جمعرات : 19 مارچ 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]’ایران میں کورونا وائرس سے ہر 10منٹ میں ایک شخص کی موت'[/pullquote]

ایران کی وزارت صحت کے مطابق ایران میں کورونا وائرس سے ہر 10 منٹ میں ایک شہری کی موت واقع ہو رہی ہے۔ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہاںپور کا کہنا ہے کہ ہے کہ تقریباً ہر ایک گھنٹے میں 50 ایرانی شہری کورونا وائرس میں مبتلا ہو رہے ہیں ۔ترجمان نے اپنی ٹوئٹ میں لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس سال نئے سال کا تہوار نوروز بھی گھروں میں منائیں۔ ایران میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد چار ہندوں تک پہنچ گئی ہےاور 1135 ایرانی شہری اب تک کورونا کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ایران کے ڈپٹی وزیر صحت علی رضا رئیسی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 147 شہری ہلاک ہوئے جب کہ 1192 نئے کیسز بھی سامنےآئے جس کے بعد ایران میں متاثرہ افراد کی تعداد 17 ہزار 361 ہو گئی ہے۔ایران کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔ دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد سو دو لاکھ ہو چکی ہے جن میں سے 84 ہزار مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

[pullquote]نیوزی لینڈ نے غیرملکیوں کے لیے اپنی سرحدیں بند کر دیں[/pullquote]

نیوزی لینڈ نے تمام غیرملکیوں کے لیے اپنی سرحدیں بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس اقدام کی وجہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا انسداد ہے۔ وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ ان تازہ ضوابط میں تاہم نیوزی لینڈ کے شہریوں کے علاوہ مستقل رہائشیوں کو استثناء حاصل رہے گا۔ ان تازہ ہدایات میں صحت کے شعبے سے وابستہ ماہرین کو بھی چھوٹ دی گئی ہے۔ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت ایسے غیرملکی وزٹرز سے پریشان ہے، جو نیوزی لینڈ پہنچنے کے بعد خود کو رضاکارانہ طور پر قرنطینہ نہیں کر رہے۔ انہوں نے ان تازہ سفری پابندیوں کی وجوہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس صورت حال کی وجہ سے ملک کو ایک ناقابل قبول خطرے کا سامنا ہے، جس کا خاتمہ ضروری ہے۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ میں گزشتہ 48 گھنٹوں میں 18 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ نیوزی لینڈ میں کووِڈ 19 سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 28 ہو چکی ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس سے جنگ، ٹیسلا کی وینٹیلیٹرز بنانے کی پیشکش[/pullquote]

ٹیکنالوجی ادارے ٹیسلا کے سربراہ ایلون مُسک نے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے وینٹیلیٹرز بنانے کی پیشکش کی ہے۔ اس سے قبل امریکا نے حفاظتی ماسکس عطیہ کرنے سے متعلق اپیل جاری کی تھی۔ بدھ کے روز عالمی ادارہ صحت نے بھی کہا تھا کہ وہ چین اور دیگر ممالک کے ساتھ بات چیت میں مصروف ہے تاکہ صحت سے متعلق آلات حاصل کیے جا سکیں۔ بتایا گیا ہے کہ جنرل موٹرز اور فورڈ موٹرز نے بھی آلات کی تیاری سے متعلق امریکی حکومت سے رابطہ کیا ہے۔ٹیسلا کے چیف ایگزیکیوٹیو ایلون مُسک نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ اگر وینٹیلیٹرز کی کمی ہے، تو ان کا ادارہ تیار کر سکتا ہے۔

[pullquote]امریکا میں کورونا وائرس کے خلاف دو عمومی ادویات کا ٹیسٹ[/pullquote]

امریکی محققین نے کورونا وائرس کے خلاف مطالعاتی بنیادوں پر دو کم قیمت عمومی ادویات کے ٹیسٹ شروع کر دیے ہیں۔ اس دوا کے ذریعے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی بیماری کےعلاج میں مدد کی توقع ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ کووِڈ 19 کی بیماری کی اب تک کوئی دوا موجود نہیں ہے۔ اس بیماری میں مبتلا مریضوں کو سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا ہوتا ہے اور اس وقت ایسے مریضوں کو فقط سانس لینے میں سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ تاہم بتایا گیا ہے کہ یونیورسٹی آف میناسوٹا نے کووِڈ انیس کی سنگینی کو کم کرنے والی دو آزمائشی ادویات کا 15 سو افراد پر تجربہ شروع کیا ہے۔

[pullquote]اسپین میں ایک رات میں کورونا وائرس سے دو سو سے زائد ہلاکتیں[/pullquote]

اسپین میں گزشتہ شب کورونا وائرس سے دو سو نو افراد ہلاک ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ اس طرح اسپین میں اس متعدی وبا سے ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعدادسات سو 67 تک جا پہنچی ہے۔ ہسپانوی وزارت صحت کے مطابق ملک میں اب تک 17 ہزار ایک سو 47 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔

[pullquote]جرمنی نے مہاجرین قبول کرنے کا سلسلہ بند کر دیا[/pullquote]

جرمنی نے انسانی بنیادوں پر مہاجرین قبول کرنے کا سلسلہ روکنے کا اعلان کیا ہے۔ جرمنی کی وزارت داخلہ کے ایک ترجمان کے حوالے سے جرمن نشریاتی ادارے فنکے میڈیا گروپ نے بتایا کہ یہ اقدام کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے انسداد کے لیے کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق جرمن حکومت نے ملک میں داخلے کے حوالے سے سفری پابندیاں عائد کی ہیں، جس کا مطلب ہے کہ انسانی بنیادوں پر مہاجرین قبول کرنے کا سلسلہ روک دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہےکہ عالمی ادارہ برائے مہاجرت IOM اور اقوام متحدہ کے کمشنر برائے مہاجرین UNHCR نے بھی منگل کو مہاجرین کو قبول کرنے کے پروگرام بند کر دیے ہیں۔

[pullquote]انڈونیشیا میں تبلیغی اجتماع روک دیا گیا[/pullquote]

انڈونیشیا نے ایک بڑے مسلم عبادتی اجتماع کو روک دیا ہے اور وہاں موجود نو ہزار افراد کو قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق حکام کا کہنا ہے کہ قرنطینہ میں رکھے گئے افراد کی صحت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ انڈونیشیا میں تبلیغی جماعت کا ایک چار روزہ اجتماع سولاویسی جزیرے کے جنوب میں ایک مسلم بوڈنگ اسکول میں منعقد ہو رہا تھا۔ ملائیشیا میں بھی فقط تین ہفتے قبل ایسا ہی ایک اجتماع ہوا تھا جب کہ حکام کا کہنا ہے کہ ملائیشیا میں اس وقت کورونا وائرس کے 790 مصدقہ کیسز میں سے دو تہائی اسی اجتماع کے شرکاء میں تشخیص کیے گئے۔ انڈونیشیا میں اب تک 227 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، جب کہ یہاں ہلاکتوں کی تعداد 19 ہے۔

[pullquote]اقوام متحدہ کے ادارہ برائے فلسطینی ریفوجی ایجنسی کے نئے سربراہ کا اعلان[/pullquote]

اقوام متحدہ کے فلسطینیوں کی بہبود کے ادارے UNRWA کے نئے سربراہ کے نام کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیریش نے بدھ کے روز اس ادارے کی سربراہی کے لیے سوئس ہیومینیٹرین ماہر فیلیپے لازارینی کے نام کا اعلان کیا۔ یہ بات اہم ہے کہ فلسطینیوں کی بہبود کا عالمی ادارہ امریکی امداد روکے جانے کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔ لازارینی انسانی بنیادوں پر امداد کے حوالے سے تیس سالہ تجربے کے حامل ہیں اور اس وقت لبنان میں اقوام متحدہ کے ہیومینیٹرین شعبے کے سربراہ کے بطور خدمات انجام دے رہے ہیں۔

[pullquote]ایرانی سپریم لیڈر نے مزید دس ہزار قیدیوں کی معافی کا اعلان کر دیا[/pullquote]

ایرانی سرکاری ٹی وی چینل کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ملکی جیلوں میں قید مزید دس ہزار افراد کو معافی دے دی ہے۔ عدلیہ کے ترجمان غلام حسین اسماعیلی نے بتایا کہ اس میں متعدد ایسے قیدی بھی شامل ہیں، جو سکیورٹی سے متعلق مختلف الزامات میں قید تھے۔ قیدیوں کی معافی کا یہ حکم نامہ نئے ایرانی سال نوروز کے موقع پر جاری کیا گیا۔ مختلف مواقع پر ایرانی سپریم لیڈر قیدیوں کی رہائی کا اعلان کرتے ہیں۔ گزشتہ برس بھی انہوں نے سن 1979 کے ایرانی اسلامی انقلاب کی 40 ویں سال گرہ کے موقع پر پچاس ہزار سے زائد قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا تھا۔

[pullquote]امریکا نے دنیا بھر میں ویزا سروس معطل کر دی[/pullquote]

امریکی محکمہ خارجہ نے دنیا بھر میں امریکی ویزہ سروس معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے تناظر میں کیا گیا۔ ان ہدایات کے مطابق دنیا بھر میں قائم امریکی سفارت خانے اور قونصل خانے اب آئندہ ہدایات تک ویزہ سروس بند رکھیں گے۔ محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ بہت سے ممالک میں غیرامریکی شہریوں کے لیے عمومی ویزہ سروس بند کی جا رہی ہے۔ محکمہ خارجہ نے تاہم ان ہدایات سے متاثرہ ممالک کی فہرست یا ویزہ سروس کی بحالی سے متعلق تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔

[pullquote]یورپی مرکزی بینک کے اقدامات، ماکروں کی مکمل حمایت[/pullquote]

فرانسیسی صدر امانوئل ماکروں نے کورونا وائرس بحران کے تناظر میں یورپی مرکزی بینک کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ جمعرات کے روز انہوں نے کہا کہ وہ یورپی مرکزی بینک کے اقدامات کے مکمل حامی ہیں، تاہم ان کا کہنا تھا کہ اب یورپی یونین کی رکن ریاستوں کو مالیاتی یک جہتی کے ذریعے یورو زون کی معیشت کے استحکام کے لیے ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔ یورپی مرکزی بینک نے بدھ کو ایک ہنگامی اجلاس میں 750 ارب یورو کے بونڈ کے اجزا کا اعلان کیا تھا۔ اس کا مقصد کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی کساد بازاری کا انسداد ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے