وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈویژن معید یوسف نے کہا ہے کہ افغانستان کے ساتھ سرحد کو کھول دیا گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں معید یوسف کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ سرحد بند ہے جبکہ طورخم اور چمن بارڈر کو کھول دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان سے مخصوص تعداد میں پاکستانی واپس آرہے ہیں جن میں سے طورخم بارڈر سے 500 اور چمن بارڈرسے ہفتے میں 300پاکستانی واپس آئیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے پڑوسی ممالک کے ساتھ سرحدوں کو بند کردیا تھا تاہم اس دوران بھارت سے آنے والے شہریوں کو پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔
ایران سے بھی صرف زائرین کو وطن واپسی کی اجازت دی گئی ہے۔
دوسری جانب 13 اپریل کو وفاقی وزارت داخلہ نےکورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر تمام سرحدیں مزید 2 ہفتے تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔