رمضان میں عبادات سے متعلق پورے ملک کیلئے یکساں پالیسی ہوگی: وزیر مذہبی امور

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں پورے ملک کیلئے یکساں پالیسی ہوگی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر تمام مذہبی جماعتوں سے رابطہ کریں گے، نمازوں کے معاملے پر کچھ ناخوشگوار واقعات ہوئے جو افسوسناک ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نور الحق قادری کا کہنا تھا رمضان المبارک میں کورونا سے بچاو کیلئے مشترکہ لائحہ عمل طے کریں گے، مولانا فضل الرحمان، سراج الحق، ساجد میر، ساجد نقوی سمیت تمام رہنماؤں سے رابطے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ غیر ضروری بحث شروع ہوگئی تھی کہ زائرین اور تبلیغی جماعت ملک میں کورونا کے ذمہ دار ہیں، یہ بحث زہر آلود تھی، اسپیکر صاحب کی کوششوں سے کورونا پر تفرقہ بازی کم ہونا شروع ہوگئی ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیرداخلہ اعجازاحمد شاہ نے وفاقی وزیربرائےمذہبی امور نورالحق قادری سےملاقات کی اور رمضان المبارک میں ملک بھر کیلئے یکساں لائحہ عمل مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں رمضان المبارک میں عبادات کی ادائیگی کے دوران کوروناکی روک تھام سے متعلق معاملات زیربحث آئے اور فیصلہ کیا گیا کہ تمام فرقوں کے مذہبی رہنماوں سےمشاورت کرکےیکساں لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے تجویز دی کہ لائحہ عمل اور ہدایات ملک بھر کے لیے یکساں ہونی چاہئیں، باضابطہ طور پر ایسے نتیجے پر پہنچاجائےجس سےعبادات میں خلل نہ پڑے، ہرممکن کوشش کی جائے گی کہ اس مہینےسے جڑے مذہبی جوش وخروش کوزندہ رکھا جاسکے، کوروناکےپیش نظرتمام شہریوں کی صحت کے تحفظ اور وائرس کےپھیلاؤکوروکنااولین ترجیحات ہیں،کوشش کریں گے کہ بہترین لائحہ عمل مرتب کرسکیں۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے پیش نظر جزوی لاک ڈاؤن ہے جبکہ مساجد میں نماز پنجگانہ اور نماز جمعہ میں صرف محدود نمازیوں کے ساتھ اجتماعات کی اجازت ہے۔

اس کے علاوہ سعودی عرب میں بھی باجماعت نماز کا سلسلہ محدود کردیا گیا ہے جبکہ نماز تراویح کے حوالے سے بھی خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔

سعودی وزیر برائے اسلامی امور شیخ ڈاکٹر عبداللطیف نے اللہ سے کورونا کی وبا سے جلد از جلد نجات دلانے کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ فرض نمازوں کی مساجد میں ادائیگی نماز تراویح سے زیادہ ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ مساجد میں اجتماع کی صورت میں یا گھروں پر تراویح ادا کریں گے، اللہ رب العزت تمام لوگوں کی عبادات کو قبول فرمائیں۔

سعودی وزیر برائے اسلامی امور نے کورونا وبا کی روک تھام کے لیے کمیٹی برائے شریعہ سائنس کے قیام کی تجویز بھی دی اور عوام سے اپیل کی کہ وبا کے خاتمے کے لیے اللہ پر یقین رکھیں اور حکومت کی جانب سے دی گئی ہدایات پر عمل کریں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے