علمائے کرام لوگوں کو درس دیں کہ وہ گھروں میں ہی نماز ادا کریں: صدر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے علمائے کرام پر زور دیا ہے کہ وہ مصر کی جامعہ الازہر کے فتوے کی روشنی میں اپنا کردار ادا کریں اور لوگوں کو درس دیں کہ وہ گھروں میں نماز ادا کریں۔

اسلام آباد میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیرصدارت کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے ویڈیو کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں صوبوں کے گورنر اور مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

اس موقع پر صدر مملکت نے علمائے کرام پر زور دیا کہ وہ جامعہ الازہر کے فتوے کی روشنی میں اپنا کردار ادا کریں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ علمائے کرام لوگوں کو درس دیں کہ وہ گھروں میں نماز ادا کریں اور علماء کورونا کے پھیلاؤ سے بچاؤ کےلیے احتیاطی تدابیر بتائیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے علمائے کرام میں اتحاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ بحران سے بچاؤ کا واحد حل سماجی فاصلہ قائم کرنا ہے۔

اس موقع پر علمائے کرام نے کورونا کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی عملے کو خراج تحسین پیش کیا۔

علماء کا کہنا تھا کہ مدارس کے 30 لاکھ بچوں کو چھٹیاں دے چکے ہیں اور مزید احتیاطی تدابیر بھی کی جارہی ہیں، عوام بحران سے بچاؤ کے لیے اللہ سےرجوع کریں اور عبادت کریں۔

[pullquote] جامعہ الازہر کا فتوٰی[/pullquote]

خیال رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مصر کے سفیر کے ذریعے سے شیخ الازہر سے رہنمائی کی درخواست کی تھی جس کے بعد جامعہ الازہر مصر کے علماء کی سپریم کونسل نے کورونا وائرس کے حوالے سے فتوٰی جاری کیا۔

فتوے کے مطابق کورونا وائرس تیزی سے پھیلتا ہے، اسلامی قانون کےعظیم مقاصد میں سے ایک زندگی کوبچانا اورتمام خطرات و نقصانات سے محفوظ رکھنا ہے لہٰذا ہرمسلمان ملک میں ریاستی عہدیداروں کو باجماعت نماز اور نماز جمعہ پرپابندی لگانے کی اجازت ہے۔

فتوے میں کہا گیا ہے کہ انسانی زندگیوں کے تحفظ کے لیے باجماعت اورنمازجمعہ پرپابندی پرعمل کیا جائے۔

فتویٰ میں کہا گیا ہے کہ معمر افراد گھروں پر رہیں، نمازباجماعت اور نماز جمعہ میں شرکت نہ کریں، عوامی اجتماعات بشمول نمازیں اس وائرس کے پھیلاﺅ کا باعث بن سکتے ہیں۔

[pullquote] تبلیغی جماعت کا رائے ونڈ اجتماع منسوخ [/pullquote]

دوسری جانب کورونا کے پیش نظر تبلیغی جماعت کا رائے ونڈ اجتماع بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک ہزاروں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور کئی مسلمان ممالک بشمول سعودی عرب، ترکی، ایران اور متحدہ عرب امارات مساجد میں نماز کی ادائیگی پر پابندی عائد کرچکے ہیں ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے