کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان سمیت دنیا بھر کی معیشتیں سست روی کا شکار ہیں اور ایسے میں گزشتہ کئی روز سے روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ ہورہا تھا۔
تاہم اب یکے بعد دیگرے پاکستانی معیشت کے حوالے سے آنے والی اچھی خبروں کے بعد ڈالر کے مقابلے میں روپیہ تگڑا ہوا ہے اور ایک ہی روز میں ڈالر کی قیمت میں 3 روپے 31 پیسے کی کمی ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز دنیا کی 20 بڑی معیشتوں کے حامل ممالک کے گروپ (جی 20) نے پاکستان سمیت 76 ترقی پذیر ممالک کے ذمہ واجب ادا تقریباً 40 ارب ڈالر کے قرضوں کی ادائیگی کو ایک سال کیلئے مؤخر کرنے کا اعلان کیا تھا جس سے پاکستان کو تقریباً 12 ارب ڈالر کے قرضوں کی واپسی میں ریلیف ملے گا۔
اس کے بعد اسٹیٹ بینک آف پاکستان شرح سود میں 2 فیصد کمی کرکے اسے 9 فیصد پر لے آیا جس پر سرمایہ کاروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور اس کا اثر آج اسٹاک مارکیٹ میں بھی دیکھنے میں آیا۔
پاکستانی معیشت کے لیے تیسری بڑی خبر عالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے پاکستان کیلئے ایک ارب 38 کروڑ ڈالر کے ریلیف پیکیج کی منظوری تھی جس سے پاکستان کے زرمبالہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔
Interbank closing #ExchangeRate for today: https://t.co/WZZqRDZPaw pic.twitter.com/SynCqAyqC4
— SBP (@StateBank_Pak) April 17, 2020
ان تین اہم اقدامات کے بعد انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں 3 روپے 31 پیسے کی کمی واقع ہوئی اور کاروباری دن کے اختتام پر ڈالر 163 روپے 57 پیسے پر بند ہوا۔