پیر : 13 اپریل 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کورونا وائرس کے سبب ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 15 ہزار کے قریب[/pullquote]

دنیا بھر میں نئے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 18 لاکھ 59 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ کووڈ انیس کے سبب اموات کی تعداد بھی بڑھ کر ایک لاکھ 15 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ عالمی سطح پر اس بیماری کے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد چار لاکھ 32 ہزار کے قریب ہے۔ جرمنی میں کورونا انفیکشن سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 28 ہزار کے قریب ہے جبکہ یہاں اس بیماری کے سبب ہونے والی اموات 3,022 ہیں۔ جرمنی میں کووڈ انیس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 65 ہزار کے قریب ہے۔

[pullquote]روس میں کورونا وائرس کے ایک دن میں نئے کیسز کی ریکارڈ تعداد[/pullquote]

روسی حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 2,558 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ روس میں یہ کسی ایک دن میں نئے کیسز کی اب تک کی ریکارڈ تعداد ہے جس کے بعد وہاں اس وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 18,328 ہو گئی ہے۔ روس کے کورونا وائرس کرائسز ریسپانس سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس وائرس کے سبب ہلاک ہونے والوں کی تعداد 18 رہی اور اس طرح اب تک کی مجموعی تعداد 148 ہو گئی ہے۔

[pullquote]اسپین نے لاکھوں لوگوں کو کام پر واپس لوٹنے کی اجازت دے دی[/pullquote]

اسپین نے لاکھوں افراد کو اپنے کام پر لوٹنے کی اجازت دے دی ہے۔ کورونا وائرس پھیلنے کے بعد اسپین میں لاک ڈاؤن شروع ہونے کے بعد پہلی مرتبہ اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو کام پر لوٹنے کی اجازت دے گئی ہے۔ میڈیا کے اندازوں کے مطابق تین لاکھ کے قریب افراد صرف دارالحکومت میڈرڈ میں کام پر واپس لوٹے ہیں۔ اس سے قبل محض ایسے لوگوں کو کام پر جانے کی اجازت تھی جو ضروری نوعیت کے کاموں سے ہی منسلک تھے مگر اب فیکٹری اور تعمیراتی مزدوروں کو بھی کام پر لوٹنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

[pullquote]ایمریٹس امریکا، ایشیا اور شمالی افریقہ کے لیے پروازیں چلائے گا[/pullquote]

متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی ایمریٹس ایئر لائن کے مطابق وہ الجزائر، تیونس، جکارتہ، منیلا، تائے پے، کابل اور شکاگو کے لیے محدود پروازیں چلائے گا۔ تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ پروازوں کا یہ سلسلہ کب شروع ہو گا۔ متحدہ عرب امارات محدود پیمانے پر پروازیں صرف ان لوگوں کے لیے چلا رہا ہے، جو فضائی سروس معطل ہونے کے بعد اس ملک سے باہر جانا چاہتے ہیں۔

[pullquote]امریکا میں کوورونا وائرس کے سبب اموات میں مزید اضافہ[/pullquote]

نئے کورونا وائرس کے سبب امریکا میں اموات کی تعداد بڑھ کر اب 22,108 ہو گئی ہے۔ اس وائرس سے دنیا میں سب سے زیادہ متاثرہ اس ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 557,571 ہے۔ امریکا میں سب سے زیادہ اموات ریاست نیویارک میں ہوئی ہیں جن کی تعداد 10 ہزار سے زائد ہے۔کورونا وائرس کے بارے میں اعداد وشمار مرتب کرنے والی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق امریکا میں اب تک 28 لاکھ سے زائد افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

[pullquote]اٹلی میں یومیہ ہلاکتوں کی تعداد میں کمی[/pullquote]

اٹلی میں کورونا وائرس کے سبب ہونے والی روزانہ ہلاکتوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔ اطالوی طبی حکام نے اتوار کے روز بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اموات کی تعداد 431 رہی۔ یہ گزشتہ کئی ہفتوں کے دوران کسی ایک دن میں اموات کی کم ترین تعداد تھی۔ ہفتے کے دن اسی سبب اموات کی تعداد 619 تھی۔ اس جنوبی یورپی ملک میں اب تک کووِڈ انیس کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 20 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے۔ جبکہ وہاں کورونا انفیکشن کا شکار ہونے والوں کی تعداد 156,363 ہے۔

[pullquote]ایردوآن نے وزیر داخلہ کا استعفیٰ نامنظور کر دیا[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے ملکی وزیر داخلہ سلیمان سوئلو کا استعفیٰ نا منظور کر دیا ہے۔ وزیر داخلہ کی طرف سے جمعہ کے روز ملک کے 31 شہروں میں مناسب وقت دیے بغیر کرفیو نافذ کر دیا گیا تھا جس کے باعث لوگوں کو تیاری اور خریداری وغیرہ کرنے کے لیے محض دو گھنٹوں کا وقت ملا تھا۔ اسی سبب سپر مارکیٹس میں افراتفری کے ماحول میں خریداری وغیرہ کی گئی۔ جن شہروں میں یہ کرفیو نافذ کیا گیا تھا ان میں دارالحکومت انقرہ اور استنبول بھی شامل ہیں۔ وزیر داخلہ نے یہ کہتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا کہ وہ اس کرفیو کے فیصلے اور اس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔

[pullquote]اوپیک ممالک تیل کی پیداوار میں ریکارڈ کمی پر متفق[/pullquote]

تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک اور روس تیل کی پیداوار کم کر کے یومیہ تقریباً ایک کروڑ بیرل تک لانے پر رضامند ہوگئے ہیں۔ تیل کی پیداوار میں یہ کمی عالمی سپلائی کا تقریباً دس فیصد ہے۔ تیل کی پیداوار میں کمی کا معاہدہ ہوجانے کے بعد تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں تقریباً پانچ فیصد کا اضافہ ہوا اور یہ 33.08 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ اوپیک اور تیل پیدا کرنے والے ممالک چار دنوں تک جاری رہنے والی بات چیت کے بعد اس معاہدے پر متفق ہوئے۔

[pullquote]جنوبی کوریا امریکا کو چھ لاکھ کورونا ٹیسٹنگ کٹس فراہم کرے گا[/pullquote]

جنوبی کوریا امریکا کو چھ لاکھ کورونا ٹيسٹنگ کٹس بھیجے گا۔ سیول حکام کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی درخواست کے بعد یہ پہلی کھیپ امریکا روانہ کی جائے گی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے 25 مارچ کو اپنے جنوبی کوریائی ہم منصب مون جے اِن کے ساتھ ایک ٹیلی فون کال کے دوران یہ درخواست کی تھی۔ امریکا کی وفاقی ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کا ایک خصوصی کارگو ہوائی جہاز یہ ساز و سامان لے کر کل منگل کے روز سیول سے امریکا روانہ ہو گا۔ جنوبی کوریائی حکام کے مطابق ڈیڑھ لاکھ مزید کورونا وائرس کی موجودگی ٹیسٹ کرنے والی کٹس مستقبل قریب میں امریکا کو فراہم کی جائیں گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے