جمعرات : 09 اپریل 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد قريب ڈيڑھ ملين[/pullquote]

نئے کورونا وائرس کے سبب ہونے والی بیماری کووِڈ انیس کا شکار بننے والے افراد کی دنیا بھر میں تعداد آج بروز جمعرات پندرہ لاکھ کے قريب پہنچ گئی ہے۔ اس مہلک بیماری کے سبب ہلاکتوں کی تعداد اٹھاسی ہزار سے زائد ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا ہے جہاں چار لاکھ بتيس ہزار سے زيادہ افراد اس بیماری میں مبتلا ہیں۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں ہوئیں جن کی تعداد ساڑھے سترہ ہزار سے زيادہ ہے۔ اس مرض سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد تين لاکھ انتيس ہزار سے زائد ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس کی عالمی وباء کے موضوع پر سلامتی کونسل کا اجلاس[/pullquote]

کورونا وائرس کی عالمی وباء کے موضوع پر آج اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس ہو رہا ہے۔ جرمنی کی قيادت ميں سکيورٹی کونسل کے دس ديگر ارکان کی درخواست پر بلائے گئے اس اجلاس ميں وبا سے نمٹنے کی حکمت عملی سميت ان امور پر بھی بات چيت متوقع ہے، جن پر آج کل زيادہ توجہ نہيں دی جا رہی۔ يہ اجلاس ويڈيو کال پر ہو گا۔ اجلاس ميں تيونس کے تيار کردہ ايک مسودے پر بھی رائے شماری ہو سکتی ہے، جس ميں نئے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے ليے ہنگامی بنيادوں پر متحد حکمت عملی اپنانے پر زور ديا گيا ہے۔ فرانس نے بھی ايک قرارداد جمع کرائی ہے جس ميں تمام مسلح تنازعات کو روکنے کی بات کی گئی ہے۔

[pullquote]بنگلہ ديش: کوکس بازار ميں مکمل لاک ڈاؤن نافذ[/pullquote]

بنگلہ ديشی حکام نے کوکس بازار ميں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کر ديا ہے۔ اس ضلعے ميں لگ بھگ ايک ملين روہنگيا مہاجرين پناہ ليے ہوئے ہيں۔ طبی حکام کو خدشہ ہے کہ انتہائی تنگ مکانات و گليوں ميں نيا کورونا وائرس تيزی سے پھيل سکتا ہے۔ فی الحال ان مہاجر کيمپوں ميں کووڈ انيس کا کوئی بھی کيس سامنے نہيں آيا۔ کوکس بازار کے اس علاقے ميں پوليس اور فوج کی بھاری نفری تعينات ہے۔ بتايا گيا ہے کہ صرف کھانے پينے کے سامان اور ضروری اشياء کی سپلائی کے ليے رعايت دی جائے گی۔

[pullquote]کورونا وائرس: عالمی ادارہ صحت تنقيد کی زد ميں[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ ميں عالمی سطح پر يکجہتی پر زور ديا ہے۔ ڈبليو ايچ او کے ڈائريکٹر جنرل نے بدھ کو اپنے بيان ميں ايسے الزامات کو بھی رد کيا کہ وہ اور ان کا ادارہ چين سے کافی قريب ہيں۔ انہوں نے زور ديا کہ وبا سے نمٹنے کے ليے چين اور امريکا الزام تراشی کی بجائے تعاون کا راستہ اختيار کريں۔ ايک روز قبل ہی امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس ادارے کی وبا سے نمٹنے کی حکمت عملی پر تنقيد کی تھی۔ ڈبليو ايچ او پر مختلف حلقوں سے تنقيد جاری ہے۔ کئی ماہرين کا ماننا ہے کہ کووڈ انیس کو عالمگير وبا قرار دينے ميں عالمی ادارہ صحت نے تاخير سے کام ليا، جس سبب ہنگامی اقدامات بھی تاخير سے متعارف کرائے گئے۔

[pullquote]وبا نصف بلين افراد کو غربت کی طرف دھکيل سکتی ہے، رپورٹ[/pullquote]

کورونا وائرس کی وبا دنيا بھر ميں نصف بلين افراد کو غربت کی طرف دھکيل سکتی ہے۔ امدادی گروپ آکسفيم کی نو اپريل کو جاری کردہ رپورٹ ميں موجودہ عالمی وباء کے اقتصادی نتائج کا جائزہ ليا گيا ہے۔ رپورٹ ميں واضح کيا گيا ہے کہ مردوں کی نسبت عورتوں کے ليے يہ صورتحال زيادہ خطرناک ہے۔ وبا کے بعد ترقی پذير ملکوں کی مالی امداد کے ليے ڈھائی کھرب ڈالر درکار ہيں۔ آکسفيم نے خبردار کيا ہے کہ موجودہ بحران سن 2008 کے مالياتی بحران سے زيادہ سنگين ہے۔

[pullquote]برطانوی وزير اعظم کی طبيعت ميں بہتری[/pullquote]

آج بروز جمعرات ڈاکٹروں نے بتايا ہے کہ برطانوی وزیر اعظم کی طبيعت بہتر ہو رہی ہے۔ وزير اعظم بورس جانسن گزشتہ تين دنوں سے انتہائی نگہداشت کے وارڈ ميں ہيں۔ پچپن سالہ جانسن کووڈ انيس ميں مبتلا ہيں اور لندن کے سينٹ تھومس ہسپتال ميں زير علاج ہيں۔ وہ قريب دو ہفتوں سے اس عالمی وبا کا شکار ہيں اور علامات بہتر نہ ہونے کے باعث وہ تين دن قبل ہسپتال منتقل ہو گئے تھے۔ فی الحال جانسن کو وينٹی ليٹر کی ضرورت نہيں پڑی ہے۔ دريں اثناء برطانيہ ميں نئے کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد سات ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

[pullquote]يورپی يونين: پانچ سو بلين يورو کا امدادی پيکج زير غور[/pullquote]

يورپی يونين کے رکن ملکوں کے وزرائے خزانہ ايک امدادی پيکج کو حتمی شکل دينے کی کوششوں ميں ہيں۔ جرمن وزير خزانہ پيٹر آلٹمائر نے اميد ظاہر کی ہے کہ کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے ليے پانچ سو بلين يورو ماليت کے امدادی پيکج پر اتفاق آج ممکن ہو سکے گا۔ وزرائے خزانہ کا اجلاس آج سہ پہر شروع ہو رہا ہے۔ قبل ازيں منگل اور بدھ کو منعقدہ اجلاس ميں رکن ممالک کے وزراء پيکج پر متفق نہيں ہو پائے تھے۔

[pullquote]افغانستان ميں بگرام ايئر بيس پر راکٹ حملہ[/pullquote]

افغانستان کے بگرام ايئر بيس پر جنگجوؤں نے آج بروز جمعرات صبح کے وقت پانچ راکٹ داغے۔ دہشت گرد تنظيم ’اسلامک اسٹيٹ‘ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ ٹویٹر پر جاری کردہ ايک بيان ميں اس تنظيم نے بتايا کہ بيس پر ايک ہيلی پيڈ کو نشانہ بنايا گيا تھا۔ حملے ميں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہيں ہے۔ بگرام ايئر بيس افغانستان ميں تعينات امريکی افواج کے زير انتظام ہے اور يہ ملک کے بڑے ايئر بيسز ميں سے ايک ہے۔ اندازوں کے مطابق اس وقت داعش کے لگ بھگ دو ہزار جنگجو افغانستان ميں سرگرم ہيں۔

[pullquote]رمضان ميں اجتماعات پر پابندی لگائی جا سکتی ہے، خامنہ ای[/pullquote]

ايرانی سپريم ليڈر آيت اللہ علی خامنہ ای نے عنديہ ديا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے تناظر ميں ماہ رمضان کے دوران بڑے مذہبی اجتماعات پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے ٹيلی وژن پر نو اپريل کو نشر کردہ اپنے خطاب ميں يہ بات کہی۔ انہوں نے اپنے عوام سے کہا کہ وہ گھروں پر ہی نمازیں پڑھیں، روزہ رکھے اور عبادت کريں۔ اس کے برعکس صدر حسن روحانی نے يہ حکم جاری کر رکھا ہے کہ ہفتے سے کاروبار و دکانيں جزوی طور پر کھولی جائيں تاکہ لڑکھڑاتی ہوئی ملکی اقتصاديات کو سہارا مل سکے۔ ايران ميں کووڈ انيس کے 67,000 کيسز سامنے آ چکے ہيں اور اب تک چار ہزار ہلاکتيں بھی ہو چکی ہيں۔

[pullquote]سیاستدان برنی سینڈرز نے انتخابی مہم معطل کر دی[/pullquote]

امريکا کی ڈیموکریٹک پارٹی کے سیاستدان برنی سینڈرز نے صدارتی امیدواری کی مہم کو منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تاہم 78 سالہ سیاستدان نے بدھ کے دن اعلان کیا کہ وہ اس مہم کی معطلی کے باوجود اپنے ڈیلیگیٹس کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے اور باقی ماندہ طے شدہ ستائیس پرائمریز میں حصہ لیں گے۔ سینڈرز کے مدمقابل جو بائیڈن کو حالیہ دنوں میں اچھی خاصی سبقت حاصل ہو گئی تھی۔ برنی سینڈرز کے اس فیصلے کے نتیجے میں اب رواں برس نومبر میں منعقد ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابل اب 77 سالہ ڈیموکریٹ سیاستدان جو بائیڈن اتریں گے۔ بائیڈن سن 2009 تا 2017 سابق امریکی صدر باراک اوباما کے نائب تھے۔

[pullquote]سعودی عسکری اتحاد کا یمن میں جنگ بندی کا اعلان[/pullquote]

سعودی عسکری اتحاد نے يمن ميں دو ہفتوں کے لیے جنگ بندی کا اعلان کر دیا ہے۔ جنگ بندی پر عملدرآمد آج نو اپريل سے شروع ہو چکا ہے۔ سعودی قيادت ميں عسکری اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے بدھ کے روز یک طرفہ جنگ بندی کا اعلان کرتے ہوئے بتايا کہ يہ قدم نئے کورونا وائرس کی وبا کے تناظر ميں اٹھايا گيا ہے۔ دو ہفتے کی اس جنگ بندی سے سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومت اور حوثی باغیوں کے درمیان براہ راست امن مذاکرات کا راستہ ہموار ہوسکتا ہے۔ فی الحال حوثی باغیوں یا یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی طرف سے جنگ بندی پر کوئی رد عمل سامنے نہيں آيا ہے۔

[pullquote]شامی حکومت پر کيميائی حملوں کا الزام[/pullquote]

کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کے ليے سرگرم بین الاقوامی ادارے ’آرگنائزیشن فار دی پریوینشن آف کیمیکل ویپنز‘ (او پی سی ڈبلیو) نے شامی صدر بشارالاسد کی حامی افواج پر کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا الزام عائد کیا ہے۔ تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ شامی فضائیہ نے حما اور الطامانہ شہروں پر کیمیائی ہتھیاروں سے حملے کيے۔ یہ حملے 24، 25 اور 30 مارچ سن 2017 میں کیے گئے تھے۔ دمشق حکومت نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں پہلے بھی اسد کی حامی افواج پر کيميائی حملوں کا الزام عائد کرتی رہی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے