اتوار : 22 مارچ 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]نوول کرونا وائرس کی وجہ سے تیرہ ہزار افراد ہلاک[/pullquote]

اتوار کے دن دنیا بھر میں نئے کورونا وائرس کی وجہ سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 307,200 تک پہنچ گئی ہے۔ اس عالمگير وبا کی وجہ سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد تیرہ ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔ بانوے ہزار افراد کووڈ انيس ميں مبتلا ہونے کے بعد صحت ياب بھی ہو چکے ہيں، جن کی اکثريت چين ميں ہے۔ حفاظتی اقدامات کے طور پر دنیا کے کئی ممالک میں لاکھوں افراد کو گھروں میں رہنے کی تاکید کر دی گئی ہے۔

[pullquote]ايرانی سپريم ليڈر نے مدد کی امريکی پيشکش ٹھکرا دی[/pullquote]

ايرانی سپريم ليڈر آيت اللہ خامنہ ای نے کورونا وائرس کی عالمی وبا سے نمٹنے کے ليے امريکی مدد کی پيشکش ٹھکرا دی ہے۔ اپنی تقرير ميں ايرانی سپريم ليڈر نے چند حلقوں ميں گردش کرنے والے اس سازشی نظریے کو فروغ دیا، جس کے مطابق نيا کورونا وائرس امريکا ميں کسی ليبارٹری ميں تيار کيا گيا۔ گو کہ اس بارے ميں نہ تو کوئی مستند معلومات موجود ہيں اور نہ ہی کوئی شواہد۔ دريں اثناء ايران ميں آج بروز اتوار کووڈ انيس کے باعث مزيد 129 افراد کی ہلاکت کے بعد ملک ميں اس وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی مجموی تعداد 1,685 ہو گئی ہے۔ ايران ميں کووڈ انيس کے مريضوں کی تعداد 21,638 ہے۔

[pullquote]پينتاليس ميں نتيجہ بتانے والے کورونا ٹيسٹ کی منظوری[/pullquote]

امريکی ہيلتھ ريگوليٹر ’يو ايس فوڈ اينڈ ڈرگ ايڈمنسٹريشن‘ (FDA) نے ہنگامی بنيادوں پر فيصلہ ليتے ہوئے اس ٹيسٹ کی منظوری دے دی ہے، جس کے ذريعے کسی مريض ميں صرف پينتاليس منٹ ميں نئے کورونا وائرس کی موجودگی يا عدم موجودگی کا پتہ چلايا جا سکتا ہے۔ ٹيسٹ ميں استعمال ہونے والا آلا کيلی فورنيا کی کمپنی ’سيفائيڈ‘ نے تيار کيا ہے۔ دنيا بھر ميں ايسے تيئس ہزار آلات موجود ہيں۔ کورونا ٹيسٹ ميں جلد نتيجے کو علاج اور وبا کو کنٹرول کرنے کی کوششوں ميں اہم قرار ديا جا رہا ہے۔ ايف ڈی نے اس عمل کی منظوری ہفتے کی رات دی۔

[pullquote]کورونا کی وجہ سے اٹلی میں صورتحال ابتر ہوتی ہوئی[/pullquote]

یورپ اور امریکا میں نئے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اٹلی میں اس عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد تقریباً ساڑھے چھ ہزار ہو چکی ہے جبکہ صرف ایک دن میں ہی نئی ہلاکتوں کی تعداد آٹھ سو بتائی گئی ہے۔ یوں اس یورپی ملک میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔ ادھر امریکا کی کئی ریاستوں میں لوگوں کو گھروں میں رہنے کی تاکید کر دی گئی ہے۔

[pullquote]بھارت ميں ملک گير لاک ڈاؤن، بين الاقوامی پروازوں پر پابندی[/pullquote]

نئے کورونا وائرس کے پھيلاؤ کو روکنے کے ليے آج بروز اتوار بھارت ميں ايک دن کے ليے ملک گير سطح پر لاک ڈاؤن نافذ کر ديا گيا ہے۔ يوں ايک بلين سے زائد افراد اپنے گھروں ميں بند ہيں۔ وزير اعظم نريندر مودی نے اس ہفتے جمعرات کو اپنے عوام سے تاکیدکی تھی کہ وہ اتوار کو خود ساختہ کرفيو کے تحت اپنے اپنے گھروں ميں رہيں تاکہ انفيکشن کے پھيلاؤ کو روکا جا سکے۔ اس حکم نامے پر عملدرآمد مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے سے رات نو بجے تک جاری رہے گا۔ بھارت ميں کورونا وائرس کے باعث ہونے والی بيماری کووڈ انيس کے شکار افراد کی تعداد اس وقت تک تين سو سے زائد ہے۔ آج سے ايک ہفتے کے ليے تمام بين الاقوامی پروازوں کی بھارت آمد پر بھی پابندی ہے۔

[pullquote]افغانستان میں کورونا وائرس کے دس نئے کیس[/pullquote]

افغانستان میں کورونا وائرس کے نئے دس کیس سامنے آئے ہیں۔ اتوار کے دن وزیر صحت فیروز الدین فیروز نے بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ستانوے مشتبہ افراد کے ٹیسٹ کیے گئے، جن میں دس کے نتائج مثبت آئے۔ یوں جنگ سے تباہ حال اس ملک میں اس عالمی وبا میں مبتلا ہونے والے کل افراد کی تعداد چونتیس ہو گئی ہے۔ فیروز نے خبردار کیا ہے کہ کووڈ انیس کی وجہ سے دارالحکومت کابل کی چھ ملین آبادی کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

[pullquote]امریکا کا غیر ضروری سفر نہ کیا جائے، جاپانی وزارت خارجہ[/pullquote]

جاپانی وزارت خارجہ نے عوام سے کہا ہے کہ وہ امریکا سفر کرنے سے اجتناب کریں۔ وزير خارجہ نے کہا کہ ’نئے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے لوگ امریکا کا غیر ضروری اور غیر ہنگامی سفر نہ کریں‘۔ ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اس عالمی وبا کے تناظر میں سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ امریکا کی متعدد ریاستوں نے بھی سفر نہ کرنے کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔

[pullquote]بھارت ميں ماؤ نواز باغيوں کا بڑا حملہ، سترہ پوليس اہلکار ہلاک[/pullquote]

بھارت ميں ماؤ نواز باغيوں کے ايک بڑے حملے ميں ملکی سکيورٹی فورسز کے سترہ اہلکار مارے گئے۔ پوليس سپرنٹنڈنٹ شلاب سنہا نے بتايا کہ لگ بھگ تين سو باغيوں نے رياست چھتيس گڑھ کے سکما نامی ضلعے ميں پوليس کمانڈوز کے ايک قافلے کو گھات لگا کر حملے کا نشانہ بنايا۔ حملے ميں پندہ اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ پوليس کی جوابی کارروائی ميں چار ماؤ باغی مارے گئے۔ بعد ازاں اس علاقے ميں پوليس کی بھاری نفری تعينات کر دی گئی۔ بھارت ميں ماؤ نواز باغی جھاڑ کھنڈ، مغربی بنگال، اڑيسہ، بہار، چھتيس گڑھ، مہاراشٹرا اور اندھرا پرديش اور ديگر رياستوں ميں سن 1960 کی دہائی سے مسلح تحريک جاری رکھے ہوئے ہيں۔

[pullquote]بنگلہ ديش ميں ٹريفک حادثہ، متعدد افراد ہلاک[/pullquote]

بنگلہ ديش ميں ايک ٹريفک حادثے ميں کم از کم تيرہ افراد ہلاک ہو گئے ہيں۔ پوليس سپرنٹينڈنٹ رشيد الحق نے بتايا کہ يہ حادثہ ايک تيز رفتار ٹرک اور مسافر بس کے ٹکرانے سے ہفتے کی رات چٹاگانگ ڈسٹرکٹ ميں ہوا۔ دس افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ تين ہسپتال ميں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ تين مزيد افراد زخمی بھی ہيں۔ اتوار کی صبح تک ريسکيو کارروائی جاری تھی۔ بنگلہ ديش اور ديگر جنوبی ايشيائی ممالک ميں ايسے ٹريفک حادثات ميں سالانہ ہزاروں افراد ہلاک ہو جاتے ہيں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے