس مرض پر قابو پالیا گیا ہے، 80 ہزار مریضوں میں سے 64 ہزار سے زائد صحت یاب ہوچکے ہیں اور 13ہزار زیر علاج ہیں۔

[pullquote]اٹلی[/pullquote]

چین کے بعد اس وقت اٹلی سب سے زیادہ متاثرہ ملک کے طور پر سامنے آیا ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 250 جان کی بازی ہار گئے اور وہاں اموات کی تعداد 1266 ہوگئی ہے جب کہ 17 ہزار 660 کورونا کا شکار بن چکے ہیں۔

[pullquote]ایران[/pullquote]

کورونا سے تباہ کاریوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ایران براجمان ہے جہاں مزید 85 ہلاکتوں کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 514 ہوچکی ہے جب کہ 13 سو نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد ساڑھے گیارہ ہزار کے لگ بھگ ہوگئی ہے۔

[pullquote]امریکا[/pullquote]

دریں اثنا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا سے ہلاکتوں میں اضافے کے باعث ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی۔ امریکا میں اس وقت تک کورونا وائرس سے 41 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ نئے 377 کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 2 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔

[pullquote]اسپین[/pullquote]

چین، اٹلی، ساؤتھ کوریا اور ایران کے بعد اسپین میں معاملہ مزید خراب ہوتا جارہا ہے، وہاں حال ہی میں 36 ہلاکتیں ہوئی ہیں، مجموعی ہلاکتیں 122 جب کہ 1188 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے ساتھ ہی مریضوں کی تعداد 4 ہزار 334 ہوگئی ہے۔

[pullquote]ساؤتھ کوریا[/pullquote]

کورونا سے مزید 5 ہلاکتوں کے بعد ساؤتھ کوریا میں اموات کی تعداد 71 جب کہ کیسز کی تعداد 8 ہزار ہوچکی ہے۔

[pullquote]اٹلی میں کورونا کے مریضوں کی تعداد چین سے بھی زیادہ ہوگئی، مزید 250 ہلاک[/pullquote]

اٹلی میں کورونا وائرس کے باعث مزید 250 افراد ہلاک ہوگئے اور مریضوں کی تعداد چین سے بھی زیادہ ہوگئی۔

اٹلی میں کوروناوائرس کےمزید2 ہزار 547 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد اٹلی میں کورونا وائرس کے زیر علاج مریضوں کی تعداد چین سے بھی تجاوز کر گئی۔

چین میں64 ہزار افراد کےصحت یاب ہونے کے بعد کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد13ہزار 486 ہے جبکہ اٹلی میں کورونا وائرس کےمریضوں کی تعداد 14 ہزار 955 تک پہنچ گئی ہے۔

اٹلی میں اب تک ایک ہزار 266 افراد کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہوچکے ہیں۔

[pullquote]کورونا وائرس کا خوف: برطانیہ میں بلدیاتی انتخابات آئندہ برس تک ملتوی[/pullquote]

کورونا وائرس کے پیش نظر برطانیہ میں رواں سال مئی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات ایک سال کے لیے ملتوی کردیے گئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق رواں سال مئی میں برطانیہ کی 118 کونسلز، لندن اسمبلی اور 7 ریجنل میئرز کے الیکشن ہونا تھا۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ لندن میئر، انگلینڈ اور ویلز کے پولیس اور کرائم کمشنر کے الیکشن ہونا تھے جنہیں ایک سال کے لیے ملتوی کردیاگیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے رواں برس مئی میں ہونے والے انتخابات کو ایک سال کے لیے ملتوی کردیا ہے۔ حکومتی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ کے سبب شیڈول کے مطابق انتخابات کرانا ممکن نہیں۔

یہ دوسرا موقع ہے کہ برطانیہ کے بلدیاتی اداروں کے الیکشن ملتوی کیے گئے ہیں، اس سے قبل 2001 میں ’فُٹ اینڈ ماؤتھ‘ نامی بیماری پھیلنے کے سبب انتخابات تاخیر کا شکار ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روزبرطانوی الیکشن کمیشن کی جانب سے بھی الیکشن مؤخر کرنے کا کہا گیا تھا۔

[pullquote]لندن میراتھن بھی مؤخر[/pullquote]

دوسری جانب کورونا وائرس کے باعث لندن میراتھن بھی منسوخ کردی گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق لندن میراتھن 26 اپریل کو ہونا تھی لیکن اب میراتھن بھی اکتوبر تک مؤخر کردی گئی ہے۔

یاد رہے کہ برطانیہ میں بھی کورونا وائرس کے باعث 11 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 798 ہوگئی ہے۔

چین سے دنیا بھر میں پھیلنے والے مہلک وائرس سے چین میں 3177 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 80 ہزار سے زائد متاثر ہیں۔

چین کے علاوہ اٹلی، ایران اور امریکا سمیت دیگر ممالک میں 2100 سے زائد افراد زندگی کی بازی ہارچکے ہیں۔

[pullquote]کورونا وائرس سے دنیا میں بڑی بڑی شخصیات متاثر[/pullquote]

چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے مہلک کورونا وائرس سے دنیا میں بڑی بڑی شخصیات متاثر ہوگئیں۔

کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ صوفی ٹروڈو میں وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

آسکر ایوارڈ یافتہ آسٹریلوی اداکار ٹام ہینکس اور ان کی اہلیہ کورونا وائرس میں مبتلا

جسٹس ٹروڈو کورونا وائرس کی وجہ سے قرنطینہ میں رہنے والے پہلے عالمی رہنما بن گئے ہیں۔

اس کے علاوہ آسٹریلین وزیرداخلہ میں کورونا وائرس کی وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جنہوں نے چند روز پہلے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ سے ملاقات کی تھی۔

اس کے علاوہ اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں فلپائنی سفیر میں کورونا وائرس پایا گیا۔

اس کے علاوہ اسپین کی ملکہ میں بھی کورونا وائرس کی موجودگی کا شبہ ظاہر کیا گیا کیوں کہ انہوں نے حال ہی میں حکومتی وزیر سے ملاقات کی تھی جس میں وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

تاہم فی الحال اسپین کی ملکہ لیٹیزیا کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس 125 سے زائد ملکوں تک پھیل گیا ہے، دنیا بھر میں ہونے والی اموات کی تعداد5 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔

دنیا بھر میں ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے،اب تک 70 ہزار سے زائد صحت یاب ہوچکے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے