منگل: 24 مارچ 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]سابق وزیراعلیٰ مقبوضہ کشمیر عمر عبداللہ 8 ماہ بعد رہا[/pullquote]

مقبوضہ کشمیر میں 8 ماہ سے زیرحراست نیشنل کانفرنس کے رہنما و سابق وزیراعلیٰ عمرعبداللہ کو رہا کردیا گیا۔ بھارتی غاصب فوج نے مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت ختم کرنے سے قبل ہی 5 اگست کو فاروق عبداللہ اور محبوبہ مفتی سمیت پوری قیادت کو گرفتار کرلیا تھا۔گزشتہ دنوں مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ کو رہا کیا گیا تھا تاہم اب ان کے صاحبزادے عمر عبداللہ کو بھی بھارتی فوج نے رہا کردیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عمر عبداللہ 8 ماہ سے زیرحراست تھے جنہیں صحت کے مسائل بھی تھے۔ بھارتی فوج کی جانب سے رہائی کے بعد عمر عبداللہ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے والدین کے ساتھ تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ 8 ماہ بعد والدین کے ساتھ کھانا کھا رہے ہیں۔

[pullquote]سعودی عرب میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت، متاثرہ افراد کی تعداد 700 سے تجاوز[/pullquote]

سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ میں کورونا وائرس کے باعث ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کے بعد یہ مملکت میں ہونے والی مہلک وائرس سے پہلی ہلاکت ہے۔سعودی وزارت صحت نے ملک میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مدینہ منورہ میں کورونا وائرس کا شکار 51 سال کا افغان شہری انتقال کرگیا ہے۔ ترجمان وزارت صحت کے مطابق سعودی عرب میں مزید 205 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 767 ہوگئی ہے۔

[pullquote]چینی صوبے ہوبے کا لاک ڈاؤن کافی حد تک ختم[/pullquote]

کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ چینی صوبے ہوبے کے لاک ڈاؤن میں کافی حد تک نرمی کر دی گئی ہے۔ جاری کیے جانے والے سرکاری بیان کے مطابق تندرست شہریوں کو یہ صوبہ چھوڑنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ گزشتہ دو ماہ سے اس صوبے کا رابطہ باقی دنیا سے کاٹ دیا گیا تھا۔ صوبائی دارالحکومت ووہان ابھی بھی سات اپریل تک بند رہے گا۔ دنیا میں اسی صوبے سے کورونا وائرس کا آغاز ہوا تھا۔

[pullquote]امریکا نے افغانستان کے لیے مالی امداد میں کمی کر دی[/pullquote]

امریکا نے افغانستان کے لیے مالی امداد میں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ گزشتہ روز افغانستان کا اچانک دورہ کرنے والے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ امریکا ایک ارب ڈالر کی امداد کم کر دے گا اور سن دو ہزار اکیس میں بھی تقریباﹰ اتنی ہی رقم ادا نہیں کی جائے گی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق واشنگٹن اس طرح کابل حکومت پر دباؤ بڑھا رہا ہے کیوں کہ امریکا اور صدر اشرف غنی کے مابین اختلاف رائے پیدا ہو چکا ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس کے نتائج، یورو گروپ کا مشاورتی اجلاس[/pullquote]

یورپی معیشت پر کورونا وائرس کے منفی نتائج کے حوالے سے یورو گروپ کے وزرائے خزانہ نے منگل کو ایک مشاورتی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اس اجلاس میں کاروباری اداروں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے نئے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔ گزشتہ روز یورپی یونین کے وزرائے خزانہ نے پہلی بار قرض اور خسارے کے قواعد کو ختم کردیا تھا تاکہ حکومتیں بڑے پیمانے پر امدادی پروگرام شروع کر سکیں۔

[pullquote]مصری سکیورٹی فورسز پر جیل میں بچوں پر تشدد کرنے کا الزام[/pullquote]

ہیومن رائٹس واچ نے مصری سکیورٹی فورسز پر جیلوں میں بچوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا ہے۔ انسانی حقوق کی اس بین الاقوامی تنظیم کے مطابق بارہ برس کی عمر تک کے بچوں کو بھی قید میں ’واٹر بورڈنگ‘ اور بجلی کے جھٹکے لگانے جیسی اذیتیں دی جاتی ہیں۔ ساتھ ہی سکیورٹی فورسز مختلف طرح کی زیادتیاں بھی کر رہی ہیں جن میں بچوں کی جبراً گمشدگی، اندھا دھند گرفتاری اور جیلوں میں ان کو اذیت دینے جیسے معاملات شامل ہیں۔ ہیومن رائٹس واچ نے یہ رپورٹ بارہ سے سترہ برس کی عمر کے ان بیس بچوں کے ساتھ بات چیت کی بنیاد پر تیار کی ہے، جنہیں جیل میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

[pullquote]بیرونی ممالک میں پھنسے ہوئے ایک لاکھ بیس ہزار جرمن سیاح واپس[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ کے مطابق کورونا وائرس بحران کی وجہ سے بیرونی ممالک میں پھنسے ہوئے ایک لاکھ بیس ہزار سیاحوں کو ملک میں واپس لایا گیا ہے۔ مجموعی طور پر اس بحران سے تقریبا دو لاکھ جرمن سیاح متاثر ہوئے ہیں۔ وزیر خارجہ ہائیکو ماس کے مطابق وہ ابھی تک دور دراز کے ممالک چلی، میکسیکو، نیوزی لینڈ اور گیمبیا جیسے ممالک پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق متعدد ہوائی اڈے بند ہونے کی وجہ سے مسائل میں اضافہ ہو گیا ہے۔ حکومت نے مزید پینتیس چارٹر پروازوں کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد تین لاکھ سے متجاوز، ڈبلیو ایچ او[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت کے مطابق کورونا وائرس دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہا ہے اور دنیا بھر میں اس سے متاثرہ افراد کی تعداد تین لاکھ اسی ہزار سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ دریں اثناء ابھی تک ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر سولہ ہزار پانچ سو تک پہنچ گئی ہے۔ تاہم ڈبلیو ایچ او کے مطابق ابھی بھی اس کے پھیلاؤ کو سست رفتار بنایا جا سکتا ہے۔ اس وائرس کے پھیلاؤ کی رفتار کو سست بنانے کے لیے دنیا کے متعدد ممالک لاک ڈاؤن کر چکے ہیں جبکہ دنیا کے سائنسدان اس کی ویکسین ابھی تک تیار نہیں کر پائے ہیں۔

[pullquote]چین میں کورونا وائرس کے نئے کیس، دوسری لہر شروع ہونے کا خوف[/pullquote]

چینی حکام نے ہلاکت خیز کورونا وائرس کے اٹھہتر نئے کیسز کی تصدیق کی ہے۔ ان میں سے زیادہ تر افراد بیرون ملک اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ چین کے سرکاری میڈیا نے اس حوالے سے کورونا وائرس کی ایک نئی لہر سے خبردار کیا ہے۔ چین میں ابھی تک اس وائرس سے اکیاسی ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد تقریبا تین ہزار دو سو اسی بنتی ہے۔ دوسری جانب چین میں کورونا وائرس سے متاثرہ علاقوں میں زندگی معمول کی جانب جانا شروع ہو گئی ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس : ٹوکیو اولمپکس 2020 ایک سال کیلئے ملتوی[/pullquote]

کورونا وائرس کے باعث جاپان میں ہونے والے ٹوکیو اولمپکس 2020 ایک سال کے لیے ملتوی کردیے گئے۔بین الاقوامی اولمپک کمیٹی ( آئی او سی) اور ٹوکیو اولمپک آرگنائزنگ کمیٹی کی جانب سے مشترکہ بیان میں اولمپکس 2020 ملتوی کرنے کا اعلان کیا گیا۔بیان کے مطابق آئی او سی کے سربراہ تھامس باخ اور جاپانی وزیراعظم شنزو ایبے نے کانفرنس کال پر گفتگو کی جس میں دیگر جاپانی حکام اور اولمپک کمیٹی کے عہدیدار بھی شریک ہوئے۔ دونوں رہنماؤں نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور اولمپک 2020 کے انعقاد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ اولمپک گیمز کو ایک سال کے لیے ملتوی کردینا چاہیے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ اولمپک مشعل جاپان میں ہی رہے گی اور اولمپک گیمز کا نام ٹوکیو اولمپک 2020 ہی رہے گا جب کہ کوشش کی جائے گی کہ یہ مقابلے 2021 کے موسم گرما سے پہلے ہی مکمل ہوجائیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے